ملٹی پل سکلیروسس
امراض،دماغ کے امراض

ملٹی پل سکلیروسس


  ملٹی پل سکلیروسس، ایک طویل المدتی مرض ہے، جو انسان کے اعصابی نظام کو متاثر کرتا ہے، خصوصا انسانی دماغ، سپائنل کورڈ یعنی حرام مغز اور آنکھوں کا اعصابی حصہ اس مرض کا شکار ہوتے ہیں۔ نتیجتا پورے انسانی جسم میں متعدد علامات ظاہر ہونا شروع ہوتی ہیں۔

اس بیماری کی علامات ہر شخص میں انفرادی طور پر مختلف ہوتی ہیں۔ بعض افراد میں چند بے ضرر علامات ہی ظاہر ہوتی ہیں، جیسے کہ دھندلی نظر اور ٹانگوں میں ارتعاش کی کیفیت وغیرہ۔ لیکن کچھ افراد میں یہ بیماری سنگین شکل اختیار کر لیتی ہے اور فالج اور اندھے پن جیسے مسئلوں کو جنم دے سکتی ہے۔

ملٹی پل سکلیروسس کی بنیادی وجہ انسانی جسم میں پائے جانے والے مدافعتی نظام کا خراب ہونا ہے۔ یہ مدافعتی نظام انسان کے اپنے ہی اعصابی نظام پر حملہ آور ہو جاتا ہے، اور اعصابی نظام میں موجود ایک خاص حفاظتی مادے "مائیلن" کو متاثر کرتا ہے۔ اس عمل کے نتیجے میں پورے انسانی جسم کا اعصابی نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتا ہے۔

 

وجوہات

اگرچہ سائنسدان اس بات کا اندازہ نہیں لگا سکتے کہ یہ مرض کیوں واقع ہوتا ہے، لیکن چند عناصر ایسے ہیں جن کی موجودگی میں ملٹی پل سکلیروسس سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے:

 

1.   جینیاتی عوامل:

 کچھ خاندانوں میں ایسے جنیاتی عناصر پائے جاتے ہیں جن کی وجہ سے ملٹی پل سکلیروسس کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے

 

2.   عمر:

  زیادہ تر افراد میں ملٹی پل سکلیروسس کی علامات پہلی بار بیس سے چالیس سال کی عمر میں نمودار ہونا شروع ہوتی ہیں

 

3.   جنس: 

 ملٹی پل سکلیروسس کے مرض کا خطرہ مردوں کی بہ نسبت عورتوں میں دو گنا زیادہ ہوتا ہے

 

4.     سگریٹ نوشی:

 سگریٹ پینے والے افراد میں ملٹی پل اسکلیروسس نمودار ہونے کا خطرہ عام آبادی سے زیادہ ہوتا ہے

 

5.     وٹامن کی کمی:

  جدید ریسرچ کے مطابق وٹامن ڈی اور وٹامن بی 12 کی کمی بھی کسی حد تک ملٹی پل سکلیروسس کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے

 

علامات

کیونکہ یہ مرض انسانی جسم کے کسی بھی حصے کو متاثر کر سکتا ہے، اس لیے اس مرض کی بے شمار علامات ہیں، جیسے کہ:

◄   پٹھوں میں کمزوری اور کھنچاؤ

◄   جسم کے کسی بھی حصے کا سن ہو جانا

◄   پیشاب روکنے یا پیشاب کے بہاؤ میں رکاوٹ

◄   قبض

◄   مسلسل تھکن کا احساس

◄   چکر آنا

◄   جنسی کمزوری

◄   ہاتھوں میں رعشہ

◄   قوت بینائی کم ہو جانا

◄   آنکھوں کے مختلف امراض

◄   یادداشت کے مسائل

◄   ڈپریشن اور چڑچڑاپن

◄   جسم کے مختلف حصوں میں درد

 

ملٹی پل سکلیروسس   ہر فرد میں مختلف نوعیت میں نمودار ہوتا ہے۔ کچھ افراد میں یہ مرض بہت معمولی علامات کے ساتھ ظاہر ہوتا ہے اور کئی سالوں تک علامات میں شدت نہیں آتی۔ اس کے برعکس, کچھ مریضوں میں انتہائی سنگین علامات ظاہر ہوتی ہیں جو مہینوں اور بعض اوقات ہفتوں کے اندر اندر بہت خطرناک شکل اختیار کر لیتی ہیں۔

 

اس کے علاوہ کچھ افراد میں یہ مرض مختلف ادوار میں حملہ آور ہوتا ہے۔ ان حملوں کے درمیان مریض مکمل صحت یاب رہتا ہے۔

 

تشخیص

اگر آپ کو شک ہے کہ آپ میں ملٹی پل سکلیروسس  کی علامات ظاہر ہو رہی ہیں، تو اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

ڈاکٹر آپ کا مکمل معائنہ کرے گا اور اس مرض کی تشخیص کے لیے کچھ ٹیسٹ تجویز کرے گا, جیسے کہ:

◄   دماغ کا ایم آر آئی سکین

◄   نرو کنڈکشن ٹیسٹ

◄   سپائنل فلوئڈ انالسس

اس کے علاوہ ڈاکٹر ان بیماریوں کے بھی ٹیسٹ کروا سکتا ہے جن کی علامات ملٹی پل سکلیروسس سے ملتی جلتی ہیں

 

علاج

اگرچہ ملٹی پل سکلیروسس کا مستقل علاج ممکن نہیں ہے، لیکن علاج کے ذریعے بیماری کی شدت پر قابو پایا جا سکتا ہے اور بیماری کو مزید بگڑنے سے روکا جا سکتا ہے۔ہر مریض کے لیے تجویز کردہ ادویات مختلف ہوتی ہیں۔ یاد رہے، ان ادویات کے بہت سے سائیڈ افیکٹ بھی ہوتے ہیں، اس لیے یہ ادویات ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق استعمال کی جانی چاہئیں۔اگر مریض میں علامات مزید بگڑنے لگ جائیں، یا کوئی نئی اور غیر معمولی علامات ظاہر ہوں، تو فورا ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ 

واضح رہے کہ مناسب اور بروقت علاج کے ساتھ   ملٹی پل سکلیروسس   کے مریض کی عمر کا دورانیہ عام افراد کے عمر کے دورانیے کے برابر ہو سکتا ہے۔ لہذا ضروری ہے کہ ڈاکٹر کی تجویز کردہ ادویات اور ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے۔



ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *