حمل میں درکار وٹامن:
جب عورت حاملہ ہوتی ہے تو بچہ اُس کے جسم میں ایک خلیہ سے بننا شروع ہوتا ہے اور اپنے تمام اعضاء مکمل طور پر بننے کے بعد جنم لیتا ہے۔ ایک بچے کے اعضاء کو بھرپور طور پر بننے اور کارآمد ہونے کے لئے مختلف وٹامن اور معدنیات درکار ہوتے ہیں جو بچہ ماں کے خون سے لیتا ہے، ایسے میں اگر ماں کے جسم میں ضروری وٹامن اور منرلز کی کمی ہو جائے تو ماں اور بچے دونوں کو نقصان ہو سکتا ہے۔ ایسے مواقع کو روکنے کی تدبیر میں ڈاکٹر ماں کو حاملہ ہونے پر چند سپلیمنٹز دیتے ہیں جن میں سے زیادہ تر تجویز کردہ درجِ ذیل ہیں:
فولک ایسڈ (folic acid)
آئرن (iron)
کیلشیم (calcium)
وٹامن ڈی (vitamin D)
فولک ایسڈ
یہ سب سے زیادہ تجویز کردہ سپلیمنٹ ہے اور تمام حاملہ خواتین کو دی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ ان خواتین کو بھی تجویز کی جاتی ہے جو حاملہ ہونا چاہتی ہیں اور اُس کے لیے کوشش کر رہی ہیں۔ فولک ایسڈ بچے کے دماغ، ریڑھ کی ہڈی اور اعصابی نظام کے بھرپور طریقے سے بننے کے لیے بیحد ضروری ہے۔ اِس کی کمی کے باعث بچے میں خطرناک معذوریاں پیدا ہو سکتی ہیں، جن میں دماغ کا نہ بننااور ریڑھ کی ہڈی کا مکمل طور پر نہ بننا شامل ہیں۔اگر دماغ نہ بنے تو اُس بچے کا زندہ رہنا ممکن نہیں ہوتا اور بچہ ماں کے پیٹ میں ہی مر جاتا ہے یا مردہ پیدا ہوتا ہے۔ ایسے ہی اگر ریڑھ کی ہڈی صحیح طور پر نہ بننے تو اُ spina bifida کہا جاتا ہے اور ایسے میں بچے کے دھڑ کا نچلا حصہ حرکت کرنے سے معذور ہوتا ہے۔
آئرن
آئرن یا فولاد بھی سب سے زیادہ تجویز کردہ سپلیمنٹز میں سے ایک ہے۔ آئرن خون کا ایک اہم جزو ہیموگلوبن بنانے میں کام آتا ہے۔ حاملہ خواتین میں خون کی کمی ایک بہت عام شکایت ہوتی ہے اور اس سے آئرن کی گولیاں لے کر بچا جا سکتا ہے۔ آئرن کی کمی کے باعث حاملہ خاتون میں کمزوری، خون کی کمی، چکر آنا اور بیہوشی کی شکایت ہو سکتی ہے۔ خون کی کمی کے باعث خواتین کی قوتِ مدافعت پر بھی فرق پڑتا ہے اور انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ آئرن نال اور بچے کے بھرپور طور پر بننے کے لئے بھی بہت ضروری ہے۔
کیلشیم
بچہ کی ہڈیوں اور دانتوں کے بننے کے لیے کیلشیم کی ضرورت ہوتی ہے جو بچہ ماں سے لیتا ہے۔ اگر ماں کے جسم میں کیلشیم کی کمی ہو جاۓ تو ماں کی ہڈیاں کمزور ہو جاتی ہیں جو ہلکی سی چوٹ سے ہڈیاں ٹوٹنے کا باعث بنتا ہے۔ بچے کی پیدائش کے بعد بھی ماں کو کیلشیم لینے کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ بچہ اپنی ضرورت کے کیلشیم کی کچھ مقدار ماں کے دودھ سے حاصل کرتا ہے۔
وٹامن ڈی
وٹامن ڈی کی کمی حاملہ خواتین میں بہت عام طور پر پائی جاتی ہے اور اِس کی کمی کے باعث خواتین میں pre eclampsia کی تکلیف ہو سکتی ہے جس میں ماں کا بلڈ پریشر بہت زیادہ ہو جاتا ہے اور یہ ماں اور بچہ دونوں کے لیے بہت نقصان دہ ہو سکتا ہے اور اِس میں ماں اور بچے کی جان کو خطرہ بھی لاحق ہو سکتا ہے۔ اِس کے ساتھ ساتھ وٹامن ڈی کی کمی ماں میں ذیابطیس ، بچہ کا پیدائش پر کم وزن ہونے یہ وقت سے پہلے پیدائش ہو جانے کا باعث بھی بن سکتی ہے۔
فولک ایسڈ (folic acid)
آئرن (iron)
کیلشیم (calcium)
وٹامن ڈی (vitamin D)
ایک تبصرہ
آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *