کارپل ٹنل سنڈروم انسانی ہاتھ کو متاثر کرنے
والی ایک بیماری ہے۔ اس میں ہاتھوں میں درد، سن پن اور کمزوری کی شکایات ہوتی ہیں۔
ہاتھ کے پٹھے اور اعصا
انسان کے ہاتھ میں کل ستائیس کے قریب ہڈیاں ہوتی
ہیں جن کے درمیان ایک درجن سے زیادہ جوڑ ہوتے ہیں۔ ہاتھ اور بازومیں پائے جانے
والے پٹھے ان ہڈیوں کی حرکت کا باعث ہوتے ہیں۔ ہاتھ اور بازو کے پٹھوں اور جلد پر
موجود چھونے کی حس کو دماغ سے جوڑنے کا کام اعصاب کرتے ہیں جو تاروں کی مانند ہوتے
ہیں۔یہ اعصابی تارین میڈیکل کی زبان میں "نروَ" کہلاتی ہیں۔
نروَ یا اعصابی تاروں کی خرابی
اگر جسم کے کسی حصے کو دماغ سے جوڑنے والی اعصابی تار میں خرابی
آئے تو دماغ اس کو اس مخصوص حصے میں درد
کے طور پر محسوس کرتا ہے۔اس کے علاوہ اس حصے کی جلد میں چھونے کی حس متاثر ہونے سے سن پن ہوتا ہے۔ اگر
یہ تار کسی قسم کے پٹھوں کو دماغ سے جوڑتی ہو تو ان پٹھوں کا دماغ سے رابطہ منقطع
ہونے سے ان کی حرکت میں کمزوری پیدا ہوتی ہے۔
کارپل ٹنل سنڈروم کیا ہے؟
ہاتھوں کی چھونے کی حس اور پٹھوں کو کنٹرول کرنے
والی اعصابی تاروں میں سے ایک تار "میڈین نروَ" ہے ۔ یہ تار بازو اور کلائی سے ہوتی ہوئی ہاتھ تک پہنچتی ہے۔
کلائی کے حصے میں یہ پٹھوں، ہڈیوں اور گوشت سے بنی ایک سرنگ )انگریزی میں "ٹنل"( سے گزرتی ہے جس کو کارپل ٹنل کہتے ہیں۔اس
سرنگ کے تنگ ہونے سے میڈین نرو پر پریشر پڑتا ہے اور اس میں خرابی پیدا ہو سکتی ہے
جسے کارپل ٹنل سنڈروم کہتے ہیں۔ میڈیکل زبان میں سنڈروم کا مطلب بیماری ہوتا ہے،
تو کارپل ٹنل سنڈروم کا مطلب کارپل ٹنل کی بیماری ہے۔ کارپل ٹنل سنڈروم ہاتھ کے
اعصاب کی سب سے عام بیماری ہے ۔
کارپل ٹنل سنڈروم کی وجوہات
کارپل ٹنل کے تنگ ہونے کی ایک بڑی وجہ ہاتھوں کے
استعمال کا طریقہ ہے۔ ہاتھوں سے کیے جانے والے چند سخت کام کارپل ٹنل سنڈروم کا
باعث بن سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر ہاتھ سے کام کرنے والے مکینک حضرات، ڈرائیور
حضرات اور کمپیوٹر پر کام کرنے والے لوگوں میں کلائی پر بار بار پریشر پڑتا ہے جس
سے کارپل ٹنل تنگ ہو کر نروَ پر دباو ڈال سکتی ہے۔
ہاتھوں سے سخت کام کرنے کے علاوہ چند اور چیزیں
بھی کارپل ٹنل سنڈروم کے امکانات بڑھاتی ہیں، جن میں سے کچھ درج ذیل ہیں:
◄ موٹاپا
◄ شوگر کا مرض
◄ جوڑوں کا مرض
◄ تھائیرائڈ کی کمی
◄ حاملہ خواتین کو بھی کارپل ٹنل
سنڈروم ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔
علامات
چونکہ کارپل ٹنل سے گزرنے والی میڈین نروَ ہتھیلی ، انگوٹھے ، شہادت کی انگلی اور درمیانی
انگلی میں چھونے کی حس اور ان کی حرکت کو
کنٹرول کرتی ہے، اس لئے اس کے خراب ہونے سے یہ علامات ہو سکتی ہیں:
◄ انگوٹھے ، شہادت کی انگلی اور درمیانی انگلی میں درد
◄ ہاتھ میں سوئیاں چبھنے جیسا احساس
اور سن پن
◄ ہاتھ ، انگوٹھے اور انگلیوں کی
کمزوری
کارپل ٹنل سنڈروم کی علامات تکلیف اور سن پن سے
شروع ہوتی ہیں اور عموما رات کے وقت زیادہ ہو جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ کمپیوٹر پر
ٹائپنگ کرتے ہوئے ، گاڑی چلاتے ہوئے اور فون پر بات کرتے ہوئے بھی تکلیف اور سن پن
زیادہ ہو سکتاہے۔ اگر میڈین نروَ پر پریشر بڑھتا جائے تو ہاتھ میں کمزوری آنے لگتی
ہے۔ اس کمزوری کے باعث تالے میں چابی گھمانے ، ڈبوں کے ڈھکن کھولنے، کپڑوں کے بٹن
بند کرنے اور مختلف اشیاء کو تھامتے ہوئے زور لگانے میں دشواری ہوتی ہے۔
تشخیص
کارپل ٹنل کی تشخیص علامات کی حقیقت لینے اور
ہاتھ کے معائنے سے کی جا سکتی ہے۔ اگر ان چیزوں سے واضح تشخیص نہ ہو سکے اور دیگر
بیماریوں کا شک و شبہ باقی رہے تو دو حصوں پر مشتمل بجلی والا ٹیسٹ کیا جا سکتا
ہے۔ یہ ٹیسٹ اعصاب کے ٹیسٹ نروَ کنڈکشن سٹڈی(Nerve Conduction Study) اور پٹھوں کے ٹیسٹ ای۔ ایم۔ جی۔ (EMG) پر مشتمل ہوتا ہے۔
علاج
کارپل ٹنل کے علاج میں کام کرنے اور ہاتھوں کے استعمال کی عادات کو تبدیل کرنے سے شروع کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ سوتے ہوئے کلائی پر بریس یا تولیہ باندھ کر اس کو سیدھا رکھنے سے بھی علامات میں بہتری آ سکتی ہے۔ درد کے لئے عموما پین کلر یا درد کی دوا دی جاتی ہے۔ جن لوگوں کو ان چیزوں سے افاقہ نہ ہو، ان کو سٹیرائڈ کے انجیکشن یا گولیاں دی جا سکتی ہیں۔ اگر یہ تمام چیزیں کام نہ کریں تو ایک چھوٹا آپریشن کر کے کارپل ٹنل کو کُھلا کیا جا سکتاہے۔
ایک تبصرہ
آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *