چہرے/جلد پرکیل مہاسے
ہمارے ہاں اکثر چہرے یا جلد کے دیگر حصوں پر
دانوں ، مہاسوں کی شکایت پائی جاتی ہےجس کے لیے کافی ٹوٹکے ، صابن اور ادویات
استعمال کی جاتے ہیں۔ان سب کے باوجود بہت کم لوگ ان دانوں کی وجوہات اور ان سے
وابستہ سائنسی حقائق سے آگاہ ہیں۔یوں تو مہاسوں یا دانوں کی سیکڑوں وجوہات ہیں
لیکن زیادہ تر عام لوگوں میں ایکنی ہی ان مہاسوں کی وجہ ہوتی ہے۔ ایکنی کے بارے
میں جاننے کے لئے پہلے ہم جلد کے مساموں کے بارے میں بات کریں گے۔
جلد کے مسام
ہماری جلد میں چھوٹے چھوٹے سوراخ(مسام) موجود
ہیں جن کے ذریعہ جلد کے اندر سے مادے باہر آتے ہیں۔ ان ہی مسام میں سے کچھ چکناہٹ
بنانے اور اسے جلد کی سطح پر پہنچانے کا کام کرتے ہیں۔ جس سے جلد خشک نہیں ہوتی۔
ایکنی کیا ہے ۔۔۔
اگر جلد کے مسام بند ہو جائیں تو اندر کے مادے
باہر نہیں آسکتے۔اور یہ مسام موہکوں کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ جنہیں عام زبان میں بلیک ہیڈز یا وائٹ ہیڈز کہا جاتا
ہے۔ان کیل مہاسوں میں انفیکشن ہو جائے تو یہ چھوٹے بڑے دانوں کی صورت اختیار کر
سکتے ہیں۔ جلد کے مساموں کے بند ہونے کی
وجہ سے جو کیل مہاسے یا دانے ہوتے ہیں، ان
کو ایکنی کہا جاتا ہے۔
مساموں کے بند ہونے کی وجہ
مندرجہ ذیل چیزیں ان مسام کو بند کر سکتی ہیں
:
1. مردہ جلد کے خلیے (ڈیڈ سلز)
2. چکناہٹ
3. چکناہٹ والا(آئلی) میک اپ اگر وقت
پر صاف نہ کیا جائے۔
ہارمونز میں تبدیلیاں اور جلد کی چکناہٹ
جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا، مہاسوں کی ایک بڑی
وجہ چکناہٹ کا زیادہ پیدا ہونا ہےجو کہ کچھ ہارمونز کے زیرِاثر ہوتا ہے۔ ان
ہارمونز کو انڈروجنز کہتے ہیں۔ یہ نوجوان لڑکے لڑکیوں میں قدرتی طور پر بڑھ
جاتےہے۔بعذ خواتین میں حمل کے دوران بھی یہ ہارمونز بڑھ جاتے ہیں جبکہ وقفے کی
گولیا ں کھانے سے ان ہار مونز کا اثر کم ہو جاتا ہے اور دانوں میں افاقہ ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ بعض نوجوان خواتین جو پی۔سی۔او۔ایس(PCOS) کا
شکار ہیں (یہ ایک بیماری ہے جس میں چہرے پر بال مہاسوں اور ماہواری
میں مسائل کا سامناہوتا ہے) ان میں بھی انڈروجنز کی زائد مقدار پائی جاتی
ہے۔ مزید بر آں سٹریس /کام کا دبائو/پریشانی بھی مہاسوں میں اضافےکا باعث بنتی
ہے۔
ایکنی کا علاج:
مساموں
کو بند ہونے سے بچانا:
ایکنی کا علاج مساموں کے بند ہونے کی وجوہات کو
ختم کرنے پر مشتمل ہوتا ہے۔ اوپر دی گئی وجوہات کو دور کر کے دانوں سے چھٹکارہ
حاصل کیا جا سکتا ہے۔اس کے علاوہ انڈروجنز کے اثر کو روکنے والی ادویات استعمال کی
جا سکتی ہیں، جس کے لیے ڈاکٹر سے مشورہ ضروری ہوتا ہے۔
انفیکشن کا علاج
کیل مہاسوں کے دانوں میں تبدیل ہونے کی وجہ
جراثیم ہیں جو چکناہٹ کےزیادہ ہونے کی وجہ سے جلد میں گڑھ کر لیتے ہیں ، یہی وجہ
ہے کہ اکثر لوگوں کو اینٹی بائیٹکس (جراثیم کش ادویات) سے افاقہ ہوتا ہے۔اس کے لیے
بھی ڈاکٹر سے مشورہ ضروری ہے۔ یاد رہے کبھی بھی ڈاکٹر کی ہدایت کے بغیر اینٹی
بائیٹکس (جراثیم کش ادویات) استعمال نہ کریں۔ ان کا بے دریغ استعمال جراثیم میں
ان ادویات کے خلاف قوت مدافعت بڑھا دیتا ہے جو کہ ایک بڑا طبی مسئلہ ہے۔
وٹامن اے
اکثر اوقات ڈاکٹرطویل المدت ایکنی کے لیے ایک
دواIsotretinoin تجویز کرتے ہیں , جو کہ وٹامن اے کی ایک شکل ہے۔ یہ دوا
حاملہ خواتین میں سختی سے منع ہےکیونکہ یہ بچے میں پیدائشی امراض کا باعث ہے۔ اگر
آپ حاملہ ہیں یا حمل کا خدشہ ہے تو اس دوائی کا استعمال بالکل نہ کریں ۔ مزیدیہ
کہ اگرآپ شادی شدہ ہیں تو اس دوا کے ساتھ وقفے کا مؤثر طریقہ ضروراستعمال کریں
۔
مزید احتیاطی تدابیر اور پرہیز
چہرے کی صفائی:
اوپر دی گئی تفصیلات سے کافی چیزیں تو واضح ہو
چکی ہیں ۔ مزید بر آں مندرجہ ذیل اقدامات ہماری مدد کر سکتے ہیں ۔
◄ روزانہ کم از کم دو بار چہرہ
دھوئیں۔ تاہم چہرے کو رگڑنے/سکرب استعمال کرنے سے پرہیز کریں۔ یہ مہاسوں
کو بڑھا سکتا ہے۔
◄ میک اپ باقاعدگی سے صاف کریں ۔اگر
آپ کی جلد چکناہٹ زدہ(آئلی) ہے تو آئل فری پراڈکٹس کا استعمال کریں۔ تاہم میک اپ
کا استعمال منع نہیں ہے۔
◄ چہرے پر بار بار ہاتھ لگانے سے گریز
کریں۔دانوں/پھنسیوں کو ہاتھ یا کسی اوزار سے مت نکالیں۔
◄ اگر آپ کے مہاسوں کی وجہ کوئی خاص
طبی بیماری ہے تو اس کا باقاعدہ علاج کرائیں ۔
◄ اگر آپ ایسے ماحول میں زیادہ رہتے
ہیں جہاں فضامیں چکناہٹ پائی جاتی ہے جیساکہ باورچی خانہ تو وہاں بلاوجہ جانے سے گریز کریں۔
اگر تمام احتیاط کے باوجود مہاسے ٹھیک نہ ہوں
تو ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ مہاسوں کا طبی علاج کافی لمبا (مہینوں پر مشتمل) ہوتا ہے۔ البتہ یہ زیادہ تر مؤثر ثابت
ہوتا ہے۔
خوراک اور مہاسے:
عموما یہ کہا جاتا ہے کہ چکنائی والی اشیاء
کھانے سے دانے بنتے ہیں ۔ اس کی کوئی سائنسی دلیل موجود نہیں ہے۔
البتہ کچھ تحقیقات میں یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ
نشاستہ (کاربوہائیڈریٹ مثلا گندم کی روٹی ، میٹھے مشروبات وغیرہ)، دودھ اور
چاکلیٹ کی مقدار ذیادہ لینے سے مہاسوں
میں اضافہ ہو سکتاہے۔ البتہ یہ سائنسی دلائل یا ثبوت ابھی اتنے جاندار/ تسلی بخش
نہیں ہیں ۔عمومی طور پر جلد کو خوشگوار بنانے کے لیے تازہ پھلوں اور سبزیوں کا
استعمال زیادہ کریں ۔ اور صحت مند غذا کی عادت اپنائیں۔
ایک تبصرہ
آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *