لیوکیمیاء
امراض،کینسر اور خون کے امراض

لیوکیمیاء

14 March, 2021

لیوکیمیاء

ہم اپنے جسم کے نظر آنے والے ہر عضو اور ہر حصے  کا پوری طرح خیال رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہماری  یہی کوشش  ہوتی ہے کہ ہم اپنے چہرے، منہ، آنکھوں، ناک، کانوں،  ہاتھوں اور پیروں کو کسی بھی طرح کی چوٹ اور زخم لگنے سے محفوظ رکھیں اوراگر  ہمارے جسم کے ان حصوں میں سے کسی کو نقصان پہنچ بھی جائے تب  ہم ان کو پہنچنے والے  نقصان کے ازالے کیلئے ہر ممکن حد تک جاتے ہیں۔

لیکن ہمارے  جسم کا  ایک ایسا حصہ بھی ہے جو نہ ہی  ہمارے جسم کے  دوسرے حصوں کی طرح ہمیں نظر آتاہے اور  نہ ہی ہمارےجسم کے دوسرے حصوں کی طرح اپنی اپنی جگہ موجود رہتا ہے بلکہ جسم کے اس حصے کا مسلسل گردش میں رہنا ہی ہم سب کی زندگیوں کی ضمانت ہے۔جسم کے اس بہتے ہوئے حصے کو خون کہا جاتا ہے اور خون کی اہمیت سے انکار کسی طور بھی ممکن نہیں۔

خون کی بیماریاں جسم کے باقی حصوں کی بیماریوں کی نسبت زیادہ خطر ناک اور جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں۔ اس آرٹیکل میں ہم ایسی ہی ایک بیماری کی بات کریں گے جسے لیوکیمیاء  کہاجاتا ہے۔لیوکیمیاء کا شمار خون کےخطرناک ترین سرطانوں میں ہوتا  ہے۔ 

 

انسانی خون اور سفید خلیئے

انسانی خون میں شامل سفید خلیئے جسم کی حفاظت کا کام سر انجام دیتے ہیں۔ ان سفید خلیوں کو دو بڑی اقسام مائلو سائٹس(Myelocytes) اورلمفوسائٹس (Lymphocytes)میں تقسیم کیا جاتا ہے۔  مائلو سائٹس میں چار مختلف خلیوں  یعنی نیوٹروفلز(Neutrophils)، ایوزینوفلز(Eosinophils)،بیزوفلز(Basophils)اور مونوسائٹس (Monocytes)کوجبکہ لمفوسایئٹس میں دو مختلف خلیوں بی سیلز(B-Cells) اور ٹی سیلز(T-Cells)کو شمار کیا جاتا ہے۔

لیوکیمیاء خون کے انہی سفید خلیوں کو لاحق ہونے والے سرطان کا نام ہے کہ جس میں یہ خلیئے بہت بڑی تعداد میں بننے لگتے ہیں اور مختلف جسمانی تبدیلیوں کا باعث بنتے ہیں۔

 

لیوکیمیاء کیوں ہوتا ہے؟

انسانی خون میں شامل  سرخ اور  چھ میں سے چارسفید خلیوں (یعنی مائلوسائٹس) کے بننے کا عمل لمبی ہڈیوں(ران ، سینے، بازو)کے گودے ( (bone marrowمیں وقوع پذیر ہوتا ہے۔ ان خلیوں کے بننے کا یہ عمل  مختلف مراحل پر مشتمل ہوتا ہے ۔ ہر مرحلے پر ان خلیوں کی تقسیم ہوتی ہے جس کی وجہ سے ان کی ساخت اور شکل و صورت میں تبدیلی ہوتی رہتی ہے۔ اپنے سب سے پہلے  مرحلے(initial stage) پر ان خلیوں کو بلاسٹ سیل کہا جاتا ہے اور لیوکیمیاء میں یہی بلاسٹ سیل نہ صرف زیادہ تعداد میں بننے لگتے ہیں بلکہ اپنی حتمی شکل میں تبدیل ہونے کے بجائے بالواسطہ خون میں شامل ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔اس عمل کی وجہ سے خون میں ان خلیوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہونے لگتا ہے جس کے بعد یہ  مختلف جسمانی اعضاء مثلاٌتلّی، جگر، غدود تیموسیہ(Thymus Gland)    اور ٹانسلز کو نقصان پہنچانا شروع کر دیتے ہیں۔

 

لیوکیمیاءکا خطرہ کیسے بڑھتا ہے؟

عادی سگریٹ نوش افراد، خون کی دیگر بیماریوں میں مبتلا افراد ، کسی دوسرے سرطان  کا علاض کروانے والے او ر بہت زیادہ دیر تک مقناطیسی شعاؤں کے زیر اثر رہنے والے افراد کیلئے لیوکیمیاء میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

 

لیوکیمیاء کی علامات

لیوکیمیاء کی چند عام علامات درج ذیل ہیں:

◄   بار بار بخار میں مبتلا ہونا اور کپکپی کا طاری ہونا؛

◄   وزن کا تیزی سے کم ہونا؛

◄   ہڈیوں میں سوجن اور درد کامحسوس ہونا؛

◄   آسانی سے بیمار پڑ جانا، با ر بار بیمار پڑ جانا؛

◄   ناک سے خون کا بار بار بہنا؛

◄   تلّی اور جگر کا بڑھ جانا؛

◄   جسم کے مختلف حصوں میں گلٹیوں (Lymph Nodes)کا نمایاں ہو جانا اور

◄   جسم پہ چھوٹے چھوٹے لال دھبوں کا نمودار ہو جانا

 

لیوکیمیاء کا علاج

لیوکیمیاء کے علاج کیلئے مختلف طریقے استعمال کئے جاتے ہیں جس میں سب سے مقبول طریقہ کیمو تھراپی ہے۔ اگر علاج کامیاب ہو جائے تو لیوکیمیاء کے اکثر مریض مکمل طور پر صحتیاب ہو جاتے ہیں۔

 

ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *