مائگرین (درد شقیقہ)‏
امراض،دماغ کے امراض

مائگرین (درد شقیقہ)‏

11 July, 2020

سر کے درد کی وجوہات

سر کا درد صحت کے ان چند مسائل میں سے ایک ہے جو تقریبا ہر انسان کو زندگی کے کسی نہ کسی حصے میں متاثر کرتا ہے۔ ہم میں سے کچھ لوگوں کو سر درد باقی لوگوں کی نسبت زیادہ کثرت اور شدت سے ہوتا ہے۔ سر درد کہنے کو تو کوئی موذی بیماری نہیں مگر یہ انسان کی زندگی کے معیار کو کافی زیادہ متاثر کر سکتا ہے۔ سر درد معمولی ٹینشن کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے اور بعض اوقات یہ کسی موذی مرض کی علامت بھی ہو سکتی ہے۔ اس مضمون میں ہم سردرد کی ایک خاص قسم "مائگرین" کے بارے میں بات کریں گے۔

 

مائگرین کیا ہے؟

مائگرین سر درد کی ایک قسم ہے جس میں عموما سر کے آدھے حصے میں درد ہوتا ہے۔ یہ درد دھڑکن کی طرح محسوس ہوتا ہے اور کبھی کبھار دیگر علامات کے ساتھ جڑا ہو سکتا ہے۔ ان دیگر علامات میں سے چند درج ذیل ہیں:

◄   الٹی، متلی

◄   نظر کی دھندھلاہٹ

◄   تیز روشنی اور اونچی آواز سے جھنجھلاہٹ

◄   بعض اوقات ان علامات کے علاوہ انسان کو جسم کے کسی حصے میں کمزوری یا سن پن بھی ہو سکتا ہے۔

مائگرین ایک دفعہ شروع ہو تو کئی گھنٹوں سے لے کر تین دن تک جاری رہ سکتا ہے۔

 

مائگرین کیوں ہوتا ہے؟

جدید تحقیق کے مطابق مائگرین کی وجہ دماغ کے خلیوں میں پھیلنے میں والا غیرفطری یا ایبنارمل کرنٹ ہے جو دماغ کے ایک حصے سے شروع ہو کر آہستہ آہستہ دوسرے حصوں تک پھیلتا ہے اور پھر کئی گھنٹوں کے بعد ختم ہو جاتا ہے۔

 

مائگرین زندگی کو کیسے متاثر کرتا ہے؟

کہنے کو تو مائگرین سر درد کی ایک قسم ہے مگر اپنی شدت اور لمبے دورانیے کی وجہ سے انسان کے کام کرنے کی صلاحیت پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔ اگر یہ سر درد کثرت سے ہونے لگے تو یہ ایک معذوری بن جاتا ہے جس کی وجہ سے کچھ مریض اپنے کاروبار یا نوکری سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

 

علاج

دوروں کی صورت میں ہونے والی دیگر بیماری کی طرح مائگرین کے علاج کے بھی دو اہداف ہوتے ہیں:۔

1.     درد کے دورے کو ختم کرنا

2.     دوروں کی کثرت کو کم کرنا

 

1.   درد کے دورے کو ختم کرنا:

ان دونوں اہداف کے لئے مختلف دوائیاں استعمال کی جاتی ہیں۔ کچھ لوگوں کو پیناڈول جیسی سادہ دوا سے بھی دورے سے نجات مل سکتی ہے جبکہ دوسروں کو زیادہ طاقتور دوائیں استعمال کرنی پڑتی ہیں۔ اگر دورہ متعدد دواوں سے بھی ختم نہ ہو تو ہسپتال یا ایمرجنسی میں ٹیکے یا ڈرپ کی صورت میں دوائیں دی جا سکتی ہیں۔

 

2.   دوروں کی کثرت کو کم کرنا

جن لوگوں کو مہینے میں دو دفع سے کم مائگرین کا دورہ پڑتا ہو، ان کو عموما دورے کم کرنے کی دوا کی ضرورت نہیں پڑتی۔ اگر درد کا دورہ ہر ہفتے پڑ رھا ہو یا دورے ناقابل برداشت ہو جائیں تو چند ایسی دوائیں استعمال کی جا سکتی ہیں جو دوروں کی کثرت کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ یہ دوائیں روز کھائی جاتی ہیں، خواہ درد ہو یا نہ ہو۔

 

پرہیز

کچھ لوگوں کو مائگرین خاص حالات میں زیادہ ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر موسم کی تبدیلی، کام کی زیادتی ، نیند کی کمی، چائے یا کافی کے زیادہ استعمال سے کثرت سے مائگرین ہو سکتے ہیں۔ ایسے مریضوں کو ان چیزوں سے بچنے کی تلقین کی جاتی ہے۔

ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *