پتے کی پتھری
امراض،ہاضمے کے امراض

پتے کی پتھری

02 July, 2020

پتے اور اپنڈکس کی سوزش ہسپتالوں، خاص کر ایمرجینسی میں بہت کثرت سے دیکھا جاتا ہے۔ ان امراض کے باعث ظاہری طور پر بالکل تندرست لوگوں کو بھی آپریشن کرانا پڑتا ہے۔ اس مضمون میں ہم پتہ کی سوزش کے بارے میں بات کریں گے۔


پتہ کا کام

پتہ کی سوزش کے بارے میں جاننے کے لئے جسم میں پتہ کے کام کو سمجھنا اہم ہے۔ ہمارا جگر جسم میں لگ بھگ ۴۰۰ مختلف کام کرتا ہے۔ ان کاموں میں سے ایک کام خوراک میں شامل چربی کو ہضم کرنے والے کیمیکل بنانا ہے۔ جگر یہ کیمیکل پانی میں حل کر کے ایک رطوبت بناتا ہے۔ ایک نالی کے ذریعے یہ رطوبت چھوٹی آنت تک پہنچتی ہے اور خوراک ہضم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اسی نالی کےساتھ ایک تھیلی جڑی ہوتی ہے جس میں ضرورت سے زائد رطوبت جمع ہوتی رہتی ہے۔ ضرورت پڑنے پر یہ تھیلی سکڑتی ہے اور جمع شدہ رطوبت کو آنت کی طرف دھکیل دیتی ہے۔ جگر کی نالی سے جڑی اس تھیلی کو ہی پتہ کہتے ہیں۔
پتا ہمارے پیٹ کی دائیں طرف ، نچلی پسلی سے تھوڑا نیچے موجود ہوتا ہے۔ اس کی سوزش یا انفیکشن کی صورت میں اسی جگہ درد محسوس ہوتا ہے۔


پتے کی پتھری

جب جگر کی رطوبت میں کیمیکل کی مقدار پانی کی نسبت زیادہ ہو جائے تو رطوبت گاڑھی ہو جاتی ہے۔ گاڑھا ہوتے ہوتے اس میں پتھر بننے لگتے ہیں۔ چونکہ یہ رطوبت بڑی مقدار میں پتہ میں ذخیرہ ہوتی ہے، اس لئے یہ پتھر بھی پتے میں ہی سب سے زیادہ بنتے ہیں۔ پتے کی سوزش کے پیچھے ان پتھروں کا بڑا ہاتھ ہوتا ہے۔

پتے کے پتھروں اور سوزش کی تشخیص الٹراساؤنڈ سے کی جاتی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ہماری آبادی کے ایک چوتھائی لوگوں کے پتے میں پتھری پائی جاتی ہے۔ ان میں سے بہت کم لوگوں کو پتے کے درد یا سوزش کی تکلیف ہوتی ہے۔ اگر مریض کسی اور وجہ سے معدے کا الٹاساؤنڈ کرائے اور پتے میں پتھر نظر آئیں مگر مریض کو درد یا سوزش کی شکایت نہ ہو تو علاج کی ضرورت نہیں ہوتی۔


پتے کی سوزش

جب کبھی پتھر اس تھیلی (پتے) کے منہ یا دہانے میں پھنس جائے توپتے میں بھری رطوبت باہر نہیں نکل پاتی۔ اندر کھڑے کھڑے یہ پتے کی اندرونی تہہ کو گلانے لگتی ہے جس سےسوزش ہو سکتی ہے۔ اگر پتے کی اندرونی سطح پتھروں سے رگڑ کھا کر زخمی ہو تو اس سے بھی درد اور سوزش ہو سکتی ہے۔


پتے کا درد اور دیگر علامات

جب پتا اندرونی رگڑ یا پریشر کی وجہ سے سوزش کا شکار ہو جائے تو اس سے پیٹ میں شدید تکلیف ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ متلی، الٹی کی شکایت بھی ہو سکتی ہے۔ یہ علامات مریض کو عموما کھانا کھانے کے بعد ہوتی ہیں۔ درد کچھ دیر رہتا ہے اور پھر دوا سے ٹھیک ہو جاتا ہے۔ مگر یہ درد اکثر اتنا شدید ہوتا ہے کہ مریض کو ہسپتال یا کلینک کے چکر کاٹنے پڑتے ہیں۔


پتے کا انفیکشن

اگرسوزش کے ساتھ پتے میں انفیکشن ہو جائے تو مریض کو مسلسل درد ہوتا ہے جو دوا سے ٹھیک نہیں ہوتا۔ اس کے ساتھ مریض کو بخار بھی ہو سکتا ہے۔ ایسی صورتحال میں پتے کو فوری طور پر نکالنے کی ضرورت پیش آ سکتی ہے تا کہ انفیکشن پیٹ کے باقی حصوں میں نہ پھیلے۔


پتے کا آپریشن

آجکل پتے کا آپریشن لیپروسکوپ یا دوربین سے کیا جاتا ہے۔ اس میں پیٹ کے اندر ناخن کی لمبائی جتنے دو سے تین سوراخ کیے جاتے ہیں۔ ان سوراخوں سے دوربین پیٹ میں ڈالی جاتی ہے۔ پتے کو ڈھونڈ کر اور آنتوں، نالیوں سے الگ کر کے انہی سوراخوں سے باہر نکال لیا جاتا ہے۔

اگر کسی وجہ سے لیپروسکوپ سے آپریشن کرنا ممکن نہ ہو یامریض کے پیٹ کی اندرونی ساخت کے باعث آپریشن کے دوران دشواری پیش آ رہی ہو تو پیٹ کھولنا پڑتا ہے۔ اس کو اوپن آپریشن بھی کہتے ہیں۔ اس میں سرجن پیٹ میں ایک انگلی کی لمبائی جتنا چیرا لگا کر پتے کو نکالتا ہے۔

ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *