بی پی ایچ یا مردانہ غدود کی بیماری کیا ہے؟
انسانی گردے جسم سے پیشاب کی صورت میں فاضل مادے
نکالنے کا کام کرتے ہیں۔ گردوں میں بننے والا پیشاب مثانے میں جمع ہوتا ہے اور
مثانے سے نکل کر پیشاب کی نالی سے ہوتا ہوا جسم سے خارج ہوتا ہے۔ پیشاب کی اس نالی
کو یوریتھرا
کہتے ہیں۔ مردوں کے اندر یہ نالی پروسٹیٹ نامی ایک غدود کے درمیان سے گذرتی ہے۔
عمر کے ساتھ ساتھ اس غدود کا حجم بڑا ہو سکتا ہے اور اس کے اندر سے گزرنے والی
پیشاب کی نالی تنگ ہو سکتی ہے۔ پروسٹیٹ کے
بڑھ جانے کو ہی بی پی اچ یا مردانہ غدود کی بیماری کہتے ہیں۔ یہ بیماری صرف مردوں میں ہوتی
ہے خواتین میں پروسٹیٹ کا غدود نہیں ہوتا اس لیے ان میں یہ بیماری نہیں ہوتی۔ یہ
زیادہ تر بڑی عمر کے مردوں میں پائی جاتی ہے۔
علامات
اس کی علامات میں درج ذیل چیزیں شامل ہیں:
◄ پیشاب کا بار بار آنا
◄ پیشاب کا رک رک کر آنا
◄ پیشاب کی دھار میں تبدیلی یا کمزوری
آنا
◄ پیشاب کرنے کے بعد بھی پیشاب کی
حاجت رہنا
◄ رات میں بار بار پیشاب کرنے کی حاجت
سے اٹھنا
◄ پیشاب میں خون آنا
◄ پیشاب کرتے ہوئے تکلیف ہونا
◄ پیشاب کرتے ہوئے زور لگانے کی ضرورت
پڑنا
◄ پیشاب کے آخر میں قطروں کا بہتے
رہنا
علاج کیوں ضروری ہے؟
اس بیماری میں اس بات کا خاص دھیان رکھنا ہوتا
ہے کہ علامات کی وجہ پروسٹیٹ فطری طور پر بڑھنا ہی ہے یا کہیں سرطان تو نہیں ہے۔
تشخیص کے لیے پروسٹیٹ سے نکلنے والے خاص مادے(PSA) کا ٹیسٹ کیا جاتا ہے جو بی پی ایچ اور
پروسٹیٹ کے سرطان دونوں ہی کی تشخیص میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ پیشاب
کی دھار کے بہت سے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ اس کے لیے الٹراساؤنڈ اور پروسٹیٹ کے گوشت
کا ٹکڑا لے کربھی ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔ اگر گوشت کے ٹکڑے کے معائنے سے شبہ ہو کہ
علامات کی وجہ پروسٹیٹ کا سرطان ہے تو پھر اس کو فوراً اپریشن کر کے نکالا جاتا ہے۔
دیر کرنے کی صورت میں یہ سرطان جسم کے دیگر اعضاء میں بھی پھیل سکتا ہے۔
علاج کیسے کیا جاتا ہے
بی پی ایچ کی علامات میں افاقے کے لئے مختلف
ادویات استعمال کی جا سکتی ہیں۔ آپ کا معالج آپ کو بتا سکتا ہے کے کون سی ادویات آپ
کے لئے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہیں۔ اگر لمبے عرصے تک ادویات کے استعمال کے باوجود پیشاب
میں دشواری برقرار رہے تو اس صورت میں بھی آپریشن کیا جا سکتا ہے۔ آپریشن کی بھی بہت ساری
اقسام ہیں جن میں دوربین کے ذریعے اپریشن، لیزر اور بڑا آپریشن شامل ہیں۔ آپریشن کی قسم ہر مریض کے لیے مختلف
ہوتی ہے اور مرض کی شدت اور مریض کی باقی
صحت کی مطابقت سے طے کی جاتی ہے۔ دوربین کے ذریعے سے ہونے والے آپریشن میں پیشاب کے راستے ایک دوربین ڈالی جاتی
ہے اور غدود کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں کاٹ کر
نکالا جاتا ہے۔ آپریشن کے بعد کچھ عرصے تک پیشاب والی نالی(Catheter) یوریتھرا میں ہی رہتی ہے اور جب زخم بھر
جاتا ہے تو اس کو نکال دیا جاتا ہے۔
پیچیدگیاں
پروسٹیٹ کے غدود کے بڑھنے کی وجہ سے مثانہ میں
رکاوٹ پیدا ہوتی ہے جس کی وجہ سے مزید مسائل جنم لیتے ہیں جس میں پیشاب کا رک
جانا، گردوں کا کام چھوڑ جانا، بار بار پیشاب کا انفیکشن ہو جانا اور مثانہ میں
پتھری کا ہو جانا شامل ہیں۔
اگر کبھی پیشاب آنا بند ہو جائے تو فوراً
ایمرجنسی تشریف لائیں اور اگر کبھی پیشاب کی نالی ڈالنے کی ضرورت ہو تو پہلے بتا
دیں کے مجھے پروسٹیٹ کا مسئلہ ہے کیوں کہ اگر یوریتھرا میں رکاوٹ ہو اور زور لگا
کر پیشاب کی نالی ڈالی جائے تو وہاں زخم ہو سکتا ہے اور بہت زیادہ خون بہ سکتا ہے۔
ایک تبصرہ
آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *