ٹائیفائیڈ کیا ہے؟
ٹائیفائیڈ ایک انفیکشن ہے، جس کی بنیادی وجہ ایک بیکٹیریا سالمونیلا ٹائفی ہے۔ پچھلے چند سالوں میں ٹائیفائیڈ کی اہمیت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، کیونکہ پاکستان اس وقت ٹائیفائیڈ کی ایک انتہائی مہلک قسم ایکس ڈی آر ٹائیفائیڈ سے نبرد آزما ہے۔
ٹائیفائیڈ کیسے پھیلتا ہے؟
ٹائیفائیڈ کا جرثومہ انسانی آنتوں میں وقوع پذیر ہوتا ہے۔ یہ انسانی فضلے کے ذریعے ایک فرد سے دوسرے فرد میں پھیلتا ہے۔ ٹائیفائیڈ انسانی جسم میں منہ کے ذریعے داخل ہوتا ہے اور ایک سے تین ہفتے انسانی آنتوں میں بسر کرتا ہے۔ اس کے بعد یہ جرثومہ آنتوں سے ہوتا ہوا انسانی خون میں شامل ہو جاتا ہے۔ انسانی خون کے ذریعے یہ جسم کے دیگر اعضاء میں پھیل جاتا ہے۔ چونکہ یہ جرثومہ انسانی خلیوں کے اندر موجود ہوتا ہے، اس لیے انسانی مدافعتی نظام ٹائیفائیڈ کے خلاف بے اثر ہوتا ہے۔ اگر ٹائیفائیڈ کا بروقت علاج نہ کیا جائے تو ہر 5 میں سے ایک کیس جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ مناسب علاج کے ساتھ صرف چار فیصد کیس ہی موت کا سبب بنتے ہیں۔
ٹائیفائیڈ کی علامات
ٹائیفائیڈ کی علامات جراثیم کے انسانی جسم میں داخل ہونے کے تیس دن بعد شروع ہوتی ہیں۔
ٹائیفائیڈ کی دو بڑی علامات میں بخار اور جلدی نشانات شامل ہیں۔ ٹائیفائیڈ کا بخار بہت تیز ہوتا ہے، جو بڑھتے بڑھتے 104 ڈگری فارن ہائٹ تک پہنچ جاتا ہے۔ ٹائیفائیڈ کے جلدی نشانات گلابی رنگ کے اور بیضوی شکل کے ہوتے ہیں، جنہیں طبی زبان میں "روز سپاٹس" کہا جاتا ہے۔
دیگر علامات درج ذیل ہیں:
کمزوری اور تھکاوٹ
پیٹ میں درد
قبض
سر میں درد
ڈائریا اور متلی
ٹائیفائیڈ کے چند سنجیدہ کیسز میں انسانی آنتوں میں سوراخ بھی ہو سکتا ہے۔ یہ ایک انتہائی مہلک صورتحال ہے، جس کو طبی زبان میں "گٹ پرفوریشن" کہا جاتا ہے۔
ٹائیفائیڈ کی تشخیص
ٹائیفائیڈ کی تشخیص خون، پیشاب اور پاخانے میں ٹائیفائیڈ کے جراثیم کی موجودگی سے کی جاتی ہے۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ میں ٹائیفائیڈ کی علامات ظاہر ہو رہی ہیں تو اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
ٹائیفائیڈ کا علاج
ٹائیفائیڈ کا سب سے کار آمد علاج اینٹی بائیوٹک ادویات کا مناسب استعمال ہے۔ اس کے علاوہ کثرت سے پانی کا استعمال بھی انتہائی ضروری ہے۔ٹائیفائیڈ کے سنجیدہ کیسز میں جب آنتوں میں سوراخ ہو جائے تو سرجری کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے۔
پاکستان میں ٹائیفائیڈ کا مسئلہ
بدقسمتی سے پاکستان وہ واحد ملک ہے، جہاں اینٹی بائیوٹک ادویات کے بے دریغ اور بلا ضرورت استعمال کی وجہ سے ٹائیفائیڈ کے جراثیم کے اندر تمام اینٹی بائیوٹک ادویات کے خلاف مدافعت پیدا ہوگئی ہے۔ نتیجتا ٹائیفائیڈ کی اس خاص قسم پر کسی بھی اینٹی بائیوٹیک کا اثر نہیں ہوتا اور تمام اینٹی بائیوٹک ادویات اس کے خلاف بیکار ہیں۔ ٹائیفائیڈ کی اس قسم کو ایکس ڈی آر ٹائیفائیڈ کا نام دیا گیا ہے۔ اب تک پاکستان میں دس ہزار سے زیادہ افراد ایکس ڈی آر ٹائیفائیڈ کا نشانہ بن چکے ہیں۔
ٹائیفائیڈ کے پھیلاؤ کی وجوہات
ٹائیفائیڈ کے پھیلاؤ کے بنیادی محرکات میں آلودہ خوراک اور پانی جس میں انسانی فضلے کی ملاوٹ ہو گئی ہے، شامل ہیں۔
یہاں یہ بات قابل غور ہے، کہ کچھ افراد ٹائیفائیڈ کے "کیریئر" بن جاتے ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ ان افراد میں ٹائیفائیڈ کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں، لیکن ٹائیفائیڈ کا جرثومہ ان کے جسم میں موجود ہوتا ہے ہے، اور ان کے ذریعے دوسرے افراد میں پھیل سکتا ہے۔
ٹائیفائیڈ سے بچاؤ
ٹائیفائیڈ زیادہ تر ان گنجان آباد علاقوں میں پایا جاتا ہے، جہاں صفائی اور صاف پانی کی فراہمی کے مناسب انتظامات نہیں ہوتے۔چنانچہ ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے، کہ علاقائی سطح پر صفائی اور صاف پانی کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔
اسکے علاوہ مندرجہ ذیل تدابیر سے بھی ٹائیفائیڈ سے بچا جا سکتا ہے:
اپنے اور اپنے گھر والوں کو پینے کے لئے صاف پانی دیں۔
اگر ممکن ہو تو پانی کو پینے سے پہلے ابال لیں۔
بازاری کھانوں سے حد درجہ اجتناب کریں۔
سبزیوں اور پھلوں کو استعمال کرنے سے پہلے اچھی طرح دھو لیں۔
اپنے گھر اور محلے کی صفائی اور سیوریج کے نظام کا خاص خیال رکھیں۔
ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر اینٹی بائیوٹک ادویات کا استعمال ترک کر دیں۔
ٹائیفائیڈ کی ویکسین
پاکستان دنیا کا پہلا ملک ہے، جہاں ٹائیفائیڈ کے بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب ٹائیفائیڈ کے خلاف ویکسین بڑے پیمانے پر عوام کو مفت فراہم کی جائے گی۔ ابتدائی طور پر اس ویکسین کا استعمال صرف بچوں میں کیا جائے گا۔انشاءاللہ یہ ویکسین پاکستان سے ٹائیفائیڈ کے مکمل خاتمے میں مددگار ثابت ہوگی۔
ایک تبصرہ
آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *