سینے کا درد
امراض،دل کے امراض

سینے کا درد

30 July, 2020

جسم کے تمام درد میں سینے کے درد کو سب سے زیادہ خطرناک سمجھا جاتا ہے۔ عام طور پر سمجھا جاتا ہے کہ سینے کی درد کی وجہ دل کا مرض یا ہارٹ اٹیک ہوتا ہے مگر دراصل سینے میں درد کی کئی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں۔

 

سینے کے درد کی وجوہات:

◄   معدے کی تیزابیت

◄   پسلی کے جوڑوں کی سوزش

◄   انجائنا

◄   دل کا دورہ/ہارٹ اٹیک

◄   پھیپھڑوں کا مرض

ان تمام اقسام میں سے صرف انجائنا اور ہارٹ اٹیک کا تعلق دل سے ہوتا ہے۔ سینے میں تکلیف کی عام طور پر سب سے عام وجہ معدے کی تیزابیت ہوتی ہے۔

 

معدے کی تیزابیت

معدے کی تیزابیت کی   پیٹ اور سینے میں جلن جیسا درد پیدا کرتی ہے ۔ عموما یہ درد ناف کے اوپر پیٹ کے درمیانی حصے ، اور سینے ‏کے نچلے حصے میں ہوتی ہے۔ مرض کے بڑھنے سے یہ جلن سینے کے اوپر کے حصے میں بھی ہو سکتی ہے۔ تیزابیت کی وجہ سے ہونے ‏والی جلن رات کو سونے کے وقت زیادہ محسوس ہوتی ہے کیونکہ لیٹنے سے معدے کا تیزاب خوراک کی نالی میں رسنے لگتا ہے۔ اگر ‏یہ تیزاب خوراک کی نالی کے راستے منہ تک پہنچنے لگے تو صبح اٹھنے پر منہ  کڑوا ہونے کی شکایت بھی ہو سکتی ہے۔ ‏اس کی عام وجوہات میں مصالحے دار اور گھی والے کھانے ، چائے اور سگریٹ کا زیادہ استعمال، کھانے کے فوراْ بعد سونا، موٹاپا وغیرہ شامل ہیں۔

 

پسلی کے جوڑوں کی سوزش

انسان کے سینے کے دونوں طرف بارہ پسلیاں ہوتی ہیں۔ انسانی پسلیاں کمر کی جانب ریڑھ کی ہڈی سے اور آگے کی جانب سینے کی ہڈی سے جڑی ہوتی ہیں۔ پسلیوں کے ان جوڑوں کی سوزش بھی سینے میں تکلیف کا باعث بن سکتی ہے۔ یہ تکلیف سانس لینے اور حرکت کرنے سے بڑھ سکتی ہے اور سینے کی ہڈیوں میں کسی خاص جوڑ کے اوپر محسوس ہوتی ہے۔ اکثر اوقات متاثرہ جوڑ کو دبانے سے تکلیف بڑھ جاتی ہے۔

 

انجائنا

دوڑنے، وزن اٹھانے یا سیڑھیاں چڑھنے جیسے سخت کاموں کے دوران تیزی اور زور کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ اس دوران اس کو توانائی حاصل کرنے کے لئے خون کی زیادہ مقدار چاہئیے ہوتی ہے۔ ایک صحت مند دل کی شریانیں دل کے پٹھوں کی اس اضافی ضرورت کو پورا کر سکتی ہیں۔ عمر گزرنے کے ساتھ ساتھ انسان کے  دل کی شریانیں سخت ہونے لگتی ہیں ۔ جن لوگوں کو بلڈ پریشر، شوگر اور کولیسٹرول کی زیادتی کا مسئلہ ہو،  ان کے دل کی شریانوں  کی دیواروں پر اندر کی طرف سے کولیسٹرول جمنے لگتا ‏ہے۔ کولیسٹرول کی یہ تہہ وقت کے ساتھ ساتھ موٹی ہوتی جاتی ہے اور دل کی شریانیں تنگ ہو جاتی ہیں۔  ایسے لوگوں کے دل کے پٹھوں کو سخت کاموں کے دوران اضافی خون نہیں مل پاتا ۔ دل کو خون کو ضرورت سے کم خون کی فراہمی سے پٹھوں کو نقصان پہنچتا ہے جس کو دماغ سینے کے درد کے طور پر محسوس کرتا ہے۔ جب انسان  سخت کام روک کر تھوڑا آرام کرے تو دل کی خون کی ضرورت کم ہو جاتی ہے جو تنگ شدہ شریانیں پورا کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں۔  اس لئے انجائنا کا درد آرام کرنے سے کم یا ختم ہو جاتا ہے۔

انجائنا کا درد سینے کے درمیان ایک بوجھ یا پریشر کی مانند محسوس ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ انسان کو بائیں یا دائیں بازو میں بھی تکلیف ہو سکتی ہے اور کبھی کبھار یہ درد سینے سے گردن کی جانب بھی بڑھ سکتا ہے۔

یہاں یہ سمجھنا بہت ضروری ہے کہ انجائنا اور ہارٹ اٹیک ، دونوں کی وجہ دل کو مناسب مقدار میں خون نہ ملنا ہے۔ انجائنا میں آرام کرنے سے درد  چند منٹوں میں ختم ہو جاتا ہے اور دل کے پٹھوں کو مستقل نقصان نہیں پہنچتا۔ اس کے برعکس دل کے دورے میں دل کے پٹھوں کو مستقل نقصان پہنچتا ہے اور یہ درد زیادہ دیر تک جاری رہتا ہے۔

 

دل کا دورہ

جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا،   دل کے پٹھوں کو خون کی فراہمی کی معطلی ان پٹھوں کو مستقل نقصان پہنچنے کا باعث بن سکتی ہے۔اس صورتحال کو ہارٹ اٹیک کہا جاتا ہے۔ انجائنا کی نسبت ہارٹ اٹیک سے ہونے والا درد زیادہ دیر تک جاری رہتا ہے۔ اگر دل کے ایک بڑے حصے کو خون کی فراہمی معطل ہو جائے تو دل کا پمپ بند ہو سکتا ہے جس سے پورے جسم کو خون کی فراہمی معطل ہو سکتی ہے۔ ایسی صورت انسان کے لئے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔

 

پھیپھڑوں کے امراض

بعض اوقات پھیپھڑوں کے امراض بھی سینے میں تکلیف کا باعث بن سکتے ہیں۔ ان میں نمونیا، چھاتی میں پھیپھڑوں کے گرد ہوا یا پانی بھرنا، وغیرہ شامل ہیں۔ پھیپھڑوں کے مسائل سے ہونے والا درد اکثر کئی گھنٹوں یا دنوں تک جاری رہ سکتا ہے ۔ اس کے ساتھ مریض کو اکثر کھانسی  اور سانس لینے میں دشورای کی شکایت بھی ہوتی ہے۔

 

سینے میں تکلیف کی صورت میں کیا کیا جائے؟

سینے میں ہونے والی کسی بھی تکلیف کو معمولی نہیں سمجھنا چاہئیے۔ خاص طور پر پچاس سال سے زائد عمر کے لوگوں، شوگر، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کے مریضوں کو سینے میں درد پڑنے پر فوری طور پر کلینک یا ایمرجنسی میں معائنہ کرانا چاہئیے تا کہ دل کی بیماری سے وابستہ تکلیف کو فوری طور پر بھانپ کر علاج کیا جا سکے۔

کم عمر اور نوجوان لوگوں میں سینے کی تکلیف کا تعلق عموما دل سے نہیں ہوتا۔ اس عمر کے لوگوں کو بھی اگر زیادہ دیر تک درد محسوس ہوتا رہے تو ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہئیے۔ 

ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *