پرانے وقتوں کے حکیموں کے پاس جب کوئی مریض
جسمانی کمزوری یا تھکان کی شکایت لے کر جاتا تھا تو اس کو خون کی کمی تشخیص کی
جاتی تھی۔ آج بھی یونانی حکیموں سے لے کر ایلوپیتھک ڈاکٹر یہاں تک کہ عطائی بھی
پرانی کمزوری کا کے پیچھے خون کی کمی تلاش کرتے ہیں۔ آخر خون کی کمی کا مطلب کیا
ہے؟
خون کا کام
اگر ہمارے جسم کی مثال ایک شہر کی ہے تو خون اس
میں چلنے والی میٹرو ہے۔ خون کا کام جسم کے فاضل اور کارآمد ، ہر قسم کے مادوں کو
ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانا ہے۔ خون کے ذریعے جسم بھر میں پہنچنے والا سب سے اہم
مادہ آکسیجن ہے۔ جب ہم سانس لیتے ہیں تو ہوا میں پائی جانے والی آکسیجن پھیپھڑوں
میں دوڑتے خون میں جذب ہوتی ہے۔ خون کے اندر یہ آکسیجن ایک کیمیکل “ہیمو گلوبن” پر
سوار ہو کر پورے جسم میں پہنچتی ہے۔ہیموگلوبن خون کے سرخ خلیوں میں پایا جاتا ہے۔
خون کی کمی
میڈیکل سائنس میں خون کی کمی کو انیمیا کہتے ہیں۔ اس سے خون میں مراد
ہیموگلوبن یا سرخ خلیوں کی کمی ہے۔ یہ وہی
آکسیجن ٹرانسپورٹ کرنے والاکیمیکل ہے جس کا اوپر ذکر کیا گیا ہے۔ اس کیمیکل کی کمی
سے جسم کو آکسیجن کی فراہمی متاثر ہوتی ہے۔ تھکاوٹ، کمزوری اور سانس پھولنا اسی
مسئلے کی علامات ہیں۔
علامات
خون کی کمی کی علامات میں یہ چیزیں شامل ہیں:
◄ معمول سے زیادہ تھکاوٹ
◄ معمولی ورزش جیسے کہ پیدل چلنے یا
سیڑھیاں چڑھنے پر سانس پھولنا
◄ جسم کی رنگت زرد ی مائل ہونا
◄ دل کی دھڑکن کا تیز محسوس ہونا
وجوہات
ویسے تو خون کی کمی بہت سی وجہ سے ہو سکتی ہے
مگر دو عام وجوہات خون کا ضائع ہونا یا فولاد کی کمی ہیں۔ ان دو نوں مسائل کی پھر اور مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں۔
جسم سے مسلسل خون ضائع ہونا:
◄ خواتین میں حیض یا ماہواری ۔
◄ بواسیر یا آنتوں کی دیگر بیماریوں
کے باعث پاخانے میں خون کا رفتہ رفتہ بہنا۔
آئرن یا فولاد کی کمی:
◄ ہری سبزیوں اور گوشت کا کم استعمال
کرنا
◄ حمل کے دوران جسم کی فولاد کی
ضروریات بڑھ جانا
علاج
خون کی کمی کا علاج اس کی وجوہات کو ٹھیک کرنے
سے ہوتا ہے۔اگر کسی بیماری کے باعث جسم سے زیادہ خون ضائع ہو رہا ہو تو اس بیماری
کا علاج کرنے سے خون کی کمی دور ہو جاتی ہے۔ اگر فولاد کی کمی بیماری کی وجہ ہو تو
خوراک میں تبدیلی اور فولاد کی گولیوں سے علاج کیا جاسکتا ہے۔
مفروضات
کیا فولاد صرف گوشت میں پایا جاتا
ہے؟
عموما یہ سمجھا جاتا ہے کہ جسم فولاد صرف گوشت
سے حاصل کرتا ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ فولاد ہری سبزیوں، دالوں ، ڈرائی فروٹ میں بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔
کیا ملتانی مٹی سے خون کی کمی دور
ہوتی ہے؟
عموما خواتین حمل کے دوران ملتانی مٹی کھاتی
ہیں۔ ملتانی مٹی کھانا صحت کے لئے نقصان دہ ہے اور ہر گز خون کی کمی کا علاج نہیں
ہے۔ یہ دراصل خون کی کمی کی ایک علامت ہے۔ خون کی کمی کے مریض کو مٹی کھانے کی طلب
محسوس ہوتی ہے، جس کی وجہ اب تک سائنس کو معلوم نہیں۔
ایک تبصرہ
آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *