ہم میں سے ہر ایک نے ہارٹ اٹیک کا نام سنا ہے
اور کسی نہ کسی اپنے کو اس جان لیوا بیماری کے ہاتھ کھویا ہے. یہاں تک کہ ٹی وی
ڈراموں میں بھی جب کسی کی ناگہانی موت دکھانی ہو تو ہارٹ اٹیک کو وجہ موت بتایا
جاتا ہے. اس مضمون میں میں ہم دل کی ساخت اور کام کو بیان کریں گے اور اس کے بعد
ہارٹ اٹیک کے بارے میں آپ کو آگاہ کرنے کی کوشش کریں گے.
انسانی دل کی ساخت
انسانی دل کا کام پمپ کے جیسا ہوتا ہے مگر اس
عضو میں ایک نہیں بلکہ دو پمپ ایک ساتھ جڑے ہوتے ہیں. دایاں پمپ جسم سے آنے والے
خون کو پھیپھڑوں کی طرف آکسیجن حاصل کرنے بھیجتا ہے جبکہ دوسرا پمپ پھیپھڑوں سے
واپس آنے والے خون کو جسم کی طرف آکسیجن کی فراہمی کے لیے بھیجتا ہے. دل کے یہ پمپ
تھیلی نما ہوتے ہیں اور ان تھیلیوں کی دیواریں دل کے پٹھوں سے بنی ہوتی ہیں. ان
پٹھوں کی حرکت سے یہ تھیلیاں سکڑتی ہیں اور ان میں موجود خون تیزی سے رگوں میں
دوڑتا ہے. دل کے اندر ایک پیس میکر نامی حصہ ہوتا ہے جو دل کے دھڑکنے کی رفتار کو
کنٹرول کرتا ہے.
دل کو خون کی فراہمی کی معطلی
باقی تمام اعضاء
کی طرح دل بھی خون کی فراہمی کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا. اگر کسی وجہ سے دل کے کسی
ایک حصہ کو خون کی فراہمی بند ہو جائے تو دل کا پمپ بند ہو جاتا ہے. اس کے نتیجے
میں پورے جسم اور خاص کر دماغ کو خون پہنچنا بند ہو جاتا ہے جس سے انسان کی موت
واقع ہو جاتی ہے.
یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ دل کے پمپ بند
ہونے سے جسم کو خون کی سپلائی معطل ہونا تو سمجھ آتا ہے، مگر خود دل کو خون کی
سپلائی کیونکر معطل ہوتی ہے. اس سوال کا جواب دل کو خون فراہم کرنے والی شریانوں
میں ہے. جیسے جیسے انسان بوڑھا ہوتا ہے، دل کی شریانیں سخت ہونے لگتی ہیں اور ان
کی دیواروں پر اندر کی طرف سے کولیسٹرول جمنے لگتا ہے. کولیسٹرول کی یہ تہہ وقت کے
ساتھ ساتھ موٹی ہوتی جاتی ہے اور دل کی شریانیں تنگ ہو جاتی ہیں. اگر کولیسٹرول کی
تہہ بہت موٹی ہو جائے تو یہ دل کی شریان کو بند کر سکتی ہے جس سے دل کے پٹھوں کو
خون ملنا بند ہو جاتا ہے جو ہارٹ اٹیک کہلاتا ہے.
ہارٹ اٹیک کے بعد..
ہارٹ اٹیک دل کی دیواروں کے مختلف حصوں کو متاثر
کر سکتا ہے. متاثرہ دیوار کے سائز اور جگہ کے لحاظ سے دل کے دورے کے مختلف نتائج
ہو سکتے ہیں. اگر دل کی دیوار کا ایک بڑا حصہ متاثر ہو تو دل کے پمپ کی کارکردگی
شدید کم ہو سکتی اور جسم کے اعضاء کو خون کی فراہمی رک سکتی ہے. اس کے نتیجے میں
انسان کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔ اگر ہارٹ اٹیک دل کے نسبتا چھوٹے حصے کو متاثر
کرے تو اس سے دل کے پمپ کی کارکردگی کم تو ہوتی ہے مگر دماغ کو خون فراہم کرنے کے
قابل رہتی ہے۔ اس طرح کے ہارٹ اٹیک میں انسان کی جان بچ جاتی ہے مگر دوسری کئی
پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
ہارٹ اٹیک کے اسباب
جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا کہ دل کا دورہ پڑنے
کی وجہ دل کی شریانوں کا تنگ ہونا ہے، اس لئے دل کے دورے کے امکانات ان تمام چیزوں
سے بڑھتے ہیں جو دل کی شریانوں کے تنگ ہونے کا باعث بنیں۔ ان چیزوں میں ہائی بلڈ
پریشر، شوگر، تمباکونوشی اور کولیسٹرول کا مرض شامل ہیں۔ جن لوگوں کے خاندان میں دل کی بیماری زیادہ
پائی جاتی ہو، ان کو دل کا اٹیک ہونے کے امکانات عام لوگوں سے زیادہ ہوتے ہیں۔ اس
کے علاوہ دل کی بیماری کا تعلق عمر سے بھی ہوتا ہے۔ مردوں میں پچاس سال کے بعد اور
عورتوں میں ساٹھ سال کے بعد دل کی بیماری کے امکانات بڑھتے ہیں۔
دل کی شریانوں کی بیماری کا علاج
دل کی شریانوں کی بیماری سے بچنے کا سب سے موثر
طریقہ صحت مند غذا کا استعمال اور ورزش
ہے۔ جن لوگوں کو شوگر یا بلڈ پریشر کا مرض لاحق ہو، ان پر لازم ہے کہ وہ اپنے بلڈ
پریشر اور شوگر کو کنٹرول میں رکھیں۔ سگریٹ نوشی کے استعمال سے دل کی شریانوں میں سوزش
آتی ہے اور ان رگوں میں خون کے جمنے کے امکانات بڑھتے ہیں۔ اس لئے سگریٹ نوشی کا
استعمال ترک کرنا نہایت اہم ہے۔
دل کی بیماری سے بچانے والی ادویات میں خون کو
پتلا کرنے والی ادویات شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کولیسٹرول گھٹانے والی ادویات
بھی دل کے اٹیک سے بچاتی ہیں۔ ان ادویات کا استعمال صرف ڈاکٹر کے مشورے سے ہی کیا
جانا چاہیے۔
جن لوگوں کے دل کی شریانیں بہت تنگ ہو گئی ہوں،
ان کو دل کا سٹنٹ ڈلوانے یا دل کا بائی پاس کروانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ سٹنت کی
مثال ایک دھاتی پائپ کی سی ہے جس کو شریان کے اندر نصب کر دیا جاتا ہے اور یہ دل
کی تنگ ہوتی ہوئی شریان کو کھلا رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ بائی پاس ایک بڑے
اپریشن کا نام ہے جس میں دل کی شریانوں کی پیوند کاری کی جاتی ہے۔
پرہیز
جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا، دل کی بیماری سے
بچنے کے لئے صحت مند غذا کا استعمال ضروری ہے۔ جکنی ااور تلی ہوئی چیزوں کی مقدار
کم رکھتے ہوئے سبزیوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا چاہیے۔ باقاعدگی سے ورزش
کرنے سے خوراک سے حآصل ہونے والی اضافی توانائی چربی میں تبدیل ہونے کی بجائے ورزش
میں خرچ ہو جاتی ہے اور دل کی شریانوں کے مرض کے امکانات کم ہوتے ہیں۔
ایک تبصرہ
آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *