دمہ
امراض،سانس کے امراض

دمہ

11 July, 2020

دمہ یا ایستھما بچوں اور بڑوں دونوں میں پائی جانے والی ایک بیماری ہے۔ اس بیماری میں انسان کو سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے جو گرد و غبار میں سانس لینے سے اور خاص موسموں میں بڑھ جاتی ہے۔ بعض اوقات دمے کا دورہ پڑنے پر یہ دشواری اس قدر سنگین ہو سکتی ہے کہ انسان کی جان خطرے میں پڑ جائے۔ اس مضون میں ہم دمے کے بارے میں مفید معلومات فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ 


پھیپھڑوں کی ساخت

انسان کے پھیپھڑوں کی مثال دو بڑے غباروں جیسی ہے مگر عام غباروں اور پھیپھڑوں میں فرق یہ ہے کہ جہاں عام غبارے کا ایک ہی پیٹ ہوتا ہے، پھیپھڑوں میں ننھے ننھے لاکھوں کروڑوں چھوٹے چھوٹے اور غبارے ہوتے ہیں جن کے ایک ساتھ پھولنے اور سکڑنے سے پورے پھیپھڑے پھولتے اور سکڑتے ہیں۔ جب ہم سانس لیتے ہیں تو ہوا سانس کی نالی سے گزر کر چھوٹے چھوٹے پائپ نما راستوں سے گزر کر ان ننھے غباروں تک پہنچتی ہے۔ ان غباروں کی دیواروں میں سے خون کی رگیں گزرتی ہیں جو ہوا میں موجود آکسیجن کو خون میں جذب کر لیتی ہیں۔ 


دمہ کی وجوہات 

پھیپھڑوں کے ننھے غباروں کو ہوا پہنچانے والے چھوٹے چھوٹے پائپ اپنا منہ کھلا اور تنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اگر ہوا میں کوئی ایسا مادہ یہ ذرات ہوں جو پھیپھڑوں کو تکلیف پہنچائیں تو یہ پائپ سکڑ کر ہوا کو پھیپھڑوں میں داخل ہونے سے روک سکتے ہیں۔ دمہ کے مریضوں میں یہ پائپ عام لوگوں کی نسبت زیادہ حساس ہوتے ہیں اور ہوا کے اندر گرد و غبار یا دیگر ذرات کی موجودگی میں اس قدر سکڑ سکتے ہیں کہ ہوا پھیپھڑوں میں ٹھیک سے بھر نہِیں پاتی۔ ایسی صورت میں انسان کو سانس بند ہونے اور دم گھٹنے کا احساس ہوتا ہے۔ 


علامات 

دمے کے دورے کی علامات میں کھانسی، دم گھٹنے کا احساس، سانس لینے میں دشواری، سانس لیتے ہوئے سیٹی کی آواز آنا شامل ہیں۔ دمے کی کھانسی کے ساتھ عموما بلغم نہیں نکلتا اور اگر نکلے بھی تو اس کا رنگ صاف ہوتا ہے۔ اگر کھانسی کے ساتھ پیلا بلغم نکلے تو یہ انفیکشن کی نشانی ہو سکتی ہے۔ 


تشخیص

دمے کی تشخیص علامات، پھیپھڑوں کے معائنے کی مدد سے کی جا سکتی ہے۔ اگر کسی مریض میں میں علامات اور معائنے سے دمے کی تشخیص نہ ہو سکے تو پھیپھڑوں کی کارکردگی کے ٹیسٹ سے اس کی تشخیص کی جا سکتی ہے۔ اس ٹیسٹ میں مریض کو ایک مشین سے جڑے پائپ سے سانس کھینچنے اور سانس باہر نکالنے کو کہا جاتا ہے۔ دمہ کے شکار لوگ سانس کی چھوٹی نالیوں کے سکڑنے کی وجہ سے ٹھیک سے سانس نہیں لے پاتے جس کو مشین ریکارڈ کرتی ہے۔ 


علاج

دمہ کا مرض اکثر لوگوں میں بچپن میں یا لڑکپن میں تشخیص ہوتا ہے۔ کچھ لوگوں میں یہ مرض جوانی میں خود بخود ختم ہو جاتا ہے جبکہ دوسروں میں یہ ساری زندگی جاری رہ سکتا ہے۔ مرض کی شدت کے لحاظ سے مریضوں کو مہینے میں ایک بار سے لے کر روزانہ بھی دورے پڑ سکتے ہیں۔ دمے کے دوروں کے درمیان عموما مریض بالکل ٹھیک ٹھاک ہوتے ہیں۔

 دمہ کے علاج کے دو اہداف ہوتے ہیں:

  1. پہلا ہدف دوروں کی کثرت کم کرنا ہوتا ہے ۔

  2. دوسرا ہدف دوروں کے درمیان سانس بحال کر کے دورے کوختم کرنا ہوتا ہے۔ 

جن لوگوں کو ہر روز یا ہفتے میں متعدد بار دورے نہ پڑتے ہوں، ان کو صرف دورے کے دوران سانس بحال کرنے کے لئے انہیلر دیا جاتا ہے جو دوا کو سانس کے راستے پھیپھڑوں تک پہنچاتا ہے۔ 

جن لوگوں کو دورے بہت کثرت سے پڑتے ہوں، ان کو انہیلر یا گولیوں کی صورت میں دوروں کی کثرت کم کرنے کی دوا بھی دی جاتی ہے۔ اگر کسی مریض کے دورے ان دواوں سے بھی کنٹرول نہ ہوں تو پھر سٹیرائڈ کا آپشن استعمال کیا جا سکتا ہے۔ 


احتیاط

دمے کے کچھ مریضوں کو دھول ، مٹی ، سردی ، جانوروں کے بالوں وغیرہ سے دمے کا دورہ پڑ سکتا ہے۔ اسی طرح بہار کے موسم میں فضا میں پھولوں کے ننھے ننھے بیج پھیلنے سے بھی لوگوں کو دمے کا دورہ پڑ سکتا ہے۔ دمے کے مریضوں کو ڈاکٹر عموما ان چیزوں سے بچنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ 


ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *