آشوب چشم، جس کو طبی زبان میں
کنجنکٹیوائیٹس کہتے ہیں، پاکستان میں اکثر اوقات وبا کی شکل میں پھیل جاتا ہے۔ اس
مرض میں آنکھ کے باہر کی سطح پر پائے جانے والے جھلی سوزش کا شکار ہوکر سرخ مائل
ہوجاتی ہے، جس کی وجہ سے اس بیماری کو "پنک آئی" یعنی "گلابی
آنکھ" بھی کہا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ متاثرہ آنکھ کے باہر کے حصے سے ایک
سیال مادہ بھی خارج ہوتا ہے، جس کو "میوکس" کہتے ہیں۔
وجوہات
آشوب چشم کی دو مرکزی وجوہات
بیکٹریا اور وائرس ہیں۔ زیادہ تر آشوب چشم "ایڈینو وائرس" کی وجہ سے
ہوتا ہے، اور یہ وائرس اس قدر تیزی سے پھیلتا ہے، کہ اکثر اوقات متاثرہ مریض کے
خاندان کے تمام افراد آشوب چشم کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ آشوب چشم دوران
حمل ماں سے بچے کو بھی منتقل ہوسکتا ہے۔
انفیکشن کے علاوہ آنکھوں کے دیگر
امراض میں بھی آشوب چشم دیکھا جا سکتا ہے، مثال کے طور پر کالا موتیا یا گلا
کوما۔بعض اوقات کچھ افراد میں الرجی بھی آشوب چشم کی وجہ بن سکتی ہے۔
علامات
آشوب چشم کی عام علامات مندرجہ ذیل
ہیں:
◄
آنکھ کا
سرخ مائل ہو جانا
◄
آنکھ میں
جلن
◄
آنکھ میں
مسلسل چبھن کی کیفیت، جیسے آنکھ میں مٹی چلی گئی ہو
◄
آنکھ کا
سوج جانا
◄
آنکھ کے
اوپر "میوکس" نامی سیال مادے کی سطح بن جانا
بعض اوقات آشوب چشم کی علامات پہلے
ایک آنکھ میں ظاہر ہوتی ہیں، پھر دوسری آنکھ میں بھی پھیل جاتی ہیں۔مندرجہ بالا
علامات کے علاوہ متاثرہ شخص کو بخار، سر درد اور گلے میں خراش کی بھی شکایت
ہو سکتی ہے۔
تشخیص
اگر آپ میں آشوب چشم کی علامات واضح
ہو رہی ہیں، تو فورا اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ ڈاکٹر آپ کی آنکھوں کا معائنہ کرے
گا اور مناسب علاج تجویز کرے گا۔ اگرچہ آشوب چشم کی تشخیص میں زیادہ تر کسی ٹیسٹ کی
ضرورت نہیں ہوتی، لیکن ضرورت پڑنے پر ڈاکٹر آپ کی آنکھوں سے نکلنے والے سیال معدے
کا ٹیسٹ بھجوا سکتا ہے۔
علاج
آشوب چشم کے آدھے سے زیادہ کیس بغیر
کسی علاج کے دو ہفتوں کے اندر صحت یاب ہو جاتے ہیں، لیکن آشوب چشم کی تکلیف دہ
علامات کو کم کرنے کے لئے مختلف آنکھوں کے قطرے استعمال کیے جا سکتے
ہیں۔واضح رہے کہ اینٹی بائیوٹک ادویات کا استعمال وائرل آشوب چشم میں نہیں کیا
جاتا، بلکہ صرف بیکٹیریئل آشوب چشم میں ہی اینٹی بائیوٹک ادویات کا استعمال ضروری
ہے۔
اگر متاثرہ مریض میں آشوب چشم کی
علامات دو ہفتے سے زیادہ موجود رہیں، تو ڈاکٹر کے مشورے سے اینٹی بائیوٹک ادویات
استعمال کی جا سکتی ہیں۔ زیادہ تر اینٹی بائیوٹک ادویات آنکھوں کے قطروں کی صورت
میں استعمال کی جاتی ہیں۔
گھریلو ٹوٹکے
ادویات کے علاوہ کچھ گھریلو ٹوٹکے
بھی آشوب چشم کی علامات میں مفید ثابت ہوسکتے ہیں، جیسے کہ:
متاثرہ آنکھ کو نیم گرم پانی میں دھلے کپڑے سے
ملنا:
اس
عمل سے متاثرہ آنکھ کے ارد گرد موجود سیال معدے کو صاف کرنے میں مدد مل سکتی ہے،
یہ عمل دن میں کئی بار دہرایا جا سکتا ہے، لیکن خیال رکھیں کہ کپڑے کو آنکھ پر
نرمی سے استعمال کیا جائے۔
مصنوعی آنسوؤں کے قطرے:
یہ قطرے میڈیکل سٹور سے بآسانی
دستیاب ہیں اور آشوب چشم میں آنکھ میں ہونے والی تکلیف کی شدت کو کم کر سکتے ہیں۔
باقاعدگی سے ہاتھ دھونا:
یہ
عمل آشوب چشم کے پھیلاؤ کے خلاف بہت کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔
آشوب چشم سے بچاؤ
جب تک متاثرہ آنکھوں کا رنگ دوبارہ
سے صاف نہ ہو جائے، اور علامات مکمل طور پر ختم نہ ہو جائیں، تب تک یہ بیماری
متاثرہ مریض سے دوسرے افراد میں منتقل ہوسکتی ہے۔مختلف احتیاطی تدابیر کے ذریعے
آشوب چشم کو متاثرہ مریض سے دوسرے افراد میں منتقل ہونے سے روکا جا سکتا ہے، جیسے
کہ:
◄
آشوب چشم
کے مریض باقاعدگی سے اپنے ہاتھ صابن سے دھویں
◄
آشوب چشم
کے مریض اپنی آنکھوں کو ہاتھ سے بار بار ملنے سے پرہیز کریں
◄
آشوب چشم
کے دوران مریض باہر کے لوگوں میں گھلنے ملنے سے اجتناب کریں
◄
جب متاثرہ
مریض باہر نکلیں، تو چشمے کا استعمال کریں
◄
صحت مند
افراد روزانہ رات کو سونے سے پہلے اپنے "کنٹیکٹ لینز" اتار کر سوئیں
◄ اپنے ذاتی استعمال میں موجود چیزیں کسی اور کو استعمال مت کرنے دیں، جیسے کہ تولیہ اور لینز وغیرہ
◄ آشوب چشم کے مریض صحت یابی کے بعد نئے لینز کا استعمال کریں
ایک تبصرہ
آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *