ذیابیطس (شوگر)‏
امراض،غدودوں کے امراض

ذیابیطس (شوگر)‏

01 August, 2020

ذیابیطس/شوگر کیا ہے؟

ہمارا جسم اپنی توانائی حاصل کرنے کے لئے جس مادے کو استعمال کرتا ہے، اس کو گلوکوز کہتے ہیں۔ ہاضمے کا نظام کھانے کو گلوکوز اور اس سے ملتے جلتے دیگر چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں توڑ نے کے بعد اس کو خون میں شامل کر دیتا ہے۔قدرت کی جانب سے خون میں گلوکوز کی یہ مقدار ایک خاص سطح پر  پرقرار رکھی جاتی ہے۔

شوگر یا ذیابیطس کے مریضوں میں خون میں گلوکوز کی مقدار کو نارمل سطح پر برقرار رکھنے کی صلاحیت کم یا ختم ہو جاتی ہے۔ یہ بڑھی ہوئی مقدار مختلف انداز میں جسم پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے جس رفتہ رفتہ متعد اعضاء کی کارکردگی  کم ہوتی چلی جاتی ہے ۔ لمبے عرصے تک شوگر کو اگر کنٹرول نہ کیا جائے تو یہ اعضاء مکمل طور پر ناکارہ ہو سکتے ہیں۔

 

کیا شوگر کی کوئی علامات ہوتی ہیں؟

شوگر کی فوری علامات صرف تب محسوس ہوتی ہیں جب خون میں شوگر کی مقدار نارمل سطح سے کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ ایسا اکثر مریضوں میں بہت کم ہوتا ہے۔ اس لئے بہت سے لوگوں کو شوگر کے مرض کا بہت دیر سے پتہ چلتا ہے۔ اس دوران مرض اندر ہی اندر ان کے جسم کو نقصان پہنچاتا رہتا ہے۔ جسم کو نقصان پہنچانے کا یہ عمل نارمل سے ڈیڑھ سے دو گنا شوگر کی مقدار پر بھی چلتا رہتا ہے۔

 

شوگر کا مرض کیوں ہوتا ہے؟

شوگر کا مرض لاحق ہونے کے پیچھے بہت سارے عوامل کار فرما ہوتے ہیں ۔ انس میں موروثی اور جینیاتی عوامل کے ساتھ ساتھ انسان کے طرز زندگی کا بہت زیادہ دخل ہوتا ہے۔ ہمارے جسم کو قدرت نے اس انداز میں بنایا ہے کہ  ہماری خوراک اور جسمانی کاموں میں جتنا  توازن برقرار رکھا جائے ، اتنا ہی ہمارا جسم تندرست رہتا ہے۔ بعض لوگوں میں جسم کی ضرورت سے زیادہ کھانے یا جسمانی کام بالکل نہ کرنے سے یہ توازن بگڑنے لگتا ہے۔ ضرورت سے زیادہ خوراک اور خاص طور پر نشاستوں سے بھری چیزیں کھانے سے جسم میں شوگر کی مقدار بڑھتی رہتی ہے۔ خون میں شوگر کی مقدار کو کم رکھنے کے لئے ہمارا جگر فاضل گلوکوز کو چربی میں تبدیل کرتا ہے اور یہ چربی جسم میں ذخیرہ ہونے لگتی ہے جس سے موٹاپا ہوتا ہے۔ خون میں شوگر یا گلوکوز کی مقدار کو کنٹرول کرنے اور  چربی بنانے کے اس عمل کو ایک دوسرا مادہ جس کانام “انسولین”ہے، بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انسولین ہمارے لبلبے میں بنتی ہے، اور کھانا کھانے کے بعد بڑی مقدار میں خون میں خارج ہوتی ہے۔ جب انسان جسم کی ضرورت سے زیادہ کھانا کھاتا ہے اور کھانے سے حاصل ہونے والی اس توانائی کو استعمال نہیں کرتا تو جسم کو انسولین کی زیا دہ مقدار کی ضرورت ہوتی ہے تا کہ  بڑی مقدار میں موجود توانائی کو ٹھکانے لگایا جا سکے۔ جب لمبے عرصے جسم پر اسی طرح دباؤ پڑتا ہے، تو رفتہ رفتہ انسانی جسم انسولین کے کنٹرول سے باہر ہونے لگتا ہے۔ اس دوران لبلبے پر بھی مسلسل دباؤ پڑ رہا ہوتا ہے اور اس کی انسولین بنانے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ بالآخر وہ مقام آجاتا ہے جب جسم میں انسولین کی کارکردگی اور مقدار دونوں ضرورت سے بہت کم رہ جاتی ہیں۔ ایسے حالات میں خون میں گلوکوز کی مقدار کو برقرار رکھنا جسم کے لئے ممکن نہیں رہتا اور  جسم کی اس کیفیت کو شوگر کی بیماری کا نام دیا جاتا ہے۔

 

شوگر کا علاج کیوں ضروری ہے؟

خون میں شوگر کی بڑھی ہوئی مقدار سب سے زیادہ خون کی چھوٹی رگوں کو نقصان پہنچاتی ہے، جس سے  گردہ، اعصاب اور آنکھوں کی کارکردگی آہستہ آہستہ کم ہونے لگتی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ بڑی شریانوں کو نقصان پہننے کی وجہ سے ان میں خون کے لوتھڑے بننے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں جس سے دل کے دورے اور فالج کے اٹیک کا خدشہ رہتاہے۔ مریض کو ان تمام سنگین پیچیدگیوں سے بچانے کے لئے میڈیکل سائنس شوگر کے مسلسل پابندی سے علاج کا مشورہ دیتی ہے۔ 

ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *