مایوپیا، جس کو عام زبان میں دور کی
نظر کی کمزوری کہا جاتا ہے، آنکھوں کا ایک بہت ہی عام مرض ہے۔ اس مرض میں انسان کو
دور موجود مناظر اور اشیاء دیکھنے میں مشکل پیش آتی ہے، لیکن انسان کے قریب موجود
مناظر دیکھنے کی طاقت برقرار رہتی ہے۔مایوپیا کا مسئلہ تب پیش آتا ہے، جب انسانی
آنکھ روشنی کی شعاعوں پر صحیح طرح " فوکس" نہیں کر سکتی، جس کے نتیجے
میں دور کے مناظر دھندلے دکھائی دیتے ہیں۔
مایوپیا ہمارے معاشرے میں اتنا عام
ہے، کہ عالمی ادارہ صحت کے اندازے کے مطابق تقریبا30 فیصد آبادی دور کی نظر کی کمزوری کا شکار ہے۔
زیادہ تر مایوپیا کے کیسز میں آنکھ
نظر کی کمزوری کے علاوہ بالکل ٹھیک ہوتی ہے۔ چنانچہ ان کیسز میں محض نظر کا چشمہ
یا کانٹیکٹ لینز لگا کر مایوپیا کا علاج کیا جا سکتا ہے۔اس کے برعکس مایوپیا کی
ایک سنگین قسم بھی ہے، جس میں متاثرہ فرد کے دور کی نظر بچپن سے ہی خرابی کا
شکار ہوجاتی ہے، اور وقت کے ساتھ ساتھ مزید کمزور ہوتی جاتی ہے۔ اس مایوپیا کو
"ہائی مایوپیا" کہا جاتا ہے۔ ہائی مایوپیا کی وجہ سے آنکھ میں دوسرے
امراض بھی جنم لے سکتے ہیں، جیسے کہ کالا اور سفید موتیا وغیرہ۔
وجوہات
مایوپیا کی بنیادی وجہ آنکھ کے
اندرونی حصے کا ضرورت سے زیادہ لمبا ہونا ہے۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ آنکھ کے اندر
آنے والی روشنی کی شعائیں، سیدھا ریٹینا پر اکٹھی ہونے کی بجائے ریٹینا سے تھوڑا
پہلے اکٹھی ہو جاتی ہیں۔نتیجتا انسانی دماغ دور کے مناظر پر صحیح طرح فوکس نہیں کر
پاتا اور دور کے مناظر دھندلے دکھائی دیتے ہیں۔
اس کے علاوہ مایوپیا کے مرض میں
جینیاتی عمل دخل بھی شامل ہے، مثال کے طور پر اگر کسی بچے کے والدین میں سے ایک کی
دور کی نظر کمزور ہے، تو اس بچے میں مایوپیا کے پیدا ہونے کا اندیشہ کئی گنا بڑھ
جاتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ریسرچ کے مطابق دور کی نظر کمزور ہونے اور انسان کے
دماغی قابلیت کا بھی آپس میں ایک جینیاتی رشتہ ہے، اگرچہ اس بارے میں مزید ریسرچ
ہو رہی ہے۔
اگرچہ مایوپیا کا مرض زیادہ تر بچپن
میں شروع ہوتا ہے، لیکن بالغ افراد میں بھی یہ مرض پیدا ہو سکتا ہے، جس کی وجہ
آنکھوں کے فوکس کا ضرورت سے زیادہ استعمال ہے۔
علامات
مایو پیا کی بنیادی علامت دور کے
مناظر کا دھندلا دکھائی دینا ہے۔ اس کے علاوہ مندرجہ ذیل علامات بھی دیکھی جا سکتی
ہیں:
◄
آنکھوں میں
تھکن کا احساس
◄
سر درد
◄
بھینگا پن
اگر آپ میں یہ علامات نمودار ہو رہی
ہیں، تو آنکھوں کے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔وقت کے ساتھ ساتھ مریض کی بینائی مزید کمزور
ہو سکتی ہے، لہذا ضروری ہے کہ آنکھوں کے ڈاکٹر سے بروقت معائنہ کرایا جائے۔
تشخیص
آنکھوں کے کلینک میں متعدد طریقوں
سے آپ کی قوت بینائی کی جانچ کی جا سکتی ہے۔ پاکستان میں نظر کا سب سے
عام ٹیسٹ چارٹ کے ذریعے ہوتا ہے، جس میں مریض کو کمرے کی دوسری طرف موجود چارٹ سے
ہندسے اور حروف پڑھنے کا کہا جاتا ہے۔ ان ہندسوں اور حروف کا حجم جتنا چھوٹا ہوگا،
اتنا ہی مریض کو یہ حروف پڑھنے میں مشکل ہوگی۔
علاج
مایوپیا کے علاج کے مختلف طریقے
موجود ہیں:
1.
چشمے اور
کنٹیکٹ لینز
یہ دور کی نظر کے علاج کا سب سے عام
اور روایتی طریقہ ہے۔ مریض کی قوت نظر کے انفرادی نمبر کے مطابق نظر کا چشمہ
یا کنٹیکٹ لینز بنایا جا سکتا ہے۔
جو افراد نظر کے چشمے سے اجتناب
کرنا چاہتے ہیں، وہ کنٹیکٹ لینز کا بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ تاہم، کنٹیکٹ لینز کو
باقاعدگی سے صاف کرنا اور تبدیل کرنا انتہائی ضروری ہے۔
2.
سرجری
مایوپیا کے خلاف سرجری کی کچھ اقسام
بھی کارآمد ثابت ہو سکتی ہیں۔ سرجری ان افراد کے لیے موزوں ہے، جو نظر کے چشمے سے
چھٹکارا چاہتے ہیں، یا اپنے نظر کے مسئلے کا مستقل حل چاہتے ہیں۔ مایوپیا کی کچھ
سنگین اقسام میں بھی سرجری انتہائی مفید ثابت ہو سکتی ہے۔
سرجری کی ایک قسم لیسک سرجری ہے، جس
میں لیزر کے ذریعے کارنیا کی ساخت میں
تبدیلی کی جاسکتی ہے۔ اس سرجری کا کل دورانیہ 10سے 15 منٹ ہوتا ہے، اگرچہ یہ سرجری
مہنگی ہوتی ہے، لیکن اس میں مریض کو کسی قسم کی تکلیف نہیں ہوتی۔ لیزر سرجری کے
ایک یا دو دن بعد قوت نظر اپنے معمول کے آ جاتی ہے۔
بچاؤ
چونکہ مایوپیا کا تعلق جینیاتی
عناصر سے ہے، اس لیے مایوپیا سے بچاؤ ان افراد میں ممکن نہیں ہے، جن کے خاندان میں
مایوپیا کے متعدد مریض پائے جاتے ہیں۔تاہم ، ریسرچ سے ثابت ہوا ہے کہ سورج کی
روشنی میں وقت گزارنے سے اور باریک لکھی ہوئی تحریر کو زیادہ عرصے تک پڑھنے سے
اجتناب کر کے نظر کی کمزوری کو مزید بڑھنے سے سے روکا جا سکتا ہے۔
ایک تبصرہ
آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *