مرگی
امراض،دماغ کے امراض

مرگی

11 July, 2020

مرگی ایک انتہائی پیچیدہ مرض ہے جس کے بارے میں ہمارے معاشرے میں آگاہی کی بہت کمی ہے۔ یہ ایک دماغی مرض ہے جس میں انسان کو دورے پڑتے ہیں۔ ان دوروں کو اردو میں مرگی کے دورے ہی کہا جاتا ہے جبکہ انگریزی میں ان کو seizures کے نام سے جانا جاتا ہے۔ مرگی کے مرض کو سمجھنے کے لئے ہم دماغ کی ساخت اور اس کے کام کرنے کے طریقے پر بات کریں گے۔

 

دماغ کے خلیے

فرض کیجیے کہ انسانی جسم ایک روبوٹ کی مانند ہے۔ اس روبوٹ کو چلانے والے کمپیوٹر کا نام دماغ ہے۔ انسانی دماغ کے اندر مختلف حصے ہوتے ہیں جو جسم کے مختلف کاموں کو کنٹرول کرتے ہیں۔ یہ تمام حصے ننھی ننھی برقی تاروں نما خلیوں سے بنے ہوتے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق انسانی دماغ میں ۱۰۰ ارب ایسے خلیے ہوتے ہیں۔ کمپیوٹر کے مدر بورڈ کی طرح انسانی دماغ میں بھی کرنٹ دوڑتا ہے جس کو ایک جگہ سے دوسری جگہ یہ خلیے لے کر جاتے ہیں۔ قدرت نے اس نظام کو اس قدر مہارت سے بنایا ہے کہ عام طور پر ان ۱۰۰ ارب خلیوں میں سے کسی ایک کا کرنٹ دوسرے خلیے میں شارٹ سرکٹ کے ذریعے داخل نہیں ہوتا۔ 

 

مرگی کے مریض کو دورہ کیوں ہوتا ہے؟

مرگی کے مریضوں کے دماغ میں قدرتی یا حادثاتی طور پر ایسی تبدیلیاں آ جاتی ہیں کہ دماغ کے اندر دوڑنے والا کرنٹ کسی ایک "زخمی" حصے سے دوسرے حصے میں غیر فطری طور پر دوڑنے لگتا ہے۔ اس غیر فطری کرنٹ کو آپ شارٹ سرکٹ سمجھ لیں۔ جب بھی ایسا کرنٹ شارٹ سرکٹ ہو کر دماغ کے بڑے حصے کو متاثر کرتا ہے تو اس کے نتیجے میں مرگی کا دورہ پڑتا ہے۔

 

مرگی کے دورہ کی علامات

جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا کہ دماغ کے مختلف حصے جسم کے حصوں کو کنٹرول کرتے ہیں، اور مرگی کا دورہ دماغ کے کسی ایک حصے یا پورے دماغ کے اندر ایبنامل یا غیر فطری کرنٹ دوڑنے سے ہوتا ہے، اس لئے مرگی کے دورے میں جسم کے مختلف حصوں کی غیر ارادی اور غیر فطری حرکات کی صورت میں ظاہر ہوتی ہیں۔ ان میں ہاتھ پاّوں کا جھٹکے کھانا ( جیسے انسان کو کرنٹ لگ گیا ہو)، جسم کا اکڑ جانا، پلکوں کا بار بار جھپکنا، جبڑے اور زبان کا حرکت کرنا شامل ہیں۔ اگر یہ کرنٹ  دماغ کے شعور والے حصے کو متاثر کرے تو انسان دورے کے دوران ہوش بھی کھو سکتا ہے۔

 

مرگی کی وجوہات

مرگی کے دورے کا باعث بننے والا کرنٹ دماغ کے ایسے حصے سے نکلتا ہے جس کی ساخت یا کارکردگی میں کوئی نقص ہو۔ یہ نقصَ پیدائشی ہو تو پیدائشی یا خاندانی مرگی کا باعث بنتا ہے۔ اس کے علاوہ کسی حادثے یا فالج کے اٹیک سے منسلک دماغی چوٹوں سے بھی مرگی کا مرض لاحق ہو سکتا ہے۔

 

مرگی کا زندگی پر اثر

مرگی کے مریض کے دماغ کا نقص اگر بڑا ہو تو چلنے پھرنے اور بولنے چالنے میں مسائل ہو سکتے ہیں۔ تاہم مرگی کے اکثر مریضوں کو ان کاموں میں مسئلہ نہیں ہوتا۔ لیکن اگر مریض کو مہینے میں کئی بار دورے پڑیں جن میں وہ ہوش کھو بیٹھے اور خود کو زخمی کر لے تو ایسی صورت میں زندگی بہت متاثر ہو سکتی ہے۔ ایسے مریضوں کو طبی اور قانونی طور پر گاڑی یا کوئی بڑی مشین چلانے کی اجازت بھی نہیں ہوتی کیونکہ اگر اس دوران انہیں دورہ پڑ جائے تو وہ خود کو اور دوسرے لوگوں کو نقصان پہنچنے کا باعث بن سکتے ہیں۔ مرگی کے مریضوں میں مرض کے ان پہلووں کی وجہ سے ڈپریشن کا رجحان بھی زیادہ ہوتا ہے۔

 

تشخیص

مرگی کی تشخیص عام طور پر مریض سے دوروں کی تفصیل جان کر کی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دماغِ کا سی ٹی سکین یا ایم۔ آر۔ آئی۔ سکین دماغ کے زخمی حصوں کو ڈھونڈنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ اگر ان چیزوں سے مرگی کی تشخیص بارے شکوک شبہات نہ دور ہوں تو دماغ کی برقی سرگرمی کو ریکارڈ کر کے اس میں غیر معمولی تبدیلیاں ڈھونڈی جا سکتی ہیں۔

 

علاج

مرگی کا علاج عموما دوائیوں سے کیا جاتا ہے جن کا مقصد دوروں کو روکنا ہوتا ہے۔ بعض لوگوں کو ایک دوا سے ہی دوروں کا تسلی بخش کنٹرول حاصل ہو جاتا ہے۔ کچھ لوگوں کو ایک سے زیادہ دوائیں استعمال کرنی پڑتی ہیں۔ اگر دواوں سے دورے کنٹرول نہ ہوں اور مریض کی زندگی کو حد سے زیادہ متاثر کرتے رہیں تو آپریشن کر کے دماغ کا ناقص حصہ نکالا جا سکتا ہے۔

ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *