نمونیا
امراض،سانس کے امراض

نمونیا

نمونیا پھیپھڑوں کا ایک انتہائی خطرناک مرض ہے جو تمام عمر کے لوگوں کو متاثر کرتا ہے، لیکن خاص طور پر  بزرگ اور چھوٹے بچے  اس کا شکار بنتے ہیں۔ پاکستان میں سالانہ  ایک کروڑ   کم عمر  بچے  نمونیا کا شکار ہو جاتے ہیں۔

 

نمونیا کی اقسام

نمونیا کی مختلف اقسام  درج ذیل ہیں:

 

1.   بیکٹیریائی نمونیا:

اگرچہ بہت سے بیکٹیریا نمونیا کا سبب بن سکتے ہیں لیکن سب سے عام  بیکٹیریم کا نام سٹریپٹو کو کس نمونیا ئی ہے۔ نمونیا کی وجہ سے ہونے والی اموات کی سب  سے بڑی وجہ یہی بیکٹیریا ہے۔

 

2.   وائرل نمونیا: 

 وائرل نمونیا علامات کی شدت کے لحاظ سے  بیکٹیریائی نمونیاسے کافی  کم خطرناک ہوتا ہے۔

 

3.   فنگل نمونیا:

 اگرچہ مختلف قسم کی فنگس بھی نمونیاکی وجہ بن سکتی ہے  لیکن ایسے کیس پاکستان میں بہت کم دیکھنے کو ملتے ہیں۔

 

4.   ایسپریشن نمونیا:

 یہ نمونیا جراثیم کی وجہ سے نہیں ہوتا بلکہ یہ تب ہوتا ہے ،  جب سانس کی نالی میں خوراک  یا پانی داخل ہوجائے، جس کی وجہ  سے پھیپھڑوں کے اندر ایک کیمیائی ری ایکشن شروع ہو جاتا ہے۔

 

نمونیا کی علامات

نمونیا کی ابتدائی علامات عام نزلہ زکام  یعنی فلو سے ملتی جلتی ہوتی ہیں۔ ان ابتدائی علامات کے بعد متاثرہ شخص  کو تیز بخار، کپکپاہٹ  اور بلغم کے ساتھ  کھانسی شروع ہو جاتی ہے۔نمونیا کی عام علامات درج ذیل ہیں:

◄   کھانسی

◄   بلغم

◄   بخار

◄   سانس لینے میں دشواری

◄   کپکپاہٹ

◄   سینے میں درد جو گہراسانس لینے سے مزید بڑھ جاتا ہے

◄   تھکاوٹ اور کمزوری

◄   سر درد  اور متلی

 

نمونیا کی تشخیص کیسے کی جاتی ہے؟

اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ میں نمونیا کی علامات واضح ہو رہی ہیں تو فورا اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ ڈاکٹر آپ کا مکمل معائنہ کرے گا اور اگر نمونیا کا شک ہوا تو  آپ کے سینے کا  ایکسرے کرایا جائے گا۔

 

نمونیا کا علاج کیسے کیا جاتا ہے؟

نمونیہ کا علاج اس کی قسم اور شدت پر منحصر ہے۔ بیکٹیریائی قسم کے نمونیا کا علاج عام طور پر اینٹی بائیوٹک دوائیوں سے کیا جاتا ہے۔نمونیا کی علامات کو کم کرنے کے لیے  ڈاکٹر حضرات کچھ دوائیاں تجویز کرتے ہیں۔ ان دوائیوں میں بخار کم کرنے والی گولیاں اور کھانسی کا شربت شامل ہیں۔ اگر علامات شدت اختیار کر جائیں، تو مریض کا اسپتال میں داخلہ ضروری ہوجاتا ہے۔ بعض اوقات مریض کو آکسیجن لگانے کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے۔ نمونیا کے بیشتر مریض ایک سے تین ہفتوں کے  اندر صحت یاب ہوجاتے ہیں

 

نمونیہ کا خطرہ  کن لوگوں میں زیادہ ہوتا ہے؟

◄   پانچ سال سے کم عمر کے بچے

◄   65 سال سے زاید عمر کے بزرگ

◄   دمے کے مریض

◄   سگریٹ پینے والے افراد

◄   وہ افراد جو شوگر، ایڈز یا کینسر جیسی بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں

 

نمونیا سے کیسے بچا جائے؟

خوش قسمتی سے نمونیا ان بیماریوں میں شامل ہے جن کی ویکسین ایجاد ہوچکی ہے اور  آسانی سے دستیاب ہے۔

لیکن نمونیا کی ویکسین کچھ مخصوص طبقات میں استعمال کی جاتی  ہے جیسے کہ:

◄   65 سال سے زائد عمر کے بزرگ

◄   ذیابیطس کے شکار لوگ

◄   دل، پھیپھڑوں یا گردوں کے مریض

◄   سگریٹ نوش افراد

 

واضح رہے کہ  یہ ویکسین نمونیا سے مکمل بچاؤ فراہم نہیں کرتی، لیکن یہ نمونیا سے متاثر ہونے کے خطرے کو کافی حد تک کم کر دیتی ھے۔

 

ویکسین کے علاوہ مندرجہ ذیل تدابیر سے بھی نمونیا سے بچاؤ ممکن ہے:

◄   ہاتھ باقاعدگی سے دھونا۔

◄   کھانستے یا چھینکتے وقت اپنے منہ اور ناک کو ڈھانپ لینا۔

◄   سگریٹ نوشی ترک کر دینا۔

◄   باقاعدگی سے ورزش کرنا۔

◄   نمونیا کے مریضوں کے ارد گرد حفاظتی تدابیر اختیار کرنا۔

◄   ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر اینٹی بایوٹکس استعمال کرنے سے پرہیز کرنا۔ 

ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *