ڈینگی
امراض،متعدی امراض

ڈینگی

11 July, 2020

ڈینگی

ڈینگی مچھروں سے پھیلنے والی ایک مہلک بیماری ہے جو اکثر وبا کی صورت میں ترقی پذیر ممالک میں پھیلتی ہے۔ اس وائرس کو پھیلانے والا جراثیم ایک وائرس ہے جسے ڈینگی وائرس کہا جاتا ہے۔ 


ڈینگی وائرس کیا ہے؟

ڈینگی وائرس ایک ایسا جراثیم ہے جو انسان اور مچھروں دونوں میں پایا جاتا ہے۔ جب کوئی متاثرہ مچھر انسان کو کاٹتا ہے تو اس کے تھوتھنی نما ڈنک سے یہ وائرس انسانی خون میں شامل ہو جاتا ہے۔ مچھر کے کاٹنے کے چار سے چھے دن کے بعد وائرس خون میں پھیلتا ہے اور بخار، جسم درد اور بعض اوقات جلد پر سرخ رنگ  کے دھبے اور جلن کا باعث بنتا ہے۔ 


ڈینگی وائرس کی مختلف نسلیں انسانوں اور مچھروں میں پائی جاتی ہیں مگر چار نسلیں باقی نسلوں سے زیادہ عام ہیں۔ اگر انسان ایک نسل سے متاثر ہو تو بیماری کے ختم ہونے کا بعد جسم میں اس کے خلاف مدافعت پیدا ہو جاتی ہے۔ اگر اسی نسل کا وائرس انسان کو دوبارہ متاثر کرے تو جسم اس کو مار بھگاتا ہے ۔ تاہم اگرکسی اور نسل کا وائرس اس انسان کے جسم میں داخل ہو تو جسم کا مدافعتی نظام اس کے خلاف سرگرم تو ہوتا ہے مگر اس کو مارنے میں ناکام رہتا ہے اور وائرس کو مارنے کی کوشش میں الٹا جسم کے نارمل اعضاء اور خلیوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔ 


ڈینگی کیسے پھیلتا ہے؟

جب متاثرہ مچھر کے کاٹنے سے کسی انسان کے خون میں ڈینگی وائرس پھیل جائے تو یہ انسان اگے مزید مچھروں کو متاثر کر سکتا ہے۔ جب کوئی نارمل مچھر ایسے انسان کا خون چوستا ہے تو ڈینگی وائرس متاثرہ خون کے ذریعے مچھر کے پیٹ میں چلا جاتا ہے اور وہاں سے مچھر کے ڈنک میں منتقل ہو جاتا ہے۔ اگلی بار جب یہ مچھر کسی انسان کو کاٹتا ہے تو اپنے ڈنک سے ڈینگی وائرس کو اس دوسرے انسان کے خون میں شامل کر دیتا ہے۔ یوں ایک انسان سے مچھر میں اور پھر مچھر سے اگلے انسان میں یہ بیماری پھیلتی ہے۔ یہ بیماری ایک انسان سے دوسرے انسان میں بالواسطہ نہیں پھیلتی۔ 



ڈینگی سے ہونے والی بیماری

ڈینگی سے ہونے والی بیماری دو قسم کی ہوتی ہے۔ پہلی قسم ڈینگی بخار ہے جس کی علامات درج ذیل ہیں:

  • بخار

  • جسم درد

  • آنکھوں کے پیچھے درد

  • خون میں پلیٹ لیٹ کم ہونا (جس کے باعث جسم پر خود بخود نیل پڑ سکتے ہیں)

  • خون میں  مدافعتی خلیے کم ہونا

جن لوگوں کو پہلے ڈینگی وائرس کی ایک نسل سے بخار ہو چکا ہو، ان کو کسی دوسری نسل کے حملے کی صورت میں زیادہ شدید بیماری ہو سکتی ہے۔ بیماری کی شدت کی وجہ جسم کا اپنا مدافعتی نظام ہوتا ہے جو ڈینگی کی اس نئی نسل کو پیچان کر مارنے کے لئے فعال تو ہوتا ہے مگر اس نئی نسل کی ساخت میں فرق کی وجہ سے اس کو مار بھگانے میں ناکام رہتا ہے۔ مدافعتی نظام کے اس حملے میں وائرس سے زیادہ جسم کا اپنا نقصان ہوتا ہے۔ اس قسم کے انفیکشن میں اوپر دی گئی علامات کے ساتھ ساتھ معدے کی خرابی، خون کی الٹیاں یا پاخانے میں خون آنا اور جسم کی مختلف جگہوں سے خون بہنا شامل ہیں۔


کیا ڈینگی جان لیوا ہو سکتا ہے؟

ڈینگی کے باعث اگر جسم کے اندر بہت زیادہ خون بہنے لگے یا خون رگوں سے گوشت میں رسنے لگے تو انسان کا بلڈ پریشر خطرناک حد تک کم ہو سکتا ہے اور دماغ کو خون کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے۔ ایسی صورتحال میں ڈینگی بخار جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ 


علاج

میڈیکل سائنس میں کوئی ایسی جراثیم کش دوا یا اینٹی بائیوٹیک موجود نہیں ہے جو ڈینگی کے خلاف اثر رکھتی ہو۔ اس لئے ڈینگی کے شکار مریضوں کو ہسپتال میں داخل کر کے علامات کا علاج کیا جاتا ہے تا کہ پیچیدگیاں پیدا ہونے سے بچا جا سکے۔ 


ڈینگی سے بچاؤ 

چونکہ ڈینگی ایک انسان سے دوسرے انسان تک صرف مچھروں کے ذریعے پھیل سکتا ہے، اس لئے ڈینگی کے خلاف جنگ دراصل اس کو پھیلانے والے مچھروں کے خلاف جنگ ہوتی ہے۔ ڈینگی پھیلانے والا مچھر صاف پانی میں انڈے دیتا ہے اس لئے ڈینگی کی وبا پھیلنے پر صاف پانی کو کھلا چھوڑنے سے منع کیا جاتا ہے۔ 


ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *