نزلہ زکام، جس کو دنیائے طب میں یو آر ٹی بھی کہا جاتا ہے، اتنی عام بیماری ہے کہ ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکی ہے۔ ہر فرد کو سالانہ دو سے تین بار نزلہ زکام کی شکایت محسوس ہوتی ہے اور بچوں میں نزلہ زکام اس سے بھی زیادہ عام ہے کیونکہ ان کی قوت مدافعت ابھی مکمل طور پر مضبوط نہیں ہوتی۔ نزلہ زکام خاص طور پر موسم خزاں اور موسم سرما میں بہت عام ہوتا ہے۔
نزلہ زکام کی علامات
نزلہ زکام کی سب سے عام علامات مندرجہ ذیل ہیں:
بہتی ہوئی ناک
چھینکنا
گلے میں خراش
ناک کا بند ھو جانا
کھانسی
بلغم کا آنا
بخار
سر درد
اس کے علاوہ بعض علامات جو نسبتا کم دیکھنے کو ملتی ہیں:
بدبودار سانس
پورے جسم میں درد
سونگھنے کی حس کا ختم ہو جانا
آنکھوں میں خارش کا احساس
نزلہ زکام کی وجوہات
نزلہ زکام کا بنیادی سبب تقریبا ہمیشہ کوئی نہ کوئی وائرس ہوتا ہے۔ جب کوئی فرد چھینکتا یا کھانستا ہے تو منہ اور ناک سے نکلنے والے قطرے فضا میں شامل ہوجاتے ہیں۔ اس طرح نزلہ زکام کا وائرس ایک فرد سے دوسرے افراد میں منتقل ہو جاتا ہے۔ دنیا میں وائرس کی دو سو سے زیادہ اقسام ہیں جو نزلہ زکام کا سبب بن سکتی ہیں۔
درج ذیل عناصر نزلہ زکام کے پھیلاؤ کو بڑھاتے ہیں:
باقاعدگی سے ہاتھ نہ دھونا
پرہجوم مقامات، جیسے لاری اڈہ یا بازار
سگریٹ نوشی
ہسپتال میں وقت بسر کرنا
سانس یا ناک کے مسائل میں مبتلا ہونا
نزلہ زکام کی تشخیص
عام طور پر لوگ نزلہ زکام کی تشخیص گھر پر ہی کرسکتے ہیں اور ڈاکٹر کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ لیکن اگر آپ کو شک ہے کہ آپ کے نزلہ زکام کی علامات کسی سنجیدہ مسئلے کا پیش خیمہ ہیں تو فورا اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
کچھ سنجیدہ بیماریاں ایسی ہیں جن کی علامات نزلہ زکام سے ملتی جلتی ہیں :
دمہ
برونکائٹس
فلو
نمونیہ
موسمیاتی الرجی
نزلہ زکام کا علاج
زیادہ تر نزلہ زکام ایک سے دو ہفتے میں میں بغیر کسی علاج کے خود ہی ختم ہو جاتا ہے۔ اگر آپ کی علامات ختم نہیں ہو رہی ہیں اور وقت کے ساتھ بڑھ رہی ہیں تو بہتر ہے کہ ڈاکٹر کے ساتھ رابطہ کیا جائے۔
نزلہ زکام کے علاج کا بنیادی مقصد مریض کو سکون پہنچانا ہے۔ مندرجہ ذیل اقدامات نزلہ زکام کی علامات کو کم کر سکتے ہیں:
زیادہ سے زیادہ آرام
پانی کا باقاعدگی سے استعمال
درد کش ادویات کا استعمال، جیسے کہ پیناڈول اور ڈسپرین وغیرہ۔
بند ناک کے لیے استعمال کیا جانے والے سپرے کا استعمال
کھانسی کے شربت کا استعمال
نزلہ زکام ان چند بیماریوں میں سے ایک ہے، جن کی ادویات کے استعمال کے لیے ڈاکٹر کے مشورے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ ان ادویات کے علاوہ کچھ گھریلو ٹوٹکے بھی نزلہ زکام کے دوران مفید ثابت ہوسکتے ہیں:
جوشاندہ
شہد کا استعمال
لیموں کا جوس
کچے لہسن کا استعمال
نزلہ زکام میں ڈاکٹر سے کب رابطہ کیا جائے
اگرچہ زیادہ تر نزلہ زکام کے لئے ڈاکٹر کو دکھانے کی ضرورت نہیں پڑتی، لیکن مندرجہ ذیل حالات میں ڈاکٹر کو دکھانا ضروری ہے:
سانس لینے میں دشواری
بخار کا مسلسل تین دن سے زیادہ رہنا
علامات کا دو ہفتوں سے زیادہ رہنا
ہونٹوں کا نیلا پڑ جانا
خوراک کو نگلنے میں دشواری
نزلہ زکام کا ختم ہوکر دوبارہ نمودار ہوجانا
نزلہ زکام سے بچاؤ کیسے ممکن ہے؟
اگرچہ نزلہ زکام اتنا عام مسئلہ ہے کہ اس سے مکمل بچاؤ تقریبا ناممکن ہے، لیکن مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر سے نزلہ زکام سے کسی حد تک بچا جا سکتا ہے:
سگریٹ نوشی ترک کر دینا
اپنے برتن اور پانی کے گلاس کو اپنے علاوہ کسی کو استعمال نہ کرنے دینا
کھانستے اور چھینکتے وقت اپنے منہ اور ناک کو ڈھانپ لینا
اپنے ہاتھ باقاعدگی سے دھونا
ایک تبصرہ
آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *