ذیابیطس کے بینائی پر اثرات
اگر آپ کو ذیابیطس ہے تو آپ کو آنکھوں کے مسائل ہونے کا امکان زیادہ ہوجاتا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ذیابیطس کے آنکھوں پر اثرات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اورعام طور پر وہ مریض زیادہ متاثر ہوتے ہیں جن کی بلڈ شوگر، بلڈ پریشر یا بلڈ کولیسٹرول بڑھا رہتا ہے یا جو سگریٹ نوشی کرتےھیں۔ ایسے مریضوں میں ذیابیطس ریٹینوپیتھی اور موتیا جیسی بیماریاں ہو سکتی ہیں۔ یہ ضروری ہے کہ ذیابیطس کے مرض میں آنکھوں کا معائنہ معالج سے سال میں ایک مرتبہ توضرور کرایا جائے تاکہ نقصان کو شروع کے مرحلے میں ہی پکڑ کر اس پرقابو پا لیا جائے ۔
بینائی متاثر ہونے کی وجہ
ذیابیطس میں خون میں شوگر کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔ اگر لمبےعرصے تک اس کو کنٹرول میں نہ رکھا جائےتو یہ شوگر آپ کی آنکھوں کے ریٹنا اور لینس وغیرہ کو نقصان پہنچاتی ہے۔
ریٹنا آنکھ کے پچھلے حصے میں موجود ایک پردہ ہے جو کہ بینائی کے لیے اہم ھے۔ ذیابیطس کے اس پردے پر نقصان دہ اثرات کو ذیابیطس ریٹینوپیتھی کہتے ہیں۔ ذیابیطس ریٹینوپیتھی میں ریٹنا میں موجود خون کی نالیاں کمزور ہو جاتی ہیں اور ان سے رساؤ ہونے لگتا ھے۔ اسے نان۔پرولیفریٹو ذیابیطس ریٹینوپیتھی کہتے ہیں۔ مزید نقصان پہنچنے کی صورت میں ریٹنا پر نئی خون کی نالیاں پیدا ہو جاتی ہیں۔ اسے پرولیفریٹو ریٹینوپیتھی کہتے ہیں اور اس سے بینائی کافی متاثر ہوتی ہے۔
اسی طرح ہماری آنکھوں میں لینس موجود ہوتی ہے جو کہ زیادہ عمر میں پہنچ کر ابرآلود ہو سکتی ہے اور اس کو ہم موتیا کہتے ہیں۔ ذیابیطس کے شکار افراد میں موتیا نسبتاً کم عمر میں ہو جاتا ھے۔ اس کی وجہ خون میں بڑھی شوگر ہوتی ہے جو کہ لینس میں جمع ہو کر اسے نقصان پہنچاتی ہے –
علامات
عام طور پر علامات تب ظاہر ہوتی ہیں جب آنکھوں کی بیماری بڑھ چکی ہو۔ یہ علامات مندرجہ زیل ہیں:
دھندلا نظر آنا
رنگوں کا دھندلا ہونا یا پھیکا ہو جانا
اندھیرے میں کم نظر آنا
تیرتی ہوئی اشکال، سیاہ ذرات یا لکیریں دکھائی دینا
علاج کیوں ضروری ہے ؟
اگر آپ کو دی گئی علامات محسوس ہوں تو ڈاکٹر سے علاج کروانا بہت اہم ھے ورنہ آنکھوں میں مسئلہ مزید بگڑ جائے گا، یہانتک کہ آپ مستقل طور پر اندھے پن کا شکار ہو سکتے ہیں۔
علاج
علاج کا طریقہ نقصان کی حد کو دیکھتے ہوئے اختیار کیا جاتا ہے۔
ذیابیطس ریٹینوپیتھی اگر شروع کے مرحلے میں ہو تو ڈاکٹر بلڈ شوگر کو قابو میں رکھ کر نقصان بڑھنے سے روکتے ہیں۔ پرولیفریٹو ریٹینوپیتھی کی صورت میں درج ذیل علاج ممکن ہیں:
۱۔ دوائی سے علاج:
اس میں ڈاکٹر آنکھوں میں اینٹی وی ای جی ایف نامی دوا ڈالتے ہیں جو کہ نقصان بڑھنے سے روکتی ہے۔
۲۔ لیزر یا فوٹو کوایگولیشن:
اس میں آنکھوں کا لیزر کی مدد سے علاج ھوتا ہے اور بیماری کو بڑھنے سے روکا جاتا ھے۔
۳۔ وٹریکٹمی:
یہ آنکھوں میں کی جانے والی ایک سرجری ہے۔
۴۔موتیا کا علاج:
موتیا کا علاج سرجری کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ دھندلی لینس نکال دی جاتی ہے اور اس کی جگہ مصنوعی لینس لگا دی جاتی ہے۔ اس کے بعد آپ کی بینائی بہتر ہو جاتی ہے۔
اہم تدابیر
ذیابیطس والے افراد کو چاہیے کہ وہ سال میں کم از کم ایک مرتبہ آنکھوں کا معائنہ ضرور کروائیں۔ اس کے علاوہ سگریٹ نوشی سے گریز کریں اور اپنے بلڈ پریشر، بلڈ شوگر اور بلڈ کولیسٹرول کو کنٹرول میں رکھیں۔
ایک تبصرہ
آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *