سائنوسائٹس (دائمی نزلا)
امراض،متعدی امراض

سائنوسائٹس (دائمی نزلا)

سائنوسائٹس کیا ہے

انسانی جسم کی تخلیق کچھ اس طرح سے ہوئی ہے، کہ ہماری ناک کی ہڈیوں کے بیچ میں ایک کھوکھلی جگہ موجود ہوتی ہے، اس کھوکھلی جگہ یا خلا کو طبی زبان میں سائنس کہا جاتا ہے۔یہ سائنس  ایک سیال  مادہ پیدا کرتے ہیں  جس کو میوکس کہا جاتا ہے۔ یہ مادہ ہماری ناک کی نالی کو نم  رکھتا ہے اور مٹی کے ذرات اور جراثیم کو ناک میں داخل ہونے سے روکنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ بعض اوقات یہ سائنس، انفیکشن کی وجہ سے سوزش کا شکار ہوجاتے ہیں جس کو طبی زبان میں سائنوسائٹس کہا جاتا ہے۔

چنانچہ، سادہ لفظوں میں سائنوسائٹس  ناک کے پچھلے حصے میں موجود خلا کی سوجن کا نام ہے۔ اس کی وجوہات میں وائرس، بیکٹیریا، فنگس اور الرجی شامل ہیں۔ اگرچہ سائنوسائٹس کا مسئلہ تکلیف اور بے آرامی کا سبب بنتا ہے، تاہم اکثر اوقات اس کے علاج کے لیے ڈاکٹر کے پاس جانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ لیکن اگر سائنوسائٹس کے علامات سات سے دس دن سے زیادہ موجود رہیں، تو ڈاکٹر کو لازمی دکھانا چاہیے۔


علامات

سائنوسائٹس کی عام علامات درج ذیل ہیں:

  • چہرے کے پچھلے حصے میں درد اور دباؤ محسوس ہونا

  • ناک بند ہونا

  • ناک کا بہنا

  • سونگھنے کی حس کا کم ہو جانا

  • کھانسی


اس کے علاوہ، جب سائنوسائٹس شدت اختیار کر جائے تو درج ذیل علامات بھی دیکھی جا سکتی ہیں:

  • بخار

  • انتہائی بدبودار سانس

  • تھکاوٹ اور کمزوری

  • دانت میں درد

  • سر میں درد

اگر مریض میں درج بالا علامات میں سے کم ازکم دو علامات پائی جائیں، اور ان علامات کے علاوہ مریض کی ناک سے گاڑھا، سبز مائل یا زرد رنگ کا لباب خارج ہو رہا ہو، تو مریض میں سائنوسائٹس کی تشخیص کے امکانات بہت روشن ہیں۔


وجوہات

سائنوسائٹس کی وجوہات مندرجہ ذیل ہیں:


۱۔ وائرس:

 تقریبا ٪90 سائنوسائٹس کے کیس کا سبب مختلف وائرس ہوتے ہیں


۲۔ بیکٹیریا: 

ہر دس میں سے ایک کیس بیکٹیریا کی وجہ سے ہوتا ہے


۳۔فنگس: 

اگرچہ یہ وجہ بہت نایاب ہے، لیکن دیہی علاقوں میں بعض اوقات  فنگس یا پھپھوندی ناک کے رستے سائنس کے اندر چلی جاتی ہے اور سائنو سائٹس کا سبب بن جاتی ہے


سائنو سائٹس کا خطرہ کن افراد میں زیادہ ہے

مندرجہ ذیل عوامل ایک فرد کے سائنوسائٹس سے متاثر ہونے کے خطرے کو بڑھا دیتے ہیں:

  • ناک کی ہڈی کی ساخت میں پیدائشی مسئلہ

  • جسم کا کمزور مدافعتی نظام، جیسے کہ کہ شوگر اور کینسر کے مریضوں میں دیکھا جاتا ہے

  • مٹی کے ذرات یا پولن وغیرہ سے الرجی

  • متواتر نزلہ زکام سے متاثر ہونا


سائنوسائٹس کی تشخیص

اگر آپ میں سائنوسائٹس کی علامات ظاہر ہو رہی ہیں، تو فوراً اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

ڈاکٹر آپ سے آپ کی علامات کے بارے میں سوالات پوچھے گا اور آپ کا مکمل طبی معائنہ کرے گا۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر آپ کی ناک کے اندر کے حصے کو دیکھنے کے لئے  طبی آلات بھی استعمال کرسکتا ہے۔


سائنوسائٹس کا علاج

سائنو سائٹس کے بیشتر کیس قلیل مدتی ہوتے ہیں اور مریض بغیر کسی علاج کے خود ہی صحت یاب ہو جاتے ہیں۔ تاہم، چونکہ یہ بیماری  تکلیف اور درد کا سبب بنتی ہے، اس لئے علامات کو کم کرنے کے لیے دردکش ادویات کا سہارا لیا جاسکتا ہے۔

اگر سائنوسائٹس کی وجہ بیکٹریا ہیں، تو ڈاکٹر اینٹی بائیوٹک ادویات بھی تجویز کر سکتا ہے، جن کو باقاعدگی اور تواتر کے ساتھ لینا انتہائی ضروری ہے۔


طویل مدتی/کرونک سائنوسائٹس

اگر سائنوسائٹس کی علامات  ختم نہ ہوں اور پانچ ہفتوں سے زیادہ جاری رہیں تو اس کو کرانک سائنو سائٹس یا طویل المدتی سائنوسائٹس کہا جاتا ہے۔طویل مدتی سائنوسائٹس کے علاج میں اینٹی بائیوٹک ادویات کا کوئی کردار نہیں ہوتا۔


سرجری

اگر ناک کی ہڈی یا ساخت میں مسئلے کی وجہ سے مریض بار بار سائنوسائٹس کا شکار ہو رہا ہے، تو اس مسئلے کے مستقل تدارک کے لیے سرجری بھی تجویز کی جا سکتی ہے۔ مثال کے طور پر اگر مریض کی ناک کی ہڈی ٹیڑھی ہے، تو سرجری کے ذریعے نہ صرف ناک کی ہڈی سیدھی کی جاسکتی ہے بلکہ بار بار ہونے والے سائنوسائٹس پر بھی قابو پایا جاسکتا ہے۔


سائنو سائٹس کا گھریلو علاج

اگر سائنو سائٹس کی علامات زیادہ تکلیف دہ نہیں، تو کچھ گھریلو تدابیر سے بھی سائنوسائٹس پر قابو پایا جا سکتا ہے:

  • ناک کھولنے والی سپرے کا استعمال

  • درد کش ادویات کا استعمال

  • ناک کی صفائی کا عمل، جس میں صاف پانی کے ذریعے ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق ناک کی روزانہ صفائی کی جاتی ہے

ان تمام تدابیر پر عمل کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے رجوع ضرور کریں۔


 

ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *