موٹاپے کے نقصانات
خوراک،موٹاپا

موٹاپے کے نقصانات

02 July, 2020

موٹاپا ہمارے معاشرے میں کثرت سے پائے جانے والے جسمانی مسائل میں سے  ایک ہے۔ تمام عمر کے افراد موٹاپے کو انسانی شخصیت کی  جاذبیت کے لئے منفی گردانتے ہیں ۔اس سے انسان کی خود اعتمادی میں خاطر خواہ کمی آتی ہے۔ کچھ لوگوں کے رشتوں اور شادیوں کی راہ میں موٹاپا ایک دیوار کی طرح حائل ہو جاتا ہے۔یوں تو لوگ ظاہری طور پر پر کشش دکھائی دینے کے لئے موٹاپے سے دور بھاگتے ہیں ، مگر بہت کم لوگ ایسے ہیں جو موٹاپے کے صحت  پر پڑنے والے منفی اثرات کے بارے میں جانتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ موٹاپا تمام بیماریوں کی جڑ ہے۔ اس کہاوت کو جدید سائنسی تحقیقات نے حرف بہ حرف سچ ثابت کیا ہے۔ موٹاپا انسان کی صحت کو تباہ کرتے ہوئے زندگی کو مشکل بنا دیتا ہے۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ موٹاپے سے کون کون سی بیماریاں جنم لے سکتی ہیں۔

 

شوگر

موٹاپا شوگر کی بیماری کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ ضرورت سے زیادہ خوراک کے استعمال اور ورزش کی کمی  سے جسم کی انسولین کی ضرورت بڑھتی ہے۔ جب لبلبہ یہ بڑھی ہوئی ضرورت پوری نہیں کر پاتا تو نتیجہ شوگر کی بیماری کی صورت میں نکلتا ہے۔ آج کل تو موٹاپے کی وجہ سے جوان سال لوگوں میں بھی شوگر کی بیماری عام ہوتی جا رہی ہے۔ وزن کو نارمل حد سے نیچے رکھنا اور ورزش کا معمول بنانا شوگر سے بچاؤ کا ایک نہایت موثر طریقہ ہے۔

 

بلڈ پریشر

موٹاپے کی وجہ سے خون کی رگوں میں کولیسٹرول  کی تہہ جم جاتی ہے۔ اس سے خون کی رگیں تنگ ہوتی ہیں  اور ان میں خون کا پریشر بڑھ جاتا ہے۔ اس مسئلے کو عرف عام میں بلڈ پریشر کی بیماری کہا جاتا ہے۔ بلڈ پریشر کی بیماری ایک خطرناک بیماری ہے جو ہارٹ اٹیک ، فالج ، گردوں کی خرابی سمیت کئی دیگر جان لیوا چیزوں کی جڑ بن سکتی ہے۔

 

کولیسڑول کی بیماری

چونکہ جسم اضافی خوراک کو چربی کی صورت میں ذخیرہ کرتا ہے، اس لئے خون میں بھی چربی کے مختلف اجزا بڑھ جاتے ہیں۔ انہی اجزا میں سے ایک کولیسٹرول ہے جو خون کی رگوں کے لئے بہت نقصان دہ ہے۔ کولیسٹرول کی زیادتی بھی   بلڈ پریشر، ہارٹ اٹیک اور فالج جیسی چیزوں کا خطرہ بڑھا دیتی ہے۔

 

دل کی بیماری

جیسا کہ اوپر ذکر کیا گیا کہ موٹاپے سے خون کی رگیں تنگ ہو جاتی ہیں، اور ان میں خون کی روانی متاثر ہوتی ہے، بالکل اسی طرح دل کو خون پہنچانے والی رگیں تنگ ہونے سے انسان کو انجائنا اور ہارٹ اٹیک کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔

 

جوڑوں کا درد

موٹے لوگوں میں جوڑوں پر دباؤپڑنے سے جوڑوں کی سطح گھسنے لگتی ہے۔ اس کے نتیجے میں انسان کم عمر میں ہی جوڑوں کی بیماری یا آرتھرائٹس کا شکار ہو جاتا ہے۔ اس بیماری میں انسان کا چلنا پھرنا  محال ہو سکتا ہے۔

 

مہروں کا درد

موٹے لوگوں میں پیٹ کے آگے نکلنے سے کمر کا خم بڑھ جاتا ہے۔ اس سے مہروں پر دباؤآتا ہے اور حرام مغز سے نکلنے والے اعصاب ہڈیوں کے درمیان پچک سکتے ہیں۔ اس مسئلے کی علامات میں ٹانگوں کا سن ہونا ، ہلنے جلنے میں تکلیف اور پٹھوں کی کمزوری شامل ہیں ۔

 

کینسر

جدید ریسرچ کے مطابق موٹاپا آنتوں ، خوراک کی نالی، گردے اور لبلبے کے کینسر کے امکانات بڑھاتا ہے۔ اس کے علاوہ خواتین میں موٹاپے کے باعث بریسٹ کینسر، بچہ دانی اور انڈہ دانی کے کینسر کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز کو نشان لگا دیا گیا ہے *

talha rafiq

وٹے لوگوں میں جوڑوں پر دباؤپڑنے سے جوڑوں کی سطح گھسنے لگتی ہے۔ اس کے نتیجے میں انسان کم عمر میں ہی جوڑوں کی بیماری یا آرتھرائٹس کا شکار ہو جاتا ہے۔ اس بیماری میں انسان کا چلنا پھرنا محال ہو سکتا ہے