ہرنیا
امراض،ہاضمے کے امراض

ہرنیا

16 August, 2020

میڈیکل کی زبان میں ہرنیا کا مطلب جسم کے کسی ایک حصے کے اعضاء کا اپنی جگہ سے باہر آ جانا ہے۔ عام طور پر ہرنیا سے مراد پیٹ کا ہرنیا ہوتا ہے۔ جب پیٹ کے اندر کے اعضاء بالخصوص آنت پیٹ کی دیوار  میں کمزوری کے باعث  پیٹ سے باہر آ جائیں اور ابھار کی صورت میں نظر آنے لگے، تو اس کو پیٹ کا ہرنیا کہتے ہیں۔ جب یہ ہرنیا ناف سے نیچے اور ٹانگ سے اوپر کے حصے میں موجود ہو تو اسے انگوائینل ہرنیا کہتے ہیں۔

 

مردوں میں ہرنیا کی وجوہات

بچہ جب ماں کے پیٹ میں ہوتا ہے تب اُس کے جسم کے اعضاء بننا شروع ہو جاتے ہیں۔ مردوں میں اسی عمل کے دوران خصیے پیٹ میں بنتے ہیں اور پھر پیدائش سے پہلے یا پھر اس کے بعد ایک سال تک یہ اپنی اصل جگہ پر جاتے ہیں۔ جس راستے سے یہ نیچے جاتی ہیں اُسے انگوائینل کینال کہتے ہیں۔اگر ہرنیا اس کینال میں سے گزر کر آئے تو اُسے انڈائریکٹ ہرنیا کہتے ہیں اور اگر وہ اس کےبجائے پیٹ کے پٹھوں کے بیچ سے آۓ تو اُسے ڈائریکٹ ہرنیا کہتے ہیں۔

 

ہرنیا کی وجوہات

پیٹ کی دیواروں پر بار بار دباؤ پڑنے سے  دیواریں کمزور ہو جاتی ہیں اور ہرنیا کا باعث بنتی ہیں۔ درج ذیل چیزیں پیٹ کے اندر کا دباؤ بڑھا سکتی ہیں جس سے ہرنیا ہو سکتا ہے:

◄   بار بار بھاری وزن اٹھانا۔

◄   لمبے عرصے تک  کھانسی رہنا۔

◄   قبض رہنا۔

◄   پیٹ کے پٹھوں میں پہلے سے کوئی کمزوری موجود ہونا مثلا پیٹ کا آپریشن۔

◄   حمل کا ہونا۔

 ہرنیاکا مرض مردوں میں زیادہ پایا جاتا ہے، اگر خاندان میں ہرنیا کا مرض ہو، پہلے سے کوئی ہرنیا موجود ہو اورسگریٹ نوشی سے اس کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔

 

علامات

◄   پیٹ کی دیوار میں ابھار کا نمودار ہونا ۔

◄   ابھار کا وقت کے ساتھ ساتھ بڑھنا۔

◄   کھانسنے ، چھینکنے اور پاخانے کے لئے زور لگانے سے ابھار کا بڑھ جانا ۔

◄   ابھار میں ہلکی ہلکی تکلیف ہونا ۔

 

تشخیص

ہرنیا کی تشخیص کے لئے سب سے پہلے ڈاکٹر آپ سے علامات کے بارے میں سوالات کرے گااور پھر جسمانی معائنہ کرے گا۔ ویسے تو جسمانی معائنے اور ہسٹری سے تشخیص ہو جاتی ہے لیکن اگر ڈاکٹر کو کوئی شک ہو تو وہ الٹراساؤنڈ، سی ٹی سکین اور ایم آر آئی کی مدد لے سکتا ہے۔

 

علاج

اگر ہرنیا بہت چھوٹا ہے اور مسائل نہیں پیدا کر رہا تو آپ کا معالج آپ کو انتظار کرنے کا مشورہ دیگا اور کہے گا کے اگر یہ بڑھتا ہے تو پھر دوبارہ آئیے گا۔

ہرنیا اگر چھوٹا ہو تو دوربین  کے ذریعے چھوٹا آپریشن کر کے اُسے درست کیا جاتا ہے۔ بڑے ہرنیے کے لیے بڑا آپریشن کیا جاتا ہے اور اس میں  پیٹ کی دیوار کے کمزور پٹھوں کو درست کیا جاتا ہے۔ آپریشن کی نتیجے میں کچھ پیچیدگیاں بھی پیدا ہوسکتی ہیں جیسے کے  دوبارہ ہرنیا ہونا  اور پیٹ کے اندر انفیکشن ہونا۔

 

پیچیدگیاں

 ہرنیا میں آنت کا پھنس جانا آنتوں میں بندش کا باعث بنتا ہے۔ اگر ہرنیا میں آنت کے ساتھ اُس کی خون کی نس بھی پھنس جائے تو وہاں خون کی روانی میں خلل آتا ہے جو آنت کے مردہ ہونے کا باعث بن سکتا ہے۔ جب ایسا ہو تو فوری طور پر آپریشن کر کے آنت کو بچایا جاتا ہے اور ہرنیا کو درست کیا جاتا ہے۔

 

خطرے کی علامات

کچھ خاص علامات آنتوں کے بلاک ہونے یا ان کو خون کی فراہمی بند ہونے کا اشارہ ہو سکتی ہیں جیسے کہ:

◄   ہرنیا کا درد بہت بڑھ جانا۔

◄   درد کے ساتھ بخار ہو نا۔

◄   الٹی اور متلی  ہونا۔

◄   ابھار کا رنگ لال،جامنی یا سیاہ ہو جانا ۔

ان علامات کے ظاہر ہونے کی صورت میں فوراً ہسپتال روانہ ہونا چاہئیے کیوں کہ یہ صورتحال جان لیوا ہو سکتی ہے۔ 

ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *