کانٹیکٹ لینز کی پیچیدگیاں
امراض،آنکھوں کے امراض

کانٹیکٹ لینز کی پیچیدگیاں

نظر کی کمزوری دور کرنے کے لیے کانٹیکٹ لینز کا استعمال ایک محفوظ اور آزمودہ طریقہ علاج ہے، بشرطیکہ لینز کا صحیح استعمال کیا جائے۔ تاہم، اگر لینز کے استعمال اور صفائی وغیرہ میں غفلت برتی جائے، تو کانٹیکٹ لینز بھی کئی مسائل کا پیش خیمہ بن سکتے ہیں۔ لہذا ضروری ہے کہ کانٹیکٹ لینز سے جڑی پیچیدگیوں اور ان سے بچاؤ کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کی جائیں۔

 

اگرچہ کانٹیکٹ لینز روایتی نظر کے چشموں کے برعکس استعمال کرنے میں بہت آسان ہوتے ہیں، لیکن کانٹیکٹ لینز کے استعمال سے آنکھوں کی مختلف انفیکشن سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر جب لینز کی صفائی اور حالت پر خاص توجہ نہیں دی جاتی۔ چند عناصر ایسے ہیں جو آنکھوں کی انفیکشن کا خطرہ بڑھا دیتے ہیں، جن میں سب سے نمایاں عنصر لینز لگا کر سونا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق  لینز استعمال کرنے والے افراد میں سے تقریبا ایک تہائی افراد لینز لگا کر سوتے ہیں۔  سونے سے پہلے لینز نہ اتارنا انفیکشن کے خطرے کو چھ سے آٹھ گنا بڑھا دیتا ہے۔ آنکھ میں ہونے والی انفیکشن قوت بینائی میں کمی کا سبب بن سکتی ہیں، حتی کہ سرجری کی نوبت بھی آسکتی ہے۔ریسرچ کے مطابق کانٹیکٹ لینز کا استعمال کرنے والے افراد کی ایک کثیر تعداد انکے خطرات سے بے خبر ہے۔

کانٹیکٹ لینز کے استعمال سے پیش آنے والی کچھ پیچیدگیاں مندرجہ ذیل ہیں:

 

پروٹین ڈپازٹس

لینز کے طویل المدتی استعمال کے ساتھ ان کی اندرونی سطح کے اوپر پروٹین کے ذخائر نمودار ہونے لگ جاتے ہیں، جن کو طبی زبان میں "پروٹین ڈپازٹس" کہا جاتا ہے۔ یہ ذخائر  زیر استعمال لینز کی سطح کے اوپر چھوٹے چھوٹے آ بلوں کی شکل میں دیکھے جا سکتے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ ذخائر حجم میں بڑھتے جاتے ہیں، اور آنکھ میں تکلیف، سوجن اور مسلسل خارش کا پیش خیمہ بن سکتے ہیں۔ کچھ سنگین کیسز میں یہ ذخائر آنکھ میں شدید انفیکشن کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔ ان پروٹین ڈیپازٹس کو بننے سے روکنے کے لیے کانٹیکٹ لینز کی کسی بھی مناسب سلوشن سے باقاعدگی سے صفائی انتہائی ضروری ہے۔

 

کارنیئل نیو ویسکولر آئزیشن

اگر استعمال کیے جانے والے کانٹیکٹ لینز کی پیمائش ضرورت سے زیادہ تنگ ہو، تو آنکھ کے اوپر موجود سطح یعنی کارنیا کو آکسیجن کی سپلائی بتدریج کم ہو جاتی ہے۔ اس کے نتیجے میں کارنیا کے اندر چھوٹی چھوٹی خون کی شریانیں بھی پیدا ہونے لگ جاتی ہیں، تاکہ کارنیا کو  آکسیجن کی مناسب مقدار فراہم کی جا سکے۔ اس سارے عمل کو طبی زبان میں "کارنیئل نیو ویسکولر آئزیشن" کہتے ہیں۔اگر یہ نئی پیدا ہونے والی شریانیں آنکھوں کی نظر کے محور کے درمیان آ جائیں، تو یہ نظر میں رکاوٹ اور کمزوری کا سبب بن سکتی ہیں۔

 

وائرل کیراٹائٹس

"ہرپیز-1" نامی ایک وائرس کانٹیکٹ لینزپہننے والوں میں انفیکشن کا سبب بن سکتا ہے۔ اس انفیکشن کو "وائرل کیراٹائٹس" کا نام دیا جاتا ہے۔ اس مرض میں مندرجہ ذیل علامات دیکھی جا سکتی ہیں:

◄    آنکھوں میں جلن اور تکلیف

◄    آنکھوں کا سرخی مائل ہو جانا

◄    مسلسل آنسوؤں کا بہنا

◄    نظر کا دھندلا جانا

اس مرض کے علاج میں بروقت اینٹی وائرل ادویات کا استعمال انتہائی ضروری ہے۔ اگر آپ کو مندرجہ بالا علامات ظاہر ہو رہی ہیں تو فوراً اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

 

بیکٹیریل کیراٹائٹس

یہ انفیکشن بلاشبہ کانٹیکٹ لینز کے استعمال کی سب سے خطرناک پیچیدگی ہے۔ یہ مرض ایک میڈیکل ایمرجنسی یعنی ہنگامی صورتحال پیدا کر سکتا ہے، جس کا بروقت علاج نہ کیا جائے تو متاثرہ آنکھ کی دیکھنے کی صلاحیت مستقل طور پر ختم بھی ہو سکتی ہے۔

بیکٹیریل کیراٹائٹس میں آنکھ میں شدید تکلیف اور سوزش کے ساتھ ساتھ سفید یا زردی مائل پیپ بھی نمودار ہو سکتی ہے۔ اس مرض کی تشخیص کے لیے کارنیا کا نمونہ لیا جاتا ہے، اور جلد سے جلد متاثرہ آنکھ میں اینٹی بائیوٹک قطروں کا استعمال کیا جاتا ہے، تاکہ انفیکشن کو مزید بگڑنے سے روکا جا سکے۔

 

کارنیا کے السر

کیونکہ کانٹیکٹ لینز استعمال کرنے والے افراد روزانہ کی بنیاد پر لینز لگاتے اور اتارتے ہیں، اس لئے قدرتی طور پر ان افراد میں کارنیا کے السر پیدا ہونے کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ بعض اوقات ان السروں میں انفیکشن بھی ہو سکتی ہے, جس سے صورتحال مزید خطرناک ہو جاتی ہے۔ لہذا ضروری ہے کہ کانٹیکٹ لینز استعمال کرنے والے افراد اپنی آنکھوں کا باقاعدگی سے ڈاکٹر سے معائنہ کروائیں۔

 

بچاؤ

چند احتیاطی تدابیر کے ذریعے کانٹیکٹ لینز سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کو روکا جا سکتا ہے، جیسے کہ:

◄    لینز کو چھونے سے پہلے ہاتھوں کو اچھی طرح دھونا اور سکھانا

◄    لینز کی صفائی کے لیے عام ٹونٹی والے پانی کے استعمال سے گریز

◄    لینز کے کیس کی ماہانہ بنیادوں پر تبدیلی

◄    لینز   پہن کے تیراکی اور نہانے سے پرہیز

◄    لینز   پہن کر آنکھوں کو بار بار ملنے سے پرہیز

◄    آنکھوں کے ڈاکٹر سے اپنی آنکھوں کا باقاعدگی سے معائنہ

ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *