اپنڈکس کی سوزش
امراض،ہاضمے کے امراض

اپنڈکس کی سوزش

11 July, 2020

اپنڈکس کیا ہے؟

اپنڈکس ہماری آنتوں کے ساتھ جڑی ایک چھوٹی سی نالی ہے جو دوسرے سرے سے بند ہے۔ اگر آنت کی مثال ایک تیس فٹ لمبی سرنگ کی سی ہو تو اپنڈکس اس سے نکلنے والی دو تین انچ کی بند گلی کی مانند ہو گی۔ یہ ہمارے پیٹ کے نچلے حصے میں دائیں طرف پائی جاتی ہے۔ یہ کیا کام کرتی ہے؟ سائنس آج تک ٹھیک سے نہیں جان پائی۔ مگر اس کی سوزش ایک بہت عام مسئلہ ہے جس کا علاج آپریشن سے کرنا پڑتا ہے۔ ہم یہ ضرور جانتے ہیں کہ اس کو جسم سے نکال دینے سے آنتوں یا ہاضمے کے نظام پر کوئی فرق نہیں پڑتا اور مریض بالکل ٹھیک ٹھاک رہتا ہے۔


اپنڈکس کی سوزش

چونکہ اپنڈکس ایک بند گلی کی مانند جس میں داخل ہونے اور نکلنے کا ایک ہی راستہ ہے، اس لئے آنتوں میں پایا جانے والا نیم ہضم شدہ کھانا اور فضلہ برض اوقات اس میں پھنس سکتا ہے۔ ایسی حالت میں اس پھنسے ہوئے فضلے میں جراثیموں کی تعداد بہت بڑھ جاتی ہے ۔ یہ جراثیم اپنڈکس کی دیوار میں داخل ہو کر سوزش اور انفیکشن کر سکتے ہیں۔


علامات
جیسے جیسے سوزش بڑھتی ہے ، اپنڈکس میں خون کی روانی کم ہوتی چلی جاتی ہے۔ انفیکشن ، سوزش اور خون نی گردش بند ہونے کے نتیجے میں انسان کو پیٹ میں درد کی شکایت ہوتی ہے۔ یہ درد پیٹ کے درمیان سے شروع ہوتا ہے۔ آہستہ آہستہ یہ پیٹ کے دائیں اور نچلے حصے کی جانب بڑھنے لگتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مریض کو الٹی متلی اور بخار کی شکایت بھی ہو سکتی ہے۔اگر سوزش بڑھ کر اپنڈکس کو گلانے لگے تو یہ پھٹ بھی سکتی ہے اور اس میں پھنسا فضلہ پیٹ میں پھیل کر پورے پیٹ کا انفیکشن کر سکتا ہے۔


وجوہات
اپنڈکس کا مسئلہ بچوں اور نوجوانوں میں زیادہ پایا جاتا ہے۔ سائنس کو اپنڈکس کی سوزش کی کوئی واضح وجوہات معلوم نہیں ہو پائیں۔ البتہ یہ سمجھا جاتا ہے کہ بازار کے آلودہ کھانے کھانے سے سوزش کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔


اپنڈکس کا آپریشن

اپنڈکس کا انفیکشن دواؤں اور اینٹی بائٹک سے بہت کم مریضوں میں ٹھیک ہوتا ہے۔ اکثر لوگوں کو آپریشن کی ضرورت پڑتی ہے۔ جیسے اوپر ذکر کیا گیا ہے کہ سوزش کے بڑھنے سے اپنڈکس کے پھٹنے اور پورے پیٹ کے جان لیوا انفیکشن کے امکانات بڑھتے چلے جاتے ہیں، اس لئے اپنڈکس کا بروقت آپریشن ضروری ہوتا ہے۔ یہ آپریشن پیٹ کے نچلے حصے میں دائیں طرف دو سے تین انچ کا چیرا لگا کر کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ مریض کو اینٹی بائٹک بھی دی جاتی ہے۔

ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *