گنجا پن
امراض،جلد کے امراض

گنجا پن

ہمارے معاشرے میں مردانہ گنج پن انتہائی عام ہے ۔ جب ایک پاکستانی مرد کے بال گرنا شروع ہوتے ہیں ، تو اسکی عزت نفس پر گہری ضرب لگتی ہے۔ پاکستان کے اخبارات کے صفحات گنج پن کے بارے میں اشتہارات سے بھرے نظر آتے ہیں ، جو آپکوگمراہ  کر سکتے ہیں۔ اِس صورتحال  میں گنج پن کی علامات ، اسباب اور ثابت شدہ  علاج کے بارے میں جاننا  انتہائی ضروری ہے ۔

 

مردانہ گنج پن کی وجوہات  

ایک اندازے کے مطابق  ہر 3 میں سے 2 مرد  ، 35 سال کی عمر تک بال گرنے کا شکار ہو جاتے ہیں ۔ روز 50 سے 100 بال گرنا ایک عام بات ہے ، لیکن اگر گرنے والے بالوں کی جگہ  نئے بال نمودار نہ ہوں تو تب ہی گنج پن شروع ہوتا ہے۔

 

گنج پن کی بڑی وجوہات درج ذیل ہیں :

خانْدانی یا جینیاتی :

 گنج پن کی سب سے بڑی وجہ  جینیاتی ہے جس کو "میل  پیٹرن بالڈنیس " کہتے ہیں۔یہ گنج پن آہستہ آہستہ شروع ہوتا ہے اور ایک خاص شكل اختیار کر لیتا ہے ۔ اس طرح کے گنج پن کی علامات میں  پیچھے کو جاتی ہوئی  ہیر لائن اورسر پر جگہ جگہ  گنج پن کے دھبے شامل ہیں۔


ہارمون سے جڑی وجوہات اور امراض :

ہارمون سے جڑی وجوہات اور  کافی امراض بھی گنج پن کا سبب بن سکتے  ہیں ، مثال کے طور پرتھائیرائیڈکے مسائل  ۔


دوائیاں :

بہت سی دوائیاں  بھی گنج پن کر سکتی ہیں ، ان میں کینسر کی دوائیاں  ، وٹامن کی گولیاں اور دِل کے امراض کی دوائیاں  شامل ہیں۔

 

ذہنی دباؤ :

 اگر زندگی میں کوئی بہت بڑی مشکل پیش آئے تو وہ بھی گنج پن کا سبب بن سکتی ہے . مثال کے طور پر میڈیکل کے طلبا زیادہ پڑھنے کی وجہ سے گنج پن کا شکار ہو سکتے  ہیں ۔

 

گنج پن سے کیسے بچا جائے

زیادہ تر  گنج پن جینیاتی وجوہات کے سبب ہوتا ہے ، جس کو روکنا بہت مشکل ہے۔ لیکن ان رہنمائی اصولوں  سے گنج پن سے بچا جا سکتا ہے:

◄    اپنے بالوں کا خاص خیال رکھیں۔

◄    گیلے  بالوں میں کنگھی کرتی ہوئے زور سے بالوں کو مت  کھینچیں ۔

◄    بالوں کی ساخت تبدیل کرنے  والے کیمیکلز  اورآلات  استعمال مت کریں

◄    اپنے ڈاکٹر سے ان دوائیوں  کے بارے  میں  پوچھیں  جو گنج پن کا سبب بنتی ہیں

◄    سگریٹ نوشی  بندکر دیں   کیونکہ  یہ بھی گنج پن کو بڑھاتی ہے

◄    بالوں کے ایسے اسٹائل بنانے  سے پرہیز کریں جن سے بال کھینچ جاتے ہیں ، جیسے کےربڑ  بینڈ اور چوٹی   وغیرہ


مردانہ گنج پن کا علاج

اپنے ڈاکٹر سے گنج پن کے علاج کے بارے میں  تفصیلی   مشورہ کریں . گنج پن کے علاج میں  دوائیاں  اور ہیئر ٹرانسپلانٹ سرجری شامل ہیں۔   آج کل گنج پن کی 2   دوائیاں   کافی اچھے نتائج  دے رہی ہیں۔ ان میں سے اک کا نام مینوکسیڈل  ہے۔  مینوکسیڈل  ایک اسپرے کی شكل میں ملتا ہے جس کوسر کی جلد کے اوپر گنج پن کی سطح  پر استعمال کیا جاتا ہے۔ - گنج پن کی دوسری دوائی  فن اسٹرائیڈ  کی گولیاں ہیں - یہ جینیاتی اور خانْدانی گنج پن کے خلاف  بہت مؤثر  ہے۔ گنج پن کا سب سے کار آمد علاج ہیر ٹرانسپلانٹ سرجری ہے ، جس میں آپکی گردن کے بالوں کو سرجری کے ذریعے آپکے سر کے اوپر لگا دیا جاتا ہے ۔   


اپنا رویہ مثبت رکھیں

یاد رکھیں:  بالوں کا نا ہونا کوئی انوکھی بات نہیں ہے ، بلکہ آج کے دور میں بہت سارے لوگ گنج پن کے باوجود پر اعتماد زندگی گزار رہے ہیں، جن میں کچھ مشہور لوگ بھی  شامل ہیں جیسے کہ اداکار  دی راک ، ون ڈیزل اور دنیا کا امیر ترین شخص جیف بیزوز ۔  لہذا بالوں کے گرنے کو اپنی خود اعتمادی  کی راہ میں رکاوٹ نہ بننے دیں ۔

ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *