پیشاب (مثانے ) کا انفیکشن
امراض،متعدی امراض

پیشاب (مثانے ) کا انفیکشن

پیشاب کی نالی کا انفیکشن، جس کو طبی زبان میں  یوٹی آئی  کہا جاتا ہے، معاشرے میں عام پائی جانے والی انفیکشنز میں سے ایک ہے۔ یہ انفیکشن  مردوں کے مقابلے میں عورتوں میں زیادہ پائی جاتی ہے۔  ایک اندازے کے مطابق  50 فیصد سے زیادہ خواتین اپنی زندگی میں کم از کم ایک بار پیشاب کی نالی کی  انفیکشن سے متاثر ہوتی ہیں، جبکہ 20 سے 30 فیصد خواتین میں یہ مسئلہ ایک سے زائد بار جنم لیتا ہے۔


پیشاب کی نالی کا انفیکشن کن لوگوں میں زیادہ ہوتا ہے؟

اگر چہ پیشاب کی نالی کی انفیکشن کسی بھی عمر اور جنس کے شخص کو متاثر کر سکتی ہے، تاہم کچھ طبقات میں  اس کا خطرہ  عام آبادی سے زیادہ ہوتا ہے۔مندرجہ ذیل عناصر پیشاب کی نالی کی انفیکشن  کے خطرے کو بڑھا دیتے ہیں:

  • حمل

  • ذاتی صفائی کا  خیال نہ رکھنا

  • گردے کی پتھری

  • متعدد افراد سے مباشرتی تعلقات

  • مثانے کو پورا خالی نہ کر سکنا

  • پیشاب کے بہاؤ میں رکاوٹ

  • اینٹی بائیوٹکس کا بے دریغ استعمال

  • ذیابیطس


پیشاب کی نالی کی انفیکشن کی علامات

اس انفیکشن کی عام علامات مندرجہ ذیل ہیں:

  • دوران پیشاب درد اور جلن

  • پیشاب میں  پیپ آنا

  • پیشاب میں خون آنا

  • بار بار پیشاب کی حاجت محسوس کرنا

  • بخار

  • پٹھوں اور پیٹ میں درد


پیچیدگیاں

اگرچہ زیادہ تر پیشاب کی نالی کی انفیکشن خطرناک نہیں ہوتی، لیکن بعض اوقات انتہائی خطرناک مسائل جنم لے سکتے ہیں۔

  • اکثر یہ انفیکشن پیشاب کی نالی سے ہوتے ہوئے مثانے کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔ اس مسئلہ کو طبی زبان میں سسٹائٹس کہتے ہیں۔

  • بار بار  یہ انفیکشن ہونے سے جراثیم گردوں تک پہنچ سکتے ہیں اور گردوں کو مستقل  طور پر متاثر کر سکتے ہیں۔

  • بعض اوقات  جراثیم مریض کے خون میں داخل ہو سکتے ہیں اور ایک انتہائی جان لیوا مرض کا باعث بن سکتے ہیں جس کو طبی زبان میں سیپسس کہا جاتا ہے۔

  • اگر حاملہ خواتین میں پیشاب کی نالی کی انفیکشن ھو جائے تو نومولود بچوں میں متعدد مسائل کا سبب بھی بن سکتی ہے۔



تشخیص

اگر آپ میں پیشاب کی نالی کی انفیکشن کی علامات ظاہر ہو رہی ہیں تو فورا اپنے ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ ڈاکٹر آپ کی علامات کا جائزہ لے گا اور آپ  کا مکمل معائنہ کرے گا۔ اس کے علاوہ  ٹیسٹ کے لیے آپ کے پیشاب کا نمونہ بھی لیا جائے گا۔


پیشاب کی نالی کی انفیکشن کا علاج

اس انفیکشن کی وجہ عمومی طور پر بیکٹیریا ہوتے ہیں، اس لیے اس کا بنیادی علاج  اینٹی بائیوٹکس کے استعمال پر مبنی ہے۔ علاج کا دورانیہ   اور اینٹی بائیوٹک کا انتخاب علامات کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔


واضح رہے کہ اس انفیکشن کے لئے علاج کا پورا کورس مکمل کرنا ضروری ہے تاکہ انفیکشن کو مکمل طور پر ختم کیا جاسکے اور جراثیم میں اینٹی بایوٹک کے خلاف مدافعت پیدا نہ ہونے دی جائے۔

بدقسمتی سے  پاکستان میں اینٹی بائیوٹک  ادویات ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر بھی سرعام دستیاب ہیں۔ جب لوگ یہ ادویات ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر اپنی مرضی سے استعمال کرتے ہیں تو ان جراثیم میں اینٹی بائیوٹک ادویات کے خلاف مدافعت پیدا ہوجاتی ہے اور یہ انفیکشن ختم ہونے کی بجائے مزید بگڑ جاتی ہے۔اس کے علاوہ دردکش ادویات بھی مریض کی علامات کے خلاف مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔

اگر مریض بہت زیادہ بیمار اور نقاہت کا شکار ہے، تو ہسپتال میں داخلہ ضروری ہو جاتا ہے تاکہ اس کا صحیح علاج ہو سکے۔


بچاؤ

اپنے طرز زندگی میں کچھ تبدیلیاں کر کے پیشاب کی نالی کے انفیکشن سے بچا جاسکتا ہے  :

  • کثرت سے پانی پینے کی عادت ڈالیں

  • اعضائے تناسل کو صاف رکھیں

  • اپنی ذاتی صفائی کا خاص خیال رکھیں

  • پیشاب کو زیادہ دیر روک کر نہ رکھیں

اگر آپ کو رفع حاجت یا پیشاب کے بہاؤ میں کسی دشواری کا سامنا ہے  تو ڈاکٹر سے رجوع کریں


ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *