ہیپاٹائٹس (یرقان)‏
امراض،متعدی امراض

ہیپاٹائٹس (یرقان)‏

01 August, 2020

جگر کیا کام کرتا ہے؟

جگر انسانی جسم کا ایک بہت اہم عضو ہے جس کے بغیر زندہ رہنا ممکن نہیں۔ جگر جسم کے اندر سیکڑوں مختلف کام کرتا ہے مگر اس کے چند ایک سب اہم کاموں میں جسم سے زہریلے مادوں کا صفایا کرنا، خون کو جمانے والے پروٹین بنانااور خون میں پائے جانے والے دیگر بہت اہم اجزاء بنانا شامل ہے۔ اگر کسی بھی وجہ سے جگر اپنا کام کرنا بند کر دے تو جسم میں بڑی تیزی سے زہریلے مادے جمع ہونا شروع ہو سکتے ہیں جن کا بالواسطہ اثر دماغ پر ہوتا ہے اور انسان کومہ میں جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جسم کے کسی بھی حصے سے اگر خون بہنے لگے، تو اس کو جمانے والے پروٹین نہ ہونے کی وجہ سے جسم کا سارا خون کچھ ہی دیر میں بہہ سکتا ہے۔

 

ہیپاٹائٹس کیا ہے؟

ہیپاٹائٹس جگر کی سوزش کا نام ہے۔ کسی بھی وجہ سے اگر جگر میں وقتی سوزش آ جائے تو اس کو میڈیکل کی زبان میں ہیپاٹائٹس کا نام دیا جاتا ہے۔ عوام الناس میں ہیپاٹائٹس کا لفظ عموما وائرس جو کہ بیماری پھیلانے والا ایک جراثیم ہے،  کی وجہ سے جگر کی سوزش کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ وائرس کی وجہ سے ہیپاٹائٹس کی پانچ مختلف اقسام )اے، بی ، سی ، ڈی ، ای( لاحق ہو سکتی ہیں جن میں سب سے زیادہ بدنام بی  اور سی ہیں۔ ہیپاٹائٹس اے اور ای کو ایکیوٹ یا فوری طور پر ظاہر ہونے والا ہیپاٹائٹس کہا جاتا ہے۔ یہ اقسام کچھ ہی ہفتوں میں جگر میں خاطر خواہ سوزش پیدا کرتی ہیں اور اگر انسان کا جسم اور جگر پہلے سے صحتمند ہو تو اکثر لوگوں میں یہ سوزش چند دنوں میں ختم ہو جاتی ہے اور مریض مکمل طور پر صحتیاب ہو جاتا ہے۔ دوسری طرف ہیپاٹائٹس بی ، سی اور ڈی کرا نیک یا لمبے عرصے تک چلنے والی سوزش کا نام ہے۔ ان اقسام میں جسم وائرس کا مکمل صفایا نہیں کر پاتا اور وائرس جگر میں چھپ کر آہستہ آہستہ اس کو نقصان پہنچاتا رہتا ہے۔ یہ عمل کئی سالوں تک جاری رہتا ہے، حتی کہ جگر مکمل طور پر ناکارہ ہو جاتا ہے اور اس موقع پر مریض کی جان بچانے کا واحد طریقہ جگر کا ٹرانس پلانٹ ہوتا ہے۔

 

ہیپاٹائٹس کی علامات کیا ہیں؟

ہیپاٹائٹس کی فوری علامات میں الٹی متلی، بھوک نہ لگنا، آنکھیں اور جسم پیلا ہونا-پیلیا ، اور جسم اور جوڑوں میں درد شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بخار بھی مریضوں میں دیکھا جا سکتا ہے۔

ہیپاٹائٹس بی اور سی میں فوری علامات عموما نہیں دیکھی جاتیں اور جگر کی آہستہ آہستہ خرابی کی وجہ سے  بھوک نہ لگنا، وزن کم ہونا اور جسمانی کمزوری  زیادہ محسوس ہوتے ہیں۔ بیماری کے شروعاتی کچھ مہینوں یا سالوں میں مریض کو کسی قسم کی علامات محسوس نہیں ہوتیں جس کی وجہ سے مرض کا پتہ اس وقت چلتا ہے جب جگر کو خاطر خواہ نقصان پہنچ چکا ہوتا ہے۔

 

ہیپاٹائٹس کا وائرس کیسے پھیلتا ہے؟

ہیپاٹائٹس اے اور ای کے وائرس جو کہ جگر کی وقتی سوزش کراتے ہیں، خوراک اور پانی کے راستے سے پھیلتے ہیں۔ اکثر بازار کے کھانے اور آلودہ پانی کا استعمال ہیپاٹائٹس اے اور ای کا سبب بنتے ہیں۔

ہیپاٹائٹس بی، سی اور ڈی کے وائرس جسم کے مائع جات اور رطوبات کے ذریعے پھیلتے ہیں۔ اس میں  خون چڑھانا، جنسی تعلقات  اور ماں سے بچے کو منتقل  ہونا شامل ہیں۔ یہ جراثیم مریض کے برتن استعمال کرنے سے نہیں پھیلتے ۔

 

ہیپاٹائٹس کا علاج کیسے کیا جاتا ہے؟

ہیپاٹائٹس اے اور ای کا علاج مریض کے جسم  کو رسمی سپورٹ دینے سے کیا جاتا ہے تا کہ جسم کے اوپر بیماری کا دباو نہ پڑے۔ اس میں  پانی اور نمکیات کی ڈرپ لگانا، خوراک کی کمی کو دور کرنا، الٹیوں کی دوا دینا وغیرہ شامل ہوتے ہیں۔ وائرس کا مقابلہ جسم کا مدافعتی نظام خود کرتا ہے اور وائرس کو مارنے کے لئے کوئی دوانہیں دی جاتی ۔

دوسری جانب ہیپا ٹائٹس بی اور سی چونکہ جسم کے مدافعتی نظام کے کنٹرول میں نہیں آتے ، اس لئے ان کے وائرس کو مارنے کے لئے وائرس کش دوا دینی پڑتی ہے۔ یہ دوا چھے مہینے سے لے کر ایک سال تک دینی پڑتی ہے اور اس کے بعد ہر سال ٹیسٹ کروا کر دیکھنا ہوتا ہے کہ کہیں وائرس خون میں واپس تو نہیں آ گیا۔ اگر خون میں دوبارہ وائرس کے اثرات نظر آئیں تو دوا پھر سے شروع کرنی پڑتی ہے۔

 

جگر کا ناکارہ ہونا

بعض مریضوں میں مرض اس قدر دیر سے تشخیص ہوتا ہے کہ مریض کا جگر ناکارہ ہو چکا ہوتا ہے۔ اس مقام پر وائرس کش دوائیاں بھی جگر کی کارکردگی بڑھانے میں ناکام ہو جاتی ہیں۔ ایسے مریضوں کی جان بچانے کے لئے جگر کا ٹرانس پلانٹ کیا جاتا ہے جس میں کسی دوسرے انسان کے جگر کا ٹکڑا مریض کے جسم میں نصب کی جاتا ہے۔ 

ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *