کولونوسکوپی
کولونوسکوپی پاخانے کی جگہ سے انڈوسکوپ نامی آلہ
ڈال کر بڑی آنت کے معائنے کا ایک ذریعہ
ہے۔سکوپ ایک پائپ نما آلہ ہوتا ہے جس کے منہ پر کیمرہ لگا ہوا ہوتا ہے ۔ یہ کیمرہ
ایک سکرین سے جڑا ہوتا ہے۔ جیسے جیسے سکوپ آنت کے مختلف حصوں سے گزرتا ہے،
کولونوسکوپی کرنے والا ڈاکٹر سکرین پر آنت کا معائنہ کرتا جاتا ہے۔ اس کیمرے کی
مدد سے آنت کے اندرونی حصے کی تصاویر بھی لی جا سکتی ہیں۔ اس ٹیسٹ کو آنت کے کینسر کی
سکریننگ اور آنتوں کی دیگر بیماریوں کی تشخیص کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
کینسر اسکریننگ
میڈیکل کی زبان میں سکریننگ ٹیسٹ ایک ایسا ٹیسٹ
ہوتا ہے جو کسی بھی بیماری کو علامات ظاہر ہونے سے پہلے پکڑنے کے لئے کیا جاتا ہے
۔کولونوسکوپی آنتوں کے کینسر کی سکرینگ کا ایک ذریعہ ہے ۔ بڑی آنت کے معائنے کے دیگر
طریقوں کی نسبت یہ زیادہ آسان اور بہتر ہے
کیوں کے اس میں چھوٹی چھوٹی رسولیاں بھی با آسانی نظر آ جاتی ہیں اور ساتھ ہی ساتھ
اُن کا نمونہ لے کر مزید ٹیسٹوں کے لئے بھی بھیجا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اگر آنت کی اندرونی سطح پر کوئی چھوٹی
رسولی موجود ہو، تو اس طریقے سے اُس کو
نکالا بھی جا سکتا ہے۔
دیگر وجوہات
کولونوسکوپی صرف کینسر اسکریننگ کے لیے ہی مخصوص
نہیں بلکہ درج ذیل چیزوں کے لئے بھی استعمال کی جات سکتی ہے:
◄ اگر پاخانے میں خون کی شکایت ہو تو
اس صورت میں بھی کولونوسکوپی کے ذریعے خون کے اخراج کی جگہ کو ڈھونڈا جا سکتا ہے
اور اسے روکنے کے اقدام کیے جاسکتے ہیں۔
◄ بڑی آنت کے بل کھا جانے کی صورت میں
ہر بار آپریشن نہیں کیا جاتا بلکہ کولونوسکوپی کی مدد سے اس بل کھائے ہوئے حصے کو درست کیا جا سکتا ہے۔
◄ اس
ٹیسٹ کے ذریعے آنتوں کی سوزش یا انفیکشن کی بھی تشخیص کی جا سکتی ہے۔
ٹیسٹ کی تیاری
کولونوسکوپی کی تیاری میں آنتوں کو خالی کیا
جاتا ہے تاکہ اندر کی سطح کو اچھی طرح سے
دیکھا جا سکے۔ اگر آنتیں خالی نہ کی جائیں تو پھر کولونوسکوپی میں کچھ نظر نہیں
آتا اور اس کی افادیت کم ہو جاتی ہے۔ تیاری کے لیے ٹیسٹ سے ۸ گھنٹے پہلے کھانا
کھانے سے روک دیا جاتا ہے اور پچھلی رات سے مریض کو جولاب والا پانی پینے کو دیا
جاتا ہے۔ اس سے ہوتا یہ ہے کہ آنتوں میں نیا پاخانہ نہیں بنتا اور جو پہلے سے موجود ہو اُسے باہر نکالنے میں مدد ملتی ہے۔
ٹیسٹ کے مراحل (پروسیجر)
پروسیجر سے پہلے مریض کو بیہوشی کیا جاتا ہے يا پھر سن
کرنے والی ادویات کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد سکوپ کو پاخانےکے راستے سے
داخل کیا جاتا ہے ۔ سکوپ کا راستہ بنانے کے لئے آنت کو کھولا جاتا ہے۔ اس کے لئے يا تو گیس کا استعمال کیا جاتا ہے یا پھر پانی
کا استعمال کیا جاتا ہے۔ پانی کا استعمال کرنے سے مریض کو کم تکلیف ہوتی ہے اور مریض
کو کم نشہ دینا پڑتا ہے۔ سکوپ
کو آگے بڑھاتے ہوئے آنت کا اندر سے معائنہ کیا جاتا ہے ۔ اگر کوئی بھی چیز غیر
معمولی لگے تو اس کی تصویر لے لی جاتی ہے اور ٹیسٹ کے لئے اس کا نمونہ بھی لے لیا جاتا ہے۔
پیچیدگیاں
ویسے تو کولونوسکوپی ایک محفوظ ٹیسٹ ہے مگر اس
کے اندر کچھ پیچیدگیوں کا رسک موجود ہوتا ہ ہے جیسے کہ:
◄ انفیکشن
◄ آنت کے اندر زخم لگ جانا اور خون
بہنا
◄ ٹیسٹ کے بعد پیٹ میں کھچاؤ پیدا
ہونا
◄ آنتوں میں سوراخ ہو جانا
اس ٹیسٹ کے دوران انفیکشن کو روکنے کی غرض سے
بہت احتیاط کی جاتی ہے، جس کی وجہ سے انفیکشن کہ خدشہ بہت کم ہوتا ہے۔ خون کے بہنے
کا امکان 0.3٪ ہوتا ہے اور اگر کسی
رسولی کو نکالا جائے تو پھر اس کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ اسی طرح آنتوں میں سوراخ ہونے
کا خطرہ بھی رسولی کو نکالتے ہوئے بڑھتا ہے ورنہ اگر صرف آنتوں کا
معائنہ کیا جائے تو اس کا خطرہ بہت کم
ہوتا ہے۔
ایک تبصرہ
آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *