چھاتی کا سر طان (کینسر)‏
امراض،کینسر اور خون کے امراض

چھاتی کا سر طان (کینسر)‏

05 November, 2020

چھاتی کا سر طان (کینسر) کیا ہوتا ہے؟

چھاتی کے خلیوں کےاندر بے ساختہ جینیاتی تبدیلی اوراُن کے بے ہنگم  تقسیم ہونے کو چھاتی کا  کینسر یا سرطان کہتے ہیں۔  چھاتی کا  کینسر سینے کا کینسر ہے جو کہ مردوں کی نسبت خواتین میں زیادہ عام ہے۔ یہ  کینسر پاکستانی خواتین میں سب سے زیادہ پایا جانے والا کینسر ہے۔ ہر سال سینکڑوں پاکستانی خواتین  اس خطرناک مرض کا شکار ہوجاتی ہیں۔ اس کینسر کی بروقت تشخیص اور علاج سے بے شمار خواتین کی زندگیاں بچ سکتی ہیں۔

 

چھاتی کے کینسر کی کتنی اقسام ہیں؟

  چھاتی کے کینسر کی عموماً دو اقسام ہوتی ہیں:

1.     غیر مہلکNon-Invasive) ) :  یہ بے ضرر قسم کے ہوتے ہیں جو چھاتی کی نالیوں میں رہتے ہیں اور ارد گرد  کے گوشت میں نہیں پھیلتے۔

2.     مہلک (Invasive) :  یہ سرطانی قسم ہے جس میں کینسر کے خلیے چھاتی کی نالیوں سے باہر  نکل کر ارد گرد  کے گوشت میں پھیل جاتے ہیں ۔ یہ سب سے عام قسم ہے۔

چھاتی کا کینسرخون کی نالیوں یا لمفی نظام کے ذریعے جسم کے دوسرے حصوں میں بھی پھیل سکتا ہے۔اس کو میٹاسٹیسس Metastasis  کہتے ہیں۔

 

چھاتی کے کینسرکے کتنے اسٹیج ہوتے ہیں؟

چھاتی کے کینسرکے  چار (4) اسٹیج ہوتے ہیں ۔ کینسرکے حجم اور پھیلاوٴ کے مطابق اس کے اسٹیج کی درجہ بندی کی جاتی ہے ۔ پہلے، دوسرے اور تیسرے اسٹیج میں کینسر کا حجم مختلف ہوتا ہے مگر ان تینوں میں  جسم کے دوسرے حصّوں میں پھیلنے کے کو ئی نشان نہیں ملتے۔ چو تھے اسٹیج میں کینسر کا کوئی بھی حجم  ہو سکتا ہے مگر کینسر جسم کے دوسرے حصّوں میں پھیل چکا ہوتا ہے۔

 

چھاتی کا کینسر کیسے ہوتا ہے؟

چھاتی کے کینسر کی کوئی خاص وجہ نہیں ہے مگر بہت سے عوامل ایسے ہیں جو چھاتی کے کینسر ہونے کے امکان کو بڑھاتے ہیں۔ کچھ عوامل قابلِ تبدیل ہوتے ہیں اور کچھ عوامل نا قابلِ تبدیل ۔

 

قابلِ تبدیل عوامل:

◄   سہل پسندی

◄   ماہواری رکنے کے بعد وزن کا زیادہ ہونا

◄   ہارمون تھراپی

◄   ۳۰ سال  کی عمر کے بعد حمل ٹھرنا

◄   زچگی کے بعد بچوں کو دودھ نہ پلانا

◄   کسی بھی حمل کا پیدائش تک نہ ٹھرنا اور اس سے پہلے گرِ جانا

 

ناقابلِ تبدیل عوامل:

◄   ۵۰ سال سے زیادہ عمر

◄   خونی رشتہ داروں میں سےکسی کو چھاتی کا کینسر ہونا

◄   ماہواری ۱۲ سال کی عمر سے پہلے شروع ہونا  یا  ۵۵ سال کی عمر کے بعد رکنا

◄   بھاری چھاتی ہونا

◄   زندگی میں پہلے چھاتی کا کینسرہونا یا کسی اور کینسر کی وجہ سے  شعاعوں سے علاج ہونا

 

چھاتی کے کینسر کی کیا علامات ہیں؟

◄   چھاتی یا بغل میں کوئی نئی گانٹھ یا گلٹی محسوس ہونا

◄   چھاتی کے کسی حصّے میں سوجن ہونا

◄   چھاتی کی جِلد میں جُھریوں کا نمودار ہونا یا جلن ہونا

◄   چھاتی یا نِپل کی جِلد کا سرخ ہونا یا جِلد اُترنا

◄   نِپل کا اندر ہوجانا یا اس میں درد ہونا

◄   نِپل میں سے دودھ کے علاوہ مواد  کا اخراج مثلاً خون

◄   چھاتی کی سائز یا شکل تبدیل ہونا

◄   چھاتی کے کسی حصّے میں درد ہونا

 

چھاتی کے کینسر کی تشخیص کیسے ہوتی ہے؟

چھاتی کے کینسر کی  علامات نظر آنے پر فوراً کسی ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ ڈاکٹر معائنے کے بعد ، ضرورت کے مطابق، کسی سپیشلست کو ریفر کرسکتا ہے۔

سپیشلست آپ کی علامات اور جانچ پرتال کے بعد مختلف ٹیسٹ تجویز کر سکتے ہیں جیسے میموگرام اور الٹراساؤنڈ۔ میموگرام چھاتی کے ایکسرے کو کہتے ہیں۔ میموگرام ابتدائی مراحل میں اَن دیکھی اور ناقابلِ محسوس گلٹیوں کی نشاندہی کرتا ہے ۔ چھاتی کے خلیوں  کی بایئوپسی بھی کی جاتی ہے ۔ بایئوپسی میں ڈاکٹر پتلی سوئی سے چھاتی کے گوشت  کے نمونے حاصل کر کے لیباٹری بھیجتے ہیں تاکہ پتا چل سکے کہ یہ کینسر مہلک ہے یا غیر مہلک ۔اس کے ساتھ ساتھ خون کے ٹیسٹ بھی ہوتے ہیں۔ان ٹیسٹ کے علاوہ بھی کئی  ٹیسٹ کیے جا سکتے ہیں۔

 

چھاتی کے کینسر کا علاج کیا ہے؟

چھاتی کے کینسر کا علاج کئی ُامور پر منحصر ہے جس میں مریض کی عمر، کینسر کی قسم اور اس کا سٹیج شامل ہیں۔ چھاتی کے کینسر کے علاج کے لیئے سرجری یعنی آپریشن، ریڈیو تھیراپی یعنی شعاعوں سے علاج، ہارمون تھیراپی یعنی حیاتی کیمیائی ادویات اور کیموتھیراپی یعنی کیمیائی ادویات کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ عام طور پر ایک سے زیادہ طریقے استعمال کیے جاتے ہیں۔

 

چھاتی کے کینسر کے علاج نہ ہونے کی صورت میں کیا پیچیدگیاں ہو سکتی ہیں؟

چھاتی کا کینسر ایک جان لیوا مرض ہے۔  علاج نہ ہونے کی صورت میں کینسر پورے جسم میں پھیل سکتا ہے ۔ میٹاسٹییٹک کینسر میں بے شمار  پیچیدگیاں ہو سکتی ہیں مثلاَّ پورے جسم میں درد، ہڈیوں کا گُھلنا،  ہڈیوں میں درد، پھیپڑوں کے مسائل، جگر کے مسائل، دماغی مسائل وغیرہ۔

 

چھاتی کے کینسر کی سکریننگ کب اور کیوں ضروری ہے؟

چھاتی کا کینسر کسی بھی عورت کو کسی بھی وقت لاحق ہوسکتا ہے۔ چنانچہ ہر عورت کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنا از خود معائنہ باقاعدگی سے کرے اور ۵۰ سال کی عمر کے بعد میموگرافی بھی کرائے۔ اس کینسر کی بر وقت تشخیص اور علاج سے بہت سی زندگیاں محفوظ ہو سکتی ہیں۔  امریکی انسدادی تنظیموں یعنی United States Preventative Services Task Force (USPSTF)، ۵۰ سے ۷۴ سال کی خواتین اور وہ خواتین جن کو چھاتی کے کینسر ہونا کا امکان زیادہ ہے جیسے جن کے خاندان کی عورتوں کو چھاتی کا کینسر ہو چکا ہو، ان کے لیے ہر دو سال میموگرام کروانے کی تجویز کرتا ہے۔  میموگرام  چھاتی کے کینسر کی تشخیص کے لیے سب سے بہترین ٹیسٹ ہے۔ اس کے علاوہ خواتین  اپنا از خود معائنہ بھی کر سکتی ہیں۔  چھاتیوں کا معائنہ ہر عمر کی عورت کے لیے باقاعدگی سے کرنا ضروری ہے۔ معائنے کے دوران کسی بھی تبدیلی دیکھنے یا محسوس ہونے کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ یاد رکھیے کہ ہر  تبدیلی مضرِ صحت نہیں ہوتی مگر اس کا تعین ڈاکٹر ہی کر سکتا ہے۔ 

ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *