پیٹ کے کیڑے
امراض،متعدی امراض

پیٹ کے کیڑے


  آنتوں میں کیڑوں کا مرض، جس کو عام زبان میں ورم بھی کہا جاتا ہے، ناصرف پاکستان بلکہ دنیا کے تمام ترقی پذیر ممالک میں کثرت سے پایا جاتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق  ترقی پذیر ممالک کی 10 فیصد آبادی آنتوں کے کیڑوں کی بیماری میں مبتلا ہے۔خاص طور  پر کم عمر بچے اس بیماری کا نشانہ بنتے ہیں، کیونکہ بچے اکثر اوقات مٹی میں کھیلتے ہیں اور صفائی کا خاص خیال نہیں رکھتے۔

آنتوں میں پائے جانے والے کیڑوں کی مختلف اقسام درج ذیل ہیں:

1.     فلیٹ ورم، جیسے کہ ٹیپ ورم اور فلوک وغیرہ

2.     راونڈ ورم، جیسے کہ پن ورم اور ہک ورم وغیرہ

 

علامات

آنتوں کے ورم کی عام علامات مندرجہ ذیل ہیں:

◄   پیٹ درد

◄   پیٹ میں گیس کی شکایت

◄   ڈائریا اور متلی کی شکایت

◄   جلد کا رنگ پیلا پڑ جانا

◄   تھکاوٹ اور کمزوری

◄   وزن میں کمی

◄   خون کی کمی

اس کے علاوہ  آنتوں کے ورم، پاخانے کی جگہ پر خارش ، جلن اور جلد پر نشانات کا باعث بھی بن سکتے ہیں، اور رفع حاجت کے دوران جسم سے باہر بھی نکل سکتے ہیں۔ کچھ افراد میں آنتوں کے ورم کئی سالوں تک بغیر کسی علامات کے بھی زندہ رہتے ہیں ۔

 

تشخیص

اگر آپ میں مندرجہ بالا علامات ظاہر ہو رہی ہیں،  تو فوراً اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ ڈاکٹر آپ کا مکمل معائنہ کرنے کے علاوہ  آپ کے پاخانے کا نمونہ بھی لے گا جس کو لیبارٹری میں ٹیسٹ کے لیے بھیجا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ تشخیص کے لیے ایک اور ٹیسٹ بھی کیا جاتا ہے جس کو "ٹیپ ٹیسٹ" کا نام دیا گیا ہے۔ اس ٹیسٹ میں ٹیپ چپکا کے کیڑوں کے انڈوں کی موجودگی کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔

 

وجوہات

پاکستان میں آنتوں کے ورم کے اس قدر عام ہونے کی بنیادی وجہ صفا ئی ستھرائی اور نکاسی آب کا ناقص انتظام ہے۔ان وجوہات میں مندرجہ ذیل عناصر قابل ذکر ہیں:

◄   آلودہ پانی کا استعمال

◄   سیوریج کا ناقص انتظام

◄   انسانی فضلے اور آلائشوں کا پینے کے پانی میں شامل ہو جانا

◄   آنتوں کے ورم انسانی فضلے اور آلودہ پانی کے ذریعے ایک فرد سے دوسرے فرد میں منتقل ہو سکتے ہیں۔

◄   آنتوں کے کیڑوں کے پھیلاؤ کی ایک اور وجہ ان کیڑوں سے متاثرہ جانوروں کے گوشت کا استعمال بھی ہے، مثال کے طور پر گائے اور مچھلی کے گوشت کو اچھی طرح پکائے بغیر کھانے سے  بھی انسان ان آنتوں کے کیڑوں کا شکار بن سکتا ہے۔

 

علاج

آنتوں کے کیڑوں کا علاج ان کیڑوں کی مختلف اقسام کے لئے مختلف ہوتا ہے۔ لیکن زیادہ تر کیڑوں کا علاج اینٹی پیراسائٹک ادویات کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ چند ہفتوں کے علاج سے مریض کی علامات میں کمی آنے لگ جاتی ہے۔  علاج کا کورس مکمل کرنے کے بعد ڈاکٹر دوبارہ آپ کے پاخانے کا نمونہ لیتا ہے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ کیڑوں کا خاتمہ ہو چکا ہے یا نہیں۔

 

خطرے کی علامات

مندرجہ ذیل علامات بیماری کی شدت کا پیش خیمہ ہوسکتی ہیں، اور ان علامات کے ظاہر ہونے پر فورا ڈاکٹر کو دکھانا چاہیے:

◄   پاخانے میں خون یا پیپ آنا

◄   روزانہ کی بنیاد پر الٹی آنا

◄   شدید تھکاوٹ کا احساس

◄   تیز بخار

 

آنتوں کے کیڑوں سے بچاؤ کیسے ممکن ہے

◄   رفع حاجت اور کھانے سے پہلے اور کھانے کے بعد اپنے ہاتھوں کو صابن سے اچھی طرح دھونے کی عادت ڈالیں۔

◄   گوشت کو کھانے سے پہلے اچھی طرح پکائیں۔

◄   پھل اور سبزیاں ہمیشہ دھو کر کھائیں۔

◄   بچوں میں ہاتھ دھونے کی عادت قائم کریں۔



ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *