خشک خارش کیا ہے؟
خشک خارش (سکابیس یا سکے بیس) جلد کی ایک عام بیماری ہے جس سے دنیا میں سالانہ تیس کروڑ افراد متاثر ہوتے ہیں۔ اس بیماری میں جلد میں شدید خارش محسوس ہوتی ہے۔ یہ بیماری تمام عمر کے افراد کو خواہ وہ مرد ہوں یا عورت اور چاہے وہ کسی بھی معاشی حیثیت کے مالک ہوں متاثر کر سکتی ہے ۔ خشک خارش کی ایک شدید قسم نارویجن خارش ہے جو کہ بوڑھے اور کمزور قوت مدافعت والے لوگوں کو متاثر کرتی ہے –
بیماری کی وجہ
یہ انفیکشن سارکوپٹیز سکابئی نامی ایک کیڑے یا لیکھ کی وجہ سے ہوتا ھے۔ مادہ لیکھیں جلد میں گھس جاتی ہیں اوراس میں سرنگیں بنا کر انڈے دیتی ہیں۔ خشک خارش ایک متعدی بیماری ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ یہ ایک انسان سے دوسرے انسان کو بآسانی لگ سکتی ہے۔ یہ بیماری جلد کے چھونے سے پھیلتی ہے مثلاً ہاتھ ملانے یا گلے ملنے سے۔ اگر آپ ایک متاثرہ شخص کے کپڑے، تولیہ یا بستر وغیرہ استعمال کریں گے تو آپ بھی اس انفیکشن میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔ پالتو جانور اس بیماری کو پھیلانے کا سبب نہیں ہوتے۔ خشک خارش کا خطرہ ان افراد میں زیادہ ہوتا ہے جو ہجوم والے ماحول میں رہتے ہیں یعنی اسکولوں، نرسنگ ھومز یا جیلوں وغیرہ میں۔
علامات
پہلی بار انفیکشن ہونے کی صورت میں علامات ظاہر ہونےمیں 6۔2 ھفتے لگتے ہیں۔ جب کہ دوبارہ متاثر ہونے پر علامات چند دنوں میں ظاہر ہو جاتی ہیں۔ علامات درج ذیل ہیں:
شدید خارش کا ہونا خاص طور پر رات کے وقت۔
جلد پر سرخ دھبے، چھالے یا پھوڑوں کا نمودار ہونا۔
جلد پر باریک، سفید ابھری ہوئی دھاگہ نما لکیروں کا ظاہر ہونا۔
اوپر دی گئی علامات عام طور پر انگلیوں کے درمیان ، مٹھی کے گرد، کہنی کے اندر کی طرف، بغل، کولہوں، سینے، پاؤں کے تلوے اور جینیٹل ایریا (عضو تناسل) میں نظر آتی ہیں۔ کمسن بچوں میں زیادہ ترسر، منہ، چہرے اور گردن پر علامات دکھائی دیتی ہیں۔
مرض کی تشخیص
اگر آپ کو مسلسل خارش کی شکایت ہے تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ ڈاکٹر آپ کا جسمانی معائنہ کرے گا اورتشخیصی علامات ملنے پر خشک خارش کی تشخیص کرے گا۔ ایسا بھی ممکن ہے کہ ڈاکٹر آپ کی جلد کو کھرچ کر اس کے نمونے کو خوردبین میں دیکھ کر مرض کی تصدیق کرے۔
بیماری کا علاج
علاج کے لئے ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے اور خود سے دوا استعمال نہیں کرنا چاہئے۔ یہ ایک دوسرے سے لگنے والی بیماری ہے، اس لیے ڈاکٹر مریض کے قریب رہنے والے افراد کو بھی علاج کروانے کی ہدایت کرتے ہیں۔
علاج میں عام طور پر کریم یا لوشن والی دوا دی جاتی ہے۔ ان میں پرمیتھرِن کریم، کروٹامٹن کریم اور لنڈین لوشن وغیرہ شامل ہیں۔ دوا کو رات میں پورے جسم پر گردن سے پاؤں تک اچھی طرح ملا جاتا ہے اور اگلی صبح دھو کر دھلے ہوئے صاف کپڑے پہن لیے جاتے ہیں۔ کریم ایک رات ہی لگائی جاتی ہے۔ دوا کے اثر سے مائٹ مر جاتے ہیں لیکن خارش میں آرام فوراً نہیں آتا ہے۔ خارش ختم ہونے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ ضروری ہے کہ مریض کے استعمال شدہ کپڑے، تولیے اور چادریں اچھی طرح گرم پانی اور صابن یا بلیچ سے دھوئے جائیں اور انہیں تیز دھوپ میں خشک کیا جائے۔
علامات میں آرام کے لیے ڈاکٹر کچھ اضافی دوائیں بھی دے سکتا ہے۔ ایورمکٹن علاج کے لیے منہ سے کھانے والی دوا ہے۔ اس کو ڈاکٹر نارویجن خارش میں دیتے ہیں یا پھر اگر کریم سے علاج میں مسلسل ناکامی ہو۔ خارش میں آرام نہ آنے کی صورت میں مریض کو ایک ہفتے بعد ڈاکٹر سے دوبارہ رجوع کرنا چاہیئے۔
احتیاطی تدابیر
اپنی مرضی سے کسی بھی دوا یا گھریلو ٹوٹکے کا استعمال مریض کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
متعدی بیماری ہونے کی وجہ سے خشک خارش کے مریض کے جاننے والوں کو اس سے قریبی میل جول سے بچنا چاہیے اور اس کی چیزوں کا استعمال نہیں کرنا چاہئے۔
ایک تبصرہ
آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *