فالج کا اٹیک
امراض،دماغ کے امراض

فالج کا اٹیک

11 July, 2020

فالج کی بیماری کیا ہے؟‏

فالج کی بیماری دماغ کے کسی ایک حصے کو خون کی فراہمی معطل ہونے سے ہوتی ہے۔ فالج  کو دماغ کا اٹیک کہا جا سکتا ہے۔ اس ‏بیماری کے اسباب کو اچھے سے سمجھنے کے لئے دماغ کی ساخت اور کام کے بارے میں چند بنیادی چیزیں جاننا  اہم ہے۔ ‏


انسانی دماغ – ساخت اور کام

انسان کا دماغ دو حصوں یا گوشوں  میں تقسیم ہوتا ہے : دایاں اور بایاں حصہ۔ دایاں حصہ جسم کے بائیں حصے کو کنٹرول کرتا ہے اور ‏بایاں حصہ جسم کے دائیں حصے کو۔ دماغ  کے ان دوحصوں کو  شہ رگ سے نکلنے والی دو بڑی  رگوں سے خون فراہم ہوتا ہے۔ یہ ‏رگیں   کئی چھوٹی بڑی رگوں میں بٹ کر دماغ کے کونے کونے میں خون فراہم کرتی ہیں۔ 


فالج کی علامات

اگر کسی وجہ سے  دماغ کے کسی حصے کو ‏خون کی فراہمی معطل ہو جائے تو وہ حصہ مردہ ہوجاتا ہے اور اس جسم کے جن کاموں کو یہ حصہ کنٹرول کرتا ہے، انسان وہ کام ‏کرنے کے قابل نہیں رہتا۔  مثال کے طور پر اگر دماغ کے دائیں گوشے کے اس حصے پر اگر فالج کا اٹیک ہو جو بائیں بازو کی نقل و ‏حرکت کو کنٹرول کرتاہے تو انسان اپنا بایاں بازو استعمال کرنے سے قاصر ہو جاتا ہے۔ ‏چونکہ فالج دماغ کے مختلف حصوں کو متاثر کر سکتا ہے، اس لئے اس کی علامات بھی بہت مختلف قسم کی ہو سکتی ہیں۔ فالج کی چند عام علامات میں جسم کی ایک سائیڈ کی کمزوری یا سن ہونا، جسم کی ایک طرف نظر آنا بند ہونا، بولنے یا باتیں سمجھنے سے قاصر ہونا، چکر آنا اور توازن کھونا شامل ہیں۔ اگر دماغ کا بڑا حصہ فالج سے متاثر ہو تو انسان کومے میں بھی جا سکتا ہے۔ 


فالج کی وجوہات

فالج کی وجہ دماغ کو خون فراہم کرنے والی شریانوں میں سے کسی ایک کا بند ہونا ہے۔ جس طرح بلڈ پریشر، شوگر، کولیسٹرول کا مرض اور تمباکونوشی دل کی شریانوں کو تنگ کر سکتی ہیں، اسی طرح یہ دماغ کی شریانوں کو بھی متاثر کر سکتی ہیں۔ ان تنگ شریانوں سے گزرتے ہوئے خون جم جائے یا خون کا کوئی تیرتا ہوا لوتھڑا ان شریانوں کو بلاک کر دے تو اس کا نتیجہ فالج کے اٹیک کی صورت میں نکلتا ہے۔ شریانوں کی بیماری کے علاوہ فالج کی ایک اور وجہ دل کی دھڑکن کا بے ترتیب ہونا ہے۔ دل کی دھڑکن بے ترتیب ہونے سے دل سے گزرتا ہوا خون چھوٹے چھوٹے لوتھڑوں کی صورت میں جم سکتا ہے ۔ اگر یہ لوتھڑے خون میں تیرتے ہوئے دماغ کی رگوں تک پہنچ جائیں تو یہ ان رگوں یا شریانوں کو بند کر کے فالج کا باعث بن سکتے ہیں۔ 


فالج کا علاج کیا ہے؟

فالج کا اٹیک ایک ایمرجنسی ہوتا ہے۔ اس میں مریض کو جلد از جلد قریبی بڑے ہسپتال پہنچانا نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ جو مریض علامات شروع ہونے کے ساڑھے چار گھنٹے کے اندر ہسپتال پہنچ جائے، اسے دماغ کی شریان میں پھنسے لوتھڑے کو پگھلانے والی دوا دی جا سکتی ہے۔ اس دوا سے فالج زدہ دماغ کے حصے کو خون کی فراہمی بحال ہو سکتی ہے اور فالج سے ہونے والے نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے۔ ساڑھے چار گھنٹے کے بعد فالج زدہ حصہ اس حد تک متاثر ہو چکا ہوتا ہے کہ یہ دوا دینے سے فائدے کی بجائے الٹا نقصان ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ تاہم ایسی صورتحال میں بھی مریض کو ہسپتال لازمی لانا چاہیے تا کہ فالج کی دیگر پیچیدگیوں کا علاج کیا جا سکے۔ 


فالج سے بچاؤ

جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا، فالج کی بڑی وجوہات میں بلڈ پریشر، شوگر، کولیسٹرول کا مرض، تمباکو نوشی وغیرہ شامل ہیں۔ فالج کا مریض جب ہسپتال میں داخل ہوتا ہے تو اس کے مختلف اقسام کے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں جن سے یہ دیکھنے کی کوشش کی جاتی ہے کہ مریض کو فالج کا اٹیک کیوں ہوا۔ ان ٹیسٹوں کی روشنی میں مستقبل میں فالج کے امکانات کم کرنے کے لیے ڈاکٹر مزید آپریشن یا ادویات میں تبدیلی کا مشورہ دے سکتے ہیں۔


فزیوتھراپی

فالج کا مریض اٹیک کے بعد چند دنوں تک ہسپتال میں رہتا ہے۔ مریض کو ہسپتال میں رکھنے کا مقصد فالج کی شدت اور وجوہات چیک کرنا اور ممکنہ پیچیدگیوں کا علاج ہوتا ہے۔ جب مریض کی حالت کچھ بہتر ہوتی ہے تو فزیو تھراپی کا مرحلہ آتا ہے۔ فزیوتھراپی خاص ورزشوں کا نام ہے جن کا مقصد فالج زدہ ہاتھ پاؤں کی قوت میں رفتہ رفتہ بہتری لانا ہے۔ فالج کے مریض اٹیک کے بعد کے تین مہینوں میں زیادہ سے زیادہ فزیوتھراپی کر کے فالج کے اثرات کم کر سکتے ہیں۔ اگر فزیوتھراپی جاری رکھی جائے تو اٹیک کے ایک سال بعد تک قوت میں بہتری آ سکتی ہے۔ ایک سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کے بعد بہتری کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔


ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *