شیاٹیکا (عرق النساء)‏
امراض،دماغ کے امراض

شیاٹیکا (عرق النساء)‏

02 July, 2020

کمر کا درد ایک بہت عام طبی مسئلہ ہے۔ یہ مسئلہ ۴۰ سال سے بڑی عمر کے ادراد اور خواتین میں خاص طور پر عام ہے۔ کمر کا درد ان طبی مسائل میں شامل ہے جو کہ جان لیوا تو بالکل نہیں ہوتے لیکن روزمرہ زندگی کو بہت بری طرح متاثر کرتے ہیں۔ آج ہم یہاں کمر کے درد کی چند بڑی وجوہات پر بات کریں گے۔

میڈیکل سائنس میں کمر کے درد کو تین بڑی اقسام میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ پہلی قسم کا درد کمر کے پٹھوں کے کھچاوّ سے ہوتا ہے۔ دوسری قسم ریڑھ کی ہڈی سے نکلنے والے اعصاب پر دباوّ پڑنے سے ہونے والے درد کی ہے۔  درد کی تیسری قسم ہڈیوں کی کمزوری سے ہونے والا درد ہے۔ درد کی وجہ مختلف ہونے کی وجہ سے ان تین اقسام کے درد کا علاج بھی مختلف ہے۔

 

پٹھوں کا کھچاؤ

پٹھوں کا کھچاؤ  کمر کے درد کی سب سے عام وجہ ہے۔ پٹھوں کا کھچاؤ  زیادہ وزن اٹھانے، سخت سطح پر سونے اور سارا دن  بیٹھ کر کام کرنے سے ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ کھیل کود اور ورزش کے دوران کمر کے پٹھوں پر دباؤ  آنے سے بھی درد شروع ہو سکتا ہے۔  اس قسم کے درد کا علاج عموما درد کی دوائیوں اور آرام کرنے سے کیا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ضروری ہے کہ جس سرگرمی کی وجہ سے پٹھوں پر غیر مناسب کھچاؤ  پڑ رہا ہو، اس کو بھی ترک کیا جائے۔


اعصاب پر دباوّ سے ہونے والا درد

ہماری ریڑھ کی ہڈی ۳۳ ہڈیوں سے مل کر بنتی ہے جن کو ہم عام زبان میں مہرے کہتے ہیں۔  ان مہروں کے درمیان بنے جوڑوں پر بہت کم حرکت ہو سکتی ہے جس کی وجہ سے ہمیں کمر سیدھی محسوس ہوتی ہے۔ ریڑھ کی ہڈی کے ہر مہرے میں ایک سوراخ ہوتا ہے اور یہ سوراخ مل کر ایک سرنگ نما راستہ بناتے ہیں جس میں انسان کا حرام مغر رسی کی طرح لیٹا ہوتا ہے۔ حرام مغز سے نکلنے والے اعصاب کی مثال تاروں کی سی ہے جو انسان کے جسم کو حرکت کرنے کا سگنل دیتے ہیں اور ساتھ ساتھ جسم سے آنے والے درد اور درجہ حرارت کے سگنل کو دماغ تک پہنچاتے ہیں۔ یہ اعصاب یا تاریں ریڑھ کی ہڈی کے ہر جوڑ سے دائیں اور بائیں ، دونوں طرف سے نکلتی ہیں۔ اگر کسی وجہ سے ان تاروں پر دباوّ آئے تو دماغ اس کو درد کے طور پر محسوس کرتاہے۔

ان تاروں پر دباوّ آنے کی سب سے عام وجہ ریڑھ کی ہڈی کا خم بڑھنا ہے۔ موٹاپے سے پیٹ کا وزن بڑھتا ہے اور پیٹ آگے کی طرف لٹکنے لگتا ہے۔ پیٹ کے لٹکنے سے کمر کے نچلے حصے کا خم بڑھ جاتا ہے اور مہروں کے درمیان سے نکلنے والے اعصاب دو مہروں کے درمیان پسنے لگتے ہیں۔ موٹاپے کے علاوہ سخت بستر پر سونا، زیادہ وزن اٹھانا اور زیادہ دیر تک پاوں کے بل بیٹھ کر کام کرنے سے بھی یہ خم بڑھتا ہے۔  

اس قسم کے درد کا علاج آرام ،اعصاب پر اثر کرنے والی دوائیوں اور فزیو تھراپی سے ہوتا ہے۔ چونکہ حرام مغز سے نکلنے والے اعصاب پٹھوں کو حرکت کرنے کا پیغام بھی دیتے ہیں، اس لئے ان کے متاثر ہونے سے بازو اور ٹانگوں کی حرکت میں  کمزوری آسکتی ہے۔ جب مرض کی شدت اس حد تک بڑھ جائے ، تب آپریشن کر کے اعصاب پر دباؤ  ڈالنے والی ہڈی کو تراشنا پڑتا ہے تا کہ مریض کو مستقل کمزوری  یا فالج سے بچا یا جا سکے۔


ہڈیوں کی کمزوری

بڑی عمر کے لوگوں ، خاص کر خواتین میں ہڈیوں کی کمزوری سے بھی کمر کا درد ہو سکتا ہے۔ اس کا علاج کیلشیم والی گولیوں ، وٹامن ڈی کے ٹیکوں اور دیگر ملتی جلتی ادویات سے کیا جاتا ہے۔

 

آپ کا درد کس قسم کا ہے؟

اگر کمر کا درد اچانک شروع ہو اور کچھ دنوں میں اپنی پوری شدت کو پہنچ جائے تو عموما اس کی وجہ پٹھوں کا کھچاؤ  ہوتا ہے۔ کمر کے نچلے حصے سے ٹانگوں کی طرف جانے والے درد کی وجہ عموما اعصاب پر پڑنے والا دباؤ  ہوتا ہے۔ ایسا درد آہستہ شروع ہوتا ہے اور مہینوں یا سالوں میں پوری شدت کو پہنچتا ہے۔ ہڈیوں کی کمزوری سے ہونے والے درد کی شدت کم ہوتی ہے اور یہ درد بزرگوں میں دیکھا جاتا ہے۔ تاہم ان تینوں اقسام کی علامات ملتی جلتی ہو سکتی ہیں۔ اگر آپ کو کمر کے درد کی شکایت ہے تو درست تشخیص کے لئے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ لازمی کیجیے۔





ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *