ماہواری کے مسائل
امراض،خواتین کے امراض

ماہواری کے مسائل

24 July, 2021

ماہواری سے متعلق بدنظمیاں

جب لڑکیاں بالغ ہوتی ہیں تو ان  کے جسم میں کافی تبدیلیاں آتی ہیں۔ ان تبدیلیوں میں سے ایک  ماہواری آنا  ہے۔  ماہواری ہر مہینے باقاعدگی سے آتی ہے اور کم و بیش ۲۸ دن کے فرق سے واقع ہوتی ہے۔ماہواری خواتین میں عموما ۱۱ سال کی عمر سے لے کر پچاس سال کی عمر تک چلتی ہے۔ کچھ خواتین میں ماہواری سے متعلق مسائل پیدا ہوتے ہیں جن کے بارے میں مختصر سا تذکرہ پیش کیا گیا ہے۔

 

درجِ ذیل ماہواری سے متعلق  وہ مسائل ہیں جو خواتین میں اکثر پائے جاتے ہیں:

1.     ماہواری کا نہ آنا

2.     ماہواری کیساتھ بہت زیادہ  درد ہونا

3.     ماہواری کے وقت بہت زیادہ مقدار میں خون بہنا

4.     ماہواری کا  نسبتا کم آنا۔

یہ تمام تکالیف مختلف وجوہات کی بنیاد پر پیدا ہوتی ہیں اور اُن کا اکثر ان کا علاج ممکن ہوتا ہے۔

 

 ماہواری کا نہ آنا

ماہواری نہ آنے کی بھی دو صورتیں ہیں۔ بنیادی طور پر ماہواری نہ آنے سے مراد ہے کہ عورت کو کبھی بھی ماہواری نہیں آئی اور ثانوی طور پر ماہواری نہ آنے کا مطلب ہے کہ عورت کو ماہواری آنا شروع ہو مگر  پھر کسی مقام پر خود سے  بند ہو جانا۔

 

1.   بنیادی طور پر ماہواری نہ ہونے کی چند وجوہات یہ ہیں:

بنیادی طور پر ماہواری نہ آنے کی وجہ ایک بیماری turner syndrome ہے۔ اس بیماری میں خواتین کا تولیدی نظام صحیح طور پر نہیں بنتا ہے اور اُس کو پہلی ماہواری ہی نہیں آتی ہے۔ اِس بیماری میں دواؤں سے مناسب علاج ممکن ہے اور بہت ساری خواتین درست علاج کی بدولت حاملہ ہونے میں بھی کامیاب ہوتی ہیں۔کچھ خواتین میں بچہ دانی نہیں بنتی ہے اور کچھ میں hymen (ہیمن) عام طور سے زیادہ سخت ہوتا ہے، ان وجوہات کی وجہ سے بھی ماہواری نہیں ہوتی۔

 

2.   ثانوی طور پر ماہواری نہ آنے کی  وجوہات:

ثانوی طور پر ماہواری نہ آنے کی سب سے بڑی اور عام وجہ خاتون کا حاملہ ہونا ہے۔ حاملہ ہونے پر عورت کو ماہواری آنا بند ہو جاتی ہے۔کچھ عورتوں میں پولی سسٹک اوری ڈیزیز (PCOS) جیسی بیماریوں میں بھی ماہواری بد نظمی سے آتی ہے اور اکثر میں ماہواری آتے آتے رُک جاتی ہے۔ ایسے میں مناسب دواؤں سے علاج بہت کارآمد ثابت ہوتا ہے۔

 

 ماہواری کے ساتھ درد اور تکلیف ہونا

اس تکلیف میں ماہواری تو باقاعدگی سے آتی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ بہت زیادہ درد اور تکلیف بھی ہوتی ہے۔

کچھ خواتین میں  درد پہلی ماہواری سے ہی ہوتا چلا آتا ہے اور اِس درد کی کوئی خاص وجہ واضح نہیں ہوتی ۔ اس کے علاج میں ڈاکٹر ورزش کرنے، ایک مکمل غذا کو اپنانے اور درد  کی دواؤں کا استعمال کا مشورہ  دیتے ہیں جو کہ اکثر مفید ثابت ہوتا ہے۔

ماہواری کے ساتھ درد کی وجہ بننے والی بیماریوں میں سے ایک  بیماری کا نام endometriosis  اینڈومیٹریوسیس  ہے۔ اِس تکلیف میں بچہ دانی کے  خلیے پیٹ کے کسی دوسرے حصے میں بھی منتقل ہو جاتے ہیں اور ہر ماہواری میں ہارمونز کی تبدیلی کے مطابق ساخت مین بدلتے رہتے ہیں۔ اِس وجہ سے ہر ماہواری میں درد کی شکایت پیدا ہوتی ہے۔ اس کے علاج کے لئے مانع حمل  دوائیں دی جا سکتی ہیں۔

کچھ خواتین کو انڈہ دانی یا بچہ دانی میں رسولی کے باعث بھی معمول سے زیادہ درد ہوتا ہے۔

 

 ماہواری کے وقت بہت زیادہ مقدار میں خون آنا

اگر ماہواری کے دوران ۸۰ ملی لیٹر یہ اُس سے زیادہ مقدار میں خون آئے  تو یہ ایک بیماری سمجھی جاتی ہے۔ اگر کسی خاتون کو دن میں دویا تین سے زیادہ پیڈ استعمال کرنے پڑیں تو یہ نارمل سے زیادہ خون بہنے کی علامت ہوتی ہے۔ اس کی وجوہات درج ذیل ہیں:

◄   ہارمون میں غیر معمولی تبدیلیاں

◄   بچہ دانی میں رسولی کا ہونا

◄   خون پتلا کرنے والی ادویات کا استعمال

◄   بچہ دانی میں رسولی

اُن صورتوں میں جب بچہ دانی میں کوئی غیر معمولی رسولی موجود ہو  تو آپریشن کے ذریعے اُس کو نکالا جاتا ہے جس سے خون کی مقدار پر ایک حد تک قابو پایا جا سکتا ہے۔ اکثر ایسی رسولی کو کچھ خاص دوائیں دے کر بھی چھوٹا کیا جا سکتا ہے جس کی بدولت افاقہ  ہوتا ہے۔اگر خون کی مقدار میں زیادتی کی وجہ خون پتلا کرنے کی دواؤں کا استعمال ہے تو اُن دواؤں کی خوراک کو ایڈجسٹ کر کے اس تکلیف پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

 

 ماہواری کا عام طور کے مقابلے میں کم آنا

جب دو ماہواریوں  کے درمیان ۳۵ دن یا اُس سےزیادہ کا وقفہ آ جاۓ تو یہ پریشان کُن بات ہو سکتی ہے۔

◄   کچھ خواتین میں یہ مانع حمل دواؤں کا ردِعمل ہو سکتا ہے اور کچھ میں تو ماہواری آنا بالکل بند ہو جاتا ہے۔ اِس صورتِ حال میں پریشانی کی کوئ بات نہیں ہوتی۔

◄   جو عورتیں مختلف کھیلوں میں حصہ لیتی ہیں اور بہت چُست زندگی گزارتی ہیں اُن میں بھی اکثر ماہواری کم ہونے کی شکایت ہوتی ہے۔ اس صورت میں بھی  یہ خاص پریشانی کی بات نہیں۔

◄   جو خواتین خوراک کی کمی کا شکار ہوں، ان کو بھی ماہواری کی کمی کی شکایت ہو سکتی ہے۔ایسی صورت میں علاج کا دارومدار خوراک کو درست کرنے پر ہوتا ہے۔

◄   وہ جوان لڑکیاں جنہوں نے حال ہی میں  بلوغت حاصل کی ہو اور وہ خواتین جو menopause مینوپاؤز کی عمر کو پہنچنے والی ہوں، ان میں ماہواری کا کم آنا بھی ایک نارمل بات ہے۔

ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *